Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۴؍ امیدواروں کیخلاف سخت کارروائی، ۳؍ سال کیلئے نااہل قرار

Updated: July 06, 2026, 2:34 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

انتخابی قوانین کی خلاف ورزی اور انتخابی اخراجات کی لازمی تفصیلات جمع نہ کرانے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے کونکن ڈویژنل کمشنر روبل اگروال نے بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حصہ لینے والے ۲۴؍ امیدواروں کو آئندہ ۳؍ سال تک کسی بھی انتخاب میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا ہے۔

Bhiwandi Nizampur Municipal Corporation building. Photo: INN
بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

انتخابی قوانین کی خلاف ورزی اور انتخابی اخراجات کی لازمی تفصیلات جمع نہ کرانے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے کونکن ڈویژنل کمشنر روبل اگروال نے بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حصہ لینے والے ۲۴؍ امیدواروں کو آئندہ ۳؍ سال تک کسی بھی انتخاب میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا ہے۔ اس کارروائی کو انتخابی شفافیت اور مالیاتی جوابدہی کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم اور سخت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق، متعلقہ امیدواروں کے خلاف کارروائی کی تجویز بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کونکن ڈویژنل کمشنر کے دفتر کو ارسال کی گئی تھی۔ انتخابی قوانین کے تحت ہر امیدوار پر لازم ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران ہونے والے اخراجات کی مکمل تفصیلات مقررہ مدت کے اندر انتخابی حکام کے سامنے پیش کرے تاہم مذکورہ ۲۴؍امیدواروں نے بارہا نوٹس جاری کئے جانے اور متعدد مواقع فراہم کئے جانے کے باوجود اس قانونی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’درختوں کے اطراف پیور بلاک اور سیمنٹ کنکریٹ ہی حادثات اور اموات کا سبب ہیں‘‘

حکام کے مطابق قانونی تقاضوں اور انصاف کے اصولوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے امیدواروں کو اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔ اس سلسلے میں ۲۵؍مئی ۲۰۲۶ءاور ۲۹؍جون ۲۰۲۶ء کو کونکن ڈویژنل کمشنر کے دفتر میں سماعت مقرر کی گئی تھی لیکن کوئی بھی امیدوار سماعت میں حاضر نہیں ہوا اور نہ ہی انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے کی کوئی معقول وجہ پیش کی گئی۔ مسلسل عدم تعاون، انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی اور سماعت سے غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کونکن ڈویژنل کمشنر روبل اگروال نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ۲۴؍ امیدواروں کو آئندہ ۳؍ برس تک انتخابات لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔ 
انتخابی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انتخابی عمل میں شفافیت، جوابدہی اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کےلئے نہایت اہم ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ کارروائی مکمل طور پر قانونی ضوابط اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے اور اس فیصلے سے مستقبل کے امیدواروں کو یہ واضح پیغام ملے گا کہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی اور مالیاتی تفصیلات چھپانے یا جمع نہ کرانے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو بھیونڈی کی مقامی سیاست کے لئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس کارروائی کے دور رس سیاسی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ نااہل قرار دئیے گئے امیدوار آئندہ ۳؍ برس تک کسی بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے الا یہ کہ انہیں قانون کے مطابق کسی مجاز اتھارٹی سے کوئی راحت حاصل ہو جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK