Inquilab Logo

برطانیہ میں ٹیچر،ڈاکٹر اور ریلوے ملازمین کی ہڑتال

Updated: March 17, 2023, 12:11 PM IST | London

اسپتالوں میں کام کا ج بری طرح متاثر، ریلوے خدمات ٹھپ، علاج معالجہ اور نقل وحمل میں دشواری

Striking railway workers in Britain.
بر طانیہ میں ہڑتال کرنے والے ریلوے ملازمین ۔

برطانیہ کے مختلف اہم  محکموں کے سرکاری ملازمین نے جمعرات کو بھی  ہڑتال کی ۔ اس دوران تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر مطالبات کئے گئے۔
 یاد رہے کہ ان دنوں برطانیہ میں سنگین معاشی بحران جاری ہے جس سے صحت، تعلیم اور نقل و حمل کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق جمعرات کو ہڑتال کرنے والوں میں اساتذہ، سرکاری ملازمین، جونیئر ڈاکٹر اور لندن ریلوے ملازمین بھی شامل رہے۔  ہڑتال کے سبب  برطانیہ کے تمام اسپتالوں میں کام  کا ج متاثر ہوا جبکہ  ریلوے  خدمات ٹھپ  پڑگئیں ۔ اس دوران میٹروکی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔  لندن کے میٹرو کے کارکنوں اور ڈرائیوروں نے بدھ کی رات سے ۲۴ ؍گھنٹے تک ہڑتال کا اعلان کردیا تھا جس کے نتیجے میں جمعرات کو میٹرو سروس بند رہی اور نقل و حمل کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
 دوسری جانب  جمعرات کو بھی ۶۱؍ہزار  جونیئر برطانوی ڈاکٹروں نے تنخواہوں میں کمی کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں ۔یادر ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال پیر سے جاری ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں مریضوں کے علاج معالجہ کا سلسلہ معطل ہوکر رہ گیا ہے۔  اسی دوران کچھ اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ جیسے حساس حصوں میں سرگرم ڈاکٹروں نے بھی اپنی  خدمات  فراہم کرنے سے انکار کردیا ۔
  اسی دوران گزشتہ روز اسکول ٹیچروں نے بھی ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس سے  برطانیہ بھر میں ہزاروں اسکولوں کی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہوگئیں۔  ٹیچروں اور تعلیمی شعبے کے کارکنوں نے بھی حکومت سے تنخواہوں میں اضافے اور کام کاج کا ماحول بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ۔
 یادرہے کہ برطانیہ کے معاشی بحران نے سنگینی کے لحاظ سے نصف صدی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، برطانیہ میں مہنگائی کی شرح ۱۰ ؍فیصد سے زائد ہو چکی ہے جو کہ گزشتہ ۴۰ ؍سال کا بدترین ریکارڈ ہے۔

london Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK