Inquilab Logo

گاڑی سے کسانوں کوکچلنے والے خاطیوں کوفوراً گرفتار کرنے کا پُرزور مطالبہ

Updated: October 06, 2021, 8:55 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

دادر میں کسان، مزدور، طلبہ اورسیاسی جماعتوں کا مشترکہ احتجاج ۔مظاہرین نے کسانوں کو کچلنے والی آر ایس ایس بی جے پی سرکار مردہ باد، مودی سرکار اڈانی امبانی کے اشارے پرلوگوں کولوٹنا بند کرو، آر ایس ایس بی جے پی کی خونیں سرکار نہیں چلے گی اور مودی یوگی کرسی چھوڑوکے فلک شگاف نعرے بلند کئے ،کسانوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے خاطی باپ بیٹے کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیاگیا

In Lakhimpur Kheri, various organizations and political parties in Dadar demanded severe punishment for the culprits who crushed the farmers with a vehicle.Picture:Inquilab
لکھیم پور کھیری میں گاڑی سے کسانوں کو کچلنے والے خاطیوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ دادر میں مختلف تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں نے کیا۔


دادر :لکھیم پور کھیری میں گاڑی سے کسانوں کو کچلنے والے خاطیوں کوفوراً گرفتار کرنے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے دادر میں کسان، مزدور، طلبہ اور سیاسی جماعتوں کی جانب سےمنگل کی سہ پہر دادر اسٹیشن (مشرق)کے باہر مشترکہ احتجاج کیا گیا ۔ مظاہرین نے کسانوں کو کچلنے والی آر ایس ایس بی جے پی سرکار مردہ باد، آرایس ایس بی جے پی کی خونیں سرکار نہیں چلے گی ،اڈانی امبانی مودی سرکار کے اشارے پرلوگوں کولوٹنا بند کرو اور مودی یوگی کرسی چھوڑوکے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ اس کےساتھ ہی مظاہرین تختیاں اٹھائےہوئے تھے ان پر الگ الگ نعروں کےساتھ ایک تختی پر ’جنتا کے پیسو ں سے بنی کھربوں کروڑکی املاک پونجی پتیوں کو ماٹی کے مول بیچنے والی دلال مودی سرکار چلے جاؤ‘لکھ کر نجکاری کے خلاف آوازبلند کی گئی تھی ۔دریں اثناء سٹی اورریلوے پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکنےکی کوشش کی گئی لیکن وہ کسانوں کی حمایت میںآوازبلند کرتے رہے ، البتہ پولیس کے روکنے کے سبب مظاہرین نے اپنا احتجاج ایک گھنٹے میں ختم کردیا ۔ 
باپ بیٹے کوگرفتار کرو
 مظاہرین نےاترپردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں کسانوں پر گاڑی چڑھا کر انہیں قتل کر دینے والے ملزمین وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹےآشیش مشرا ،جن کے خلاف متعدد دفعات کے تحت کیسز درج کئےگئے ہیں،کو گرفتار کرکے جیل میںڈالنےاورتینو ں سیاہ زرعی قوانین واپس لینے اورکسانوں کے تمام مطالبات منظور کرنے کا مظاہرین نے پرزور مطالبہ کیا ۔
کیا کسان کی قیمت ۴۵؍لاکھ روپے ہے 
 مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دادر گرودوارہ پربندھک کمیٹی کے چیئرمین رگھویر سنگھ نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ کسانوں کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے جیل میں ڈالا جائے اورتینوں سیاہ قوانین ختم کئے جائیں، ایم ایس پی کی ضمانت دی جائے ۔ہم سب کسانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’حکومت کو شرم آنی چاہئے ، کیا ایک کسان کی قیمت ۴۵؍لاکھ روپے ہے۔‘‘ سی پی آئی ممبئی کے سیکریٹری پرکاش ریڈی نے کہا کہ ’’لکھیم پورکھیری میںجو کچھ ہوا اس سے برٹش کے ٹرک چڑھانے اورجلیان والا باغ کی یاد تازہ ہوگئی۔‘‘ 
 انہوںنے سوال کیا کہ ’’ کیا کسی حکومت کے وزیرکا بیٹا اس قدردرندگی اورحیوانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسانوں کوکچل کر مار سکتا ہے ؟ یہ تو اصل میںبی جےپی ہی کرسکتی ہے جوکسانوں سے نفرت کرتی ہے ۔‘‘ انہوںنے حکومت کومتنبہ کیا کہ ’’ عوام کی طاقت کو کم نہ سمجھا جائے ۔اس لئے بہتری یہی ہے کہ سیاہ قوانین واپس لئے جائیں ۔ ‘‘ پرکاش ریڈی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ’’ہم سب کسانوں کے ساتھ آخری دم تک لڑتے اور آواز ملاتے رہیں گے ۔‘‘ سی پی آئی مہاراشٹرکونسل کے رکن نصیرالحق نے کہا کہ’’ لکھیم پور میںکسانوںکے ساتھ جو کچھ ہوا اس کاتصور بھی محال ہے،ہم سب مذمت کرتے ہیں اوریہ یقین دلاتے ہیں کہ کسانوں کے حق میں اورکالے  زرعی قوانین کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنےکا سلسلہ جاری رہے گا۔‘‘ 
 این سی پی لیڈرودیا تائی چوہان نے کہاکہ ’’مودی حکومت کے وزیر کے بیٹے نے جس طرح کسانوں کورونداہے ،اس کی قیمت اسے ضرور چکانی ہوگی ۔ہمیںیقین ہے کہ کسانوں کا بلیدان بے کار نہیںجائے گا۔‘‘ انہوںنے بھی اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔شیتکری کامگار پکش کے لیڈرراجندر کورڈے نے کہاکہ ’’ اب تک کسانوں پر جو ظلم کیاجارہا تھا لکھیم پور کھیری کی سنگین واردات اس کی انتہا ہے اوراسے کسی قیمت پربرداشت نہیںکیا جاسکتا ۔ باپ بیٹوں کے خلاف فوراً کارروائی کی جائے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے ۔‘‘
 آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیدار عامر قاضی نے اس موقع پر کہاکہ ’’ کسانوںکے ساتھ جو درندگی کی گئی ہے ،حکومت کویاد رکھنا چاہئے کہ اس کے تابو ت میںیہی کسان آخری کیل ٹھونکیں گے اورحکومت کو یہ بھی سمجھنا چاہئے کہ ظلم اورغرور کاسر بہرحال نیچا ہوتا ہے ۔‘‘ ہم بھارت کے لوگ ‘کے عہدیدار فیروزمیٹھی بور والا نے کہا کہ ’’ بی جے پی کے وزیراوراس کے بیٹے کو فوراً گرفتار کیا جائے کیونکہ بیٹے کی گاڑی سے کچلا گیا جبکہ باپ نے کسانوں کو۲؍منٹ میں دیکھ لینے کی دھمکی دی تھی۔‘‘
 اس مشترکہ احتجاج میںسی پی آئی ، سی پی ایم، شیتکری پکش، عام آدمی پارٹی ، سماج وادی پارٹی ، جے ڈی ایس ، ایس یو سی آئی ، سی پی آئی ایم ایل ،اے آئی ٹی یو سی ، سی آئی ٹی یواورکچراواہتوک کامگار سنگھٹن شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK