محکمہ ریاستی اسکول اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے ریاست کے مقامی سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم پہلی سے آٹھویں کے طلبہ کو مفت اسکول بیگ فراہم کرنے کا ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: February 15, 2026, 10:43 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
محکمہ ریاستی اسکول اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے ریاست کے مقامی سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم پہلی سے آٹھویں کے طلبہ کو مفت اسکول بیگ فراہم کرنے کا ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ریاستی اسکول اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے ریاست کے مقامی سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم پہلی سے آٹھویں کے طلبہ کو مفت اسکول بیگ فراہم کرنے کا ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم پر عمل درآمدکرنےکیلئے ۱۶۵؍ کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ریاست بھر میں ۴۱؍لاکھ سے زیادہ طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔
اس فیصلہ کےساتھ اب ریاستی حکومت کے اسکولوں کے طلبہ کو کو تعلیمی سامان اور مڈڈے میل کے علاوہ اسکول بیگ بھی مفت میں ملے گا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس نے جمعہ کو اس تعلق سے ایک سرکیولر جاری کیا ہے۔ سرکیولر کےمطابق یہ فیصلہ بچوں کیلئے مفت اور لازمی تعلیم کے حق کے قانون، ۲۰۰۹ءاور قومی تعلیمی پالیسی، ۲۰۲۰ءکے تناظر میں طلبہ کیلئے ایک سازگار اور خوشگوار تعلیمی ماحول پیدا کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ ڈائریکٹر آف ایجوکیشن نے ریاست کے مقامی سرکاری اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت میں پڑھنے والے ۴۱؍لاکھ ۴۳؍ ہزار ۵۴؍طلبہ کو مفت اسکول بیگ فراہم کرنے کی تجویز حکومت کو بھیجی تھی۔ حکومت نے تجویز کو منظور کرکےاس کیلئے ۱۶۵؍کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی میں ملک کے پہلے’’میوزیکل روڈ‘‘ کا ڈرائیور لطف رہے ہیں
خیال رہےکہ ان اسکولوں کے طلبہ جہاں میونسپل کارپوریشن اپنے طلبہ کو اسکول کے بیگ یا بیگ کی رقم فراہم کرتا ہے، انہیں ریاستی سطح کی اس اسکیم سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔
اس اسکیم کو طلبہ کو تعلیمی اشیاء فراہم کرنےکی موجودہ اسکیم کے تحت نافذ کیا جائے گا۔
سرکیولر کے تحت چونکہ اسکول بیگ تعلیمی سامان کا حصہ ہے، اس لئے اس کاخرچ متعلقہ فنڈسے پورا کیا جائے گا۔ ان بیگوں کی خریداری کیلئے ای ٹینڈرنگ کے عمل کو نافذ کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں اور خریداری کے عمل میں محکمہ صنعت کے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ تقسیم شدہ فنڈز کا یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ حکومت کو جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔
حکومت کی جانب سےمذکورہ اسکولوں کے بچوں کو مفت نصابی کتب، مڈڈے میل اور دیگر تعلیمی اشیاءپہلے سے فراہم کی جارہی ہیں ۔ اب مفت اسکول بیگز کے اضافے سے مقامی سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو براہ راست راحت ملے گی۔
اس تعلق سے اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے اس نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم حکومت کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتےہیں۔ اس سے بالخصو ص دیہی اضلاع کے مالی طورپر پسماندہ والدین اور ان کےبچوں کو آسانی ہوگی۔ ‘‘