Inquilab Logo

اوّل تاآٹھویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان ’پاس‘ کیا جائیگا

Updated: April 04, 2021, 1:51 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاست میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر وزیرتعلیم ورشا گائیکواڑ کا اعلان،۹؍ویں اور ۱۱؍جماعت کے تعلق سے جلد فیصلہ

Education Minister Varsha Gaikwad .Picture:INN
وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ۔تصویر :آئی این این

شہرومضافات اور ریاست کےدیگر اضلاع میں کوروناوائرس کی دوسری لہرسےاس کے مریضوںمیں ہونےوالے اضافہ کےسبب ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڑ نے سنیچر کو ٹویٹرپرایک ویڈیو کےتوسط سے اوّل تاہشتم جماعت کےطلبہ کو بغیر امتحان لئے پروموٹ(پاس) کرنے کااعلان کیا ہے۔ساتھ ہی ۹؍ویں اور ۱۱؍ویں جماعت کے امتحان سےمتعلق بھی جلد ہی فیصلہ کئے جانے کا اعلان کیاہے۔ واضح رہےکہ مذکورہ جماعتوںکے امتحان سےمتعلق کسی طرح کی ہدایت نہ جاری کئےجانے سےطلبہ کے والدین اور سرپرستوں میںبےچینی تھی۔ متعدد تعلیمی تنظیموںنےمحکمۂ  تعلیم سےوضاحت کرنےکا مطالبہ کیا تھا ۔ واضح رہے کہ کوروناوائر س کی وباءپر قابو پانےکیلئے مارچ ۲۰۲۰ء سے تمام اسکول بند ہیں۔اسکولوں کے بندہونے کے باوجود طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو اس لئے انہیں آن لائن پڑھایا جارہاہے۔آن لا ئن پڑھائی  میں آنے والی تکنیکی دشواریوںسے متعدد طلبہ پڑھائی سے محروم رہے ہیں۔ علاوہ ازیں آف لائن اسکول کے جاری نہ ہونے سے طلبہ معمول کے مطابق پڑھائی نہیں کرسکے ہیں۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن اور وزیر تعلیم نےکوروناوائر س کی وباء کے دوران آر ٹی ای کے تحت اوّل تاآٹھویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان لئے اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ورشاگائیکواڑنے اپنے بیان میں کہاہےکہ کوروناوائرس کے پھیلائو کے سبب جس طرح کے حالات ہیں ایسے میں مہاراشٹرمیں اوّل تا آٹھویں جماعت کے تمام طلبہ کو بغیر امتحان لئے پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ جبکہ ۹؍ویں اور ۱۱؍ویں جماعت کے امتحان سےمتعلق بھی جلد ہی اعلان کیاجائے گا۔ اس ضمن میں محکمۂ تعلیم کے ا علیٰ افسران کی میٹنگ جاری ہے۔ان جماعتوں کے امتحان کے تعلق  سےابھی فیصلہ نہیں کیاگیاہے حالانکہ ان جماعتو ںکے طلبہ آن لائن امتحان منعقد کرنےکا مطالبہ کررہےہیں۔ ان طلبہ کا خیال ہےکہ امسال ان کی پوری پڑھائی آن لائن ہوئی ہے اس لئے ان کا امتحان بھی آن لائن منعقدکیاجائے ۔ اس تعلق سے مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشدکے کارگزار صدر شیوناتھ دراڈے نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ اوّل تا آٹھویں جماعت کے امتحان سےمتعلق کسی طرح کی گائیڈ لائن جاری نہ کئے جانے سے طلبہ اور ان کے سرپرستوںمیں بے چینی تھی۔سرپرستوںکاکہناتھاکہ اپریل کا مہینہ شروع ہوگیاہے، ابھی تک امتحان کے بارےمیں کوئی گائیڈ لائن نہیں آئی ہے ۔ امتحان کب اورکیسےمنعقدکئے جائیں گے؟ رزلٹ کب جاری کئےجائیں گے؟سرپرستوںکے ذہن میں اس طرح کے سوالات پیداہورہے تھے کیونکہ ممبئی سمیت مہاراشٹر میں کوروناوائرس کے مریضوں میں متواتر ہونے والے اضافہ سے لاک ڈائون نافذ کئے جانے کا امکان ہے ۔ ایسے میں والدین لاک ڈائون نافذ ہونے سےقبل اپنے گائوں جانا چاہتےہیں۔ اس لئے وہ پریشان تھے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ اس بارے میں ہم نے محکمہ تعلیم کو متعدد مکتوب روانہ کئے تھے ۔جس کا نتیجہ ہےکہ بلآ خر حکومت نے اوّل تاآٹھویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان لئے اگلی جماعت میںپروموٹ کرنے کافیصلہ کیاہے۔جس کا ہم خیر مقدم کرتےہیںلیکن ساتھ ہی یہ بھی جاننا چاہتے کہ ۹؍ویں اور ۱۱؍ویں جماعت کے امتحان سے متعلق حکومت کیا سوچ رہی ہے۔ان جماعتوں کےامتحان سے متعلق بھی جلد ازجلد اعلان کیا جائے ۔‘‘ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے کہا کہ ’’ کوروناوائر س کی وباء جس طرح ریاست میں پیرپسار رہی ہے۔ ایسے میںحکومت کامذکورہ فیصلہ درست ہے۔طلبہ کی پڑھائی اہم ہے لیکن اس سے زیادہ انہیں تحفظ فراہم کرنا ضرور ی ہے ۔ ایسے میں اوّل تاآٹھویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحان لئے پروموٹ کرنےکا فیصلہ بالکل صحیح ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK