• Sat, 27 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری تشدد پر امریکہ کو تشویش

Updated: December 27, 2025, 11:01 AM IST | Washington

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیوکا کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مینٹ سے رابطہ، واشنگٹن نےپیشکش کی کہ ہم کمبوڈیا-تھائی لینڈ مذاکرات میں مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔

US Secretary of State Marco Rubio. Photo: INN
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو۔ تصویر: آئی این این

امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا اور دونوں پڑوسیوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت کے لئے امریکی حمایت کی پیشکش کی ہے۔ امریکہ وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق روبیو نے یہ مسئلہ جمعرات کو کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مینٹ کے ساتھ ٹیلیفونک ملاقات کے دوران اٹھایا ہے۔ انہوں نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی امن کی خواہش کو دہرایا اور اکتوبر میں ملائیشیا میں منعقدہ آسیان سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ’ کوالا لمپور امن معاہدے‘پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 
یہ معاہدہ ایک سرحدی صوبے میں بارودی سرنگ دھماکے میں تھائی فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔ 
امریکی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس بات کا اعادہ کیاہے کہ امریکہ، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان امن و استحکام کی یقین دیانی کی خاطر مذاکرات کے انعقاد میں مدد کیلئے تیار ہے۔ 
اس سلسلے میں  ہن مینٹ نے کہا ہےکہ دونوں لیڈروں نے جنگ بندی کی صورتحال اور تھائی لینڈ کے ساتھ امن معاہدے کے نفاذ پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے ’ بنکاک-پنوم پینھ معاہدے ‘کے ساتھ کمبوڈیا کی مضبوط وابستگی پر زور دیا اور امید ظاہر کی ہے کہ دو طرفہ کوششیں سرحدی تنازعات کو حل کرنے اور دیرپا امن حاصل کرنے میں مدد کریں گی۔ 
یہ ٹیلی فونک ملاقات اس ماہ کے اوائل میں تصادم دوبارہ شروع ہونے کے بعد تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان پہلی فوجی بات چیت سے ایک دن بعد ہوئی ہے۔ ملاقات بدھ کو تھائی لینڈ کے صوبہ تھانتابوری میں طے پائی اور ایک گھنٹے سے کم مدت تک جاری رہی تھی۔ امکان ہے کہ فوجی مذاکرات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ 
جھڑپیں ۸؍ دسمبر کو ایک سرحدی واقعے میں ۲؍ تھائی فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد، دوبارہ شروع ہو گئی تھیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس کے بعد سے دونوں فریق کے درمیان لڑائی میں کم از کم۹۶؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تھائی حکام نے کہا ہے کہ۲۳؍ فوجی اور ایک شہری براہ راست اور۴۱؍ شہری جھڑپوں کے پیدا کردہ منفی ثانوی اثرات کے باعث ہلاک ہوئےہیں۔ کمبوڈیا کی وزارت داخلہ نے بھی۳۱؍ کمبوڈین شہری ہلاک ہونے کی اطلاع دی ہے۔ تشدد دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے سرحد کے دونوں طرف تقریباً ایک ملین افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK