Inquilab Logo

سعودی عرب اور اس کے دوست ممالک کے شہریوں کا سوڈان سے کامیاب انخلاء

Updated: April 24, 2023, 12:35 PM IST | Jeddah/Khartoum

سوڈان میں فوج اور سریع الحرکت فوج کے درمیان جاری شدید لڑائی کے دوران سنیچر کو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے۱۵۰؍ سے زائد افراد کو نکال لیا گیا ہے اورانہیں سعودی عرب کے شہر جدہ لایا گیا ہے۔

Ali bin Hasan Jafar
علی بن حسن جعفر

سوڈان میں فوج اور سریع الحرکت فوج کے درمیان جاری شدید لڑائی  کے دوران سنیچر کو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے۱۵۰؍ سے زائد افراد کو  نکال لیا گیا ہے اورانہیں سعودی عرب کے شہر جدہ لایا گیا ہے۔  ان شہریوں کو  جنگ زدہ علاقے سے سعودی عرب   نے بحفاظت نکالا  ہے جن میں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ اس کے دوست ممالک ہندوستا ن اور دیگر ممالک کے بھی شہری شامل ہیں۔  اس کامیابی پرامریکہ نے ان کا شکریہ اداکیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سنیچر کو سوڈان سے انخلاء کا پہلا بحری جہاز جدہ پہنچ گیا ہے جس میں سعودی عرب کے۵۰؍ شہریوں کے علاوہ دوست ممالک کے کئی شہری بھی سوار تھے۔پہلا بحری جہاز جدہ کی بحیرہ احمر کی بندرگاہ پر پہنچا جبکہ توقع ہے کہ۴؍ دیگر بحری جہاز سوڈان سے۱۱؍ ممالک کے۱۰۸؍ شہریوں کو لے کر یہاں پہنچیں گے۔
  جدہ کی بندرگاہ پر پہنچنے والے بڑے بحری جہازوں کا ویڈیو جاری کیا گیا ہے۔  ایک ویڈیو میں بحری جہاز پر سوار خواتین اور بچوں کو سعودی پرچم اٹھائے دکھایا گیا ہے۔
 سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا  کہ مملکت نے غیر ملکی شہریوں کو ان کے آبائی ممالک روانہ کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔  اس سلسلے میں  دارالحکومت خرطوم میں مامور سعودی سفیر علی بن حسن جعفر نے بتایا کہ سوڈان سے سعودی  کے ساتھ ساتھ۱۲؍ برادر اور دوست ممالک کے شہریوں کے انخلاء کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا ، ’’ہم تمام تر بدامنی کے باوجود سعودی، خلیجی اور دوست ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ۱۵۸؍ افراد کے  انخلاء کا آپریشن مکمل ہو گیا۔‘‘
  دریں اثناءسعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کا کہنا ہے ،’’اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انخلاء کا آپریشن پورا  کیا گیا۔ ہمارے تمام شہری سوڈان سے جدہ پہنچ گئے ہیں۔‘‘
  وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا، ’’سوڈان سے نکالے جانے والے شہریوں میں برادر  اور دوست ممالک کے باشندے بھی شامل ہیں۔ سفارت کار اور بین الاقوامی عہدیداروں کو بھی انخلاء آپریشن کے تحت نکال لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی بحریہ اور فضائیہ نے بھی اپنا کردارادا کیا۔ سوڈان سے ہندوستان ،پاکستان، بنگلہ دیش،  کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، تیونس، بلغاریہ، فلپائن، کینیڈا اور برکینا فاسو کے شہریوں کا انخلاء کیا گیا۔سعودی عرب نے غیر ملکی شہریوں کو تمام بنیادی سہولیا ت فراہم کی ہیں۔ انہیں جدہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے۔‘‘
 سعودی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل یحییٰ العسیری نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ،’’ سوڈان سے تمام سعودیوں اور دوست ممالک کے شہریوں کا انخلاء مکمل کرلیا گیا۔‘‘
  ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے سوڈان سے امریکیوں کے بحفاظت انخلاء پر  سعودی عرب، جبوتی اور ایتھوپیا کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کے بقول :میں سعودی عرب، جبوتی اور ایتھوپیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارے مشکل آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
 سنیچر کو ایک بیان میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے سوڈان میں جنگ بندی، کسی تعطل کے  بغیر انسانی  بنیادو ں پر امداد کی فراہمی اور سواڈان کے عوام کی رائے کے احترام کا مطالبہ کیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK