Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی حکومت نے اگلے عمرہ سیزن کا کیلنڈر جاری کیا، عمرہ زائرین کی آمد ۱۱ جون سے شروع ہوگی

Updated: May 10, 2025, 3:04 PM IST | Inquilab News Network | Riyadh

سعودی حکومت کے جاری کردہ عمرہ کیلنڈر میں تمام متعلقہ معلومات جیسے ویزا جاری کرنے کی اہم تاریخیں، غیر ملکی ایجنٹس کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات اور بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کیلئے داخلہ اور روانگی کی آخری تاریخیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے ہجری سال ۱۴۴۷ء کیلئے عمرہ کیلنڈر جاری کردیا گیا ہے۔ کیلنڈر کے مطابق، اگلے عمرہ سیزن کیلئے غیر ملکی زائرین کی آمد ۱۵ ذوالحجہ ۱۴۴۶ء بمطابق ۱۱ جون ۲۰۲۵ء سے شروع ہوگی۔ کیلنڈر میں تمام متعلقہ معلومات جیسے ویزا جاری کرنے کی اہم تاریخیں، غیر ملکی ایجنٹس کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات اور بیرونِ مملکت سے آنے والے زائرین کیلئے داخلہ اور روانگی کی آخری تاریخیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ 

وزارت کے مطابق، عمرہ زائرین کیلئے ویزے جاری کرنے کے عمل کا آغاز ۱۴ ذوالحجہ ۱۴۴۶ء بمطابق ۱۰ جون ۲۰۲۵ء سے ہوگا جس کے بعد زائرین کی باضابطہ طور پر آمد ۱۵ ذوالحجہ ۱۴۴۶ء سے شروع ہوگی۔ زائرین کو خدمات فراہم کرنے والے غیر ملکی ایجنٹس کو اپنے معاہدوں کو ۲۹ ذوالقعدہ ۱۴۴۶ء بمطابق ۲۷ مئی ۲۰۲۵ء تک حتمی شکل دینی ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: تل ابیب جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی پر راضی نہ ہونے کی بھاری قیمت چکائے گا: امریکی اہلکار

واضح رہے کہ ۲⁵ مارچ کو نسک پلیٹ فارم اور عمرہ پاتھ سسٹم کے ذریعے ایکسٹرنل ایجنٹ کوالیفکیشن سروس کے آغاز کے ساتھ ہی نئے عمرہ سیزن کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ عمرہ کمپنیوں اور ایکسٹرنل ایجنٹس کے درمیان معاہدوں پر دستخط کا عمل ۱۴ اپریل کو حج و عمرہ سروسیز فورم ۲۰۲۵ء کے دوران شروع ہوا۔  

سعودی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے کیلنڈر میں اہم آخری تاریخیں بھی شامل ہیں۔ عمرہ ویزے جاری کرنے کی آخری تاریخ یکم شوال ۱۴۴۷ء بمطابق ۲۰ مارچ ۲۰۲۶ء ہے جبکہ زائرین کے مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ ۱۵ شوال ۱۴۴۷ء بمطابق ۳ اپریل ۲۰۲۶ء مقرر کی گئی ہے۔ زائرین کو یکم ذوالقعدہ ۱۴۴۷ء بمطابق ۱۸ اپریل ۲۰۲۶ء تک روانہ ہونا ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ کا نمائندہ مقرر

اس کے علاوہ، وزارت نے بتایا کہ ایکسٹرنل ایجنٹ کوالیفکیشن کی درخواستوں کو قبول کرنے کا عمل یکم شعبان ۱۴۴۷ء بمطابق ۲۰ جنوری ۲۰۲۶ء تک بند ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ عمرہ کمپنیوں کے ساتھ ان کے معاہدوں کی منظوری کی آخری تاریخ بھی یہی مقرر کی گئی ہے۔ یہ ٹائم لائن سعودی وزارت کی اسٹریٹجک پلاننگ کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک منظم عمرہ سیزن کو یقینی بنانا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کیلئے خدمات میں بہتری لائی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK