نااہلی کےفیصلہ میں تعطل پر ابھیشیک بنرجی کی پٹیشن پر اسپیکر اوم برلا کی جانب سے صفائی دی گئی کہ اراکین کو نوٹس دیاگیا ہے، کورٹ مطمئن نہیں ہوا۔
EPAPER
Updated: August 26, 2026, 1:20 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
نااہلی کےفیصلہ میں تعطل پر ابھیشیک بنرجی کی پٹیشن پر اسپیکر اوم برلا کی جانب سے صفائی دی گئی کہ اراکین کو نوٹس دیاگیا ہے، کورٹ مطمئن نہیں ہوا۔
ٹی ایم سی کے باغی اراکین پارلیمان کی نااہلی کے درخواست پر فیصلے میں تاخیر کے خلاف ابھیشیک بنرجی کے ذریعہ داخل کی گئی پٹیشن پر منگل کو شنوائی کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے صفائی دی کہ اسپیکر نے باغی اراکین کو نوٹس جاری کردیا ہے اور جواب طلب کیا ہے کہ دل بدلی قانون کے تحت ان کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: شکر کی دو قیمتیں طے کرنے کا فارمولا، عام صارفین اور صنعتوں کیلئے مختلف داموں کی تجویز
معاملے کی شنوائی چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالا باغچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ کررہی تھی۔ سالیسٹر جنرل کی دلیل سے اتفاق نہ کرتےہوئے جسٹس باغچی نے کہا کہ ’’سوال نوٹس جاری کرنے کا نہیں ہے، سوال یہ ہے کہ نااہلی کی درخواست پر معینہ مدت میں فیصلہ کیا جائے۔‘‘ سپریم کورٹ کی سہ رکنی بنچ اس ضمن میں اسپیکر کو نوٹس جاری کرنے کا ارادہ رکھتی تھی مگر سالیسٹر جنرل نے درخواست کی کہ اسپیکر اوران کے دفتر کو نوٹس جاری نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسپیکر کی پیروی کر رہے ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ کورٹ کو آگاہ کیا جائے کہ اسپیکر نے نااہلی کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیپال: وزیراعظم بالین شاہ کو پارلیمنٹ میں کالا چشمہ پہننے کی اجازت
ابھیشیک بنرجی کی پیروی سینئر وکیل اور رکن پارلیمان کلیان بنرجی نے کی ۔ ان کی نشاندہی پر کہ باغی اراکین بھی مدعا علیہان کی فہرست میں شامل ہیں، کورٹ نے انہیں نوٹس جار کیا۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر میں شیوسینا کیس میں اسپیکر کے فیصلے میں تاخیر اوراس سے قبل اصل پارٹی کافیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آجانے کی وجہ سے باغی اراکین اسمبلی نااہل ہونے سے بچ گئے تھے۔