Inquilab Logo

سورت: ۱۱؍سالہ بچی کا جنسی زیادتی کے بعد قتل، دونوجوان گرفتار

Updated: March 26, 2024, 9:23 PM IST | Surat

سورت، گجرات میں ۱۱؍ سالہ بچی کا جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ بچی کی لاش محلے کے قریب جھاڑیوں سے برآمد کی گئی۔ پولیس نے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق اتر پردیش اور جھارکھنڈ سے ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 پولیس نے منگل کو بتایا کہ گجرات کے سورت ضلع میں ایک ۱۱؍سالہ لڑکی کو جو ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہوگئی تھی، کی عصمت دری کے بعد قتل کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دو افراد، جن کا تعلق اصل میں اتر پردیش اور جھارکھنڈ سے تھا، کو اس بھیانک جرم کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (سورت دیہی) ہتیش جویسر نے بتایا کہ متاثرہ ۱۸؍مارچ کو اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد پولیس نے شکایت پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) سیکشن ۳۶۳(اغوا) کے تحت ایف آئی آر درج کی اور اسے تلاش کرنے کیلئے متعدد ٹیمیں تشکیل دیں۔ 
 انہوں نے بتایا کہ ۲۳؍مارچ کو لڑکی کی نیم برہنہ لاش اس محلے کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی جہاں وہ رہتی تھی۔ جویسر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ بعد میں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ لڑکی کو قتل کرنے سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’معاملے کو حل کرنے کیلئے ۱۵؍سے زائد پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے ۶۰۰؍سے زائد گھروں کا سروے کیا اور دو مشتبہ افراد کو پکڑا جنہوں نے بعد میں جرم کا اعتراف کیا۔ 
ایس پی نے بتایا کہ دونوں ملزم لڑکی کے پڑوس میں رہتے تھے اور جس دن وہ لاپتہ ہوئی تھی اس دن سے انہوں نے کام چھوڑ دیا تھا۔ ملزم دیپک کوری (۲۳)، جو اتر پردیش کے رائے بریلی کا رہنے والا ہے، اور جھارکھنڈ کے پلامو کے رہنے والے انوج پاسوان (۲۳) کے خلاف قتل، عصمت دری سے متعلق آئی پی سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور اس کے علاوہ جنسی جرائم سے بچوں کا تحفظ (پوسکو) ایکٹ، ثبوت کو تباہ کرنے کی دفعات بھی درج کی گئیں ہیں۔ 
پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم نے لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور پھر پکڑے جانے کے خوف سے اسے قتل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’پولیس ان کے خلاف ثبوت اکٹھا کرے گی اور مقررہ وقت پرچارج شیٹ داخل کرے گی تاکہ مجرمین کی سخت ترین سزا کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK