دوا کے نام پر دی گئی کیپسول کھانے والے افراد کی طبیعت خراب۔
EPAPER
Updated: June 28, 2026, 12:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
دوا کے نام پر دی گئی کیپسول کھانے والے افراد کی طبیعت خراب۔
جمعہ کو جلوس عاشورہ کے دوران مجگائوں میں شرکاء کو دوا، اینرجی اور چاکلیٹ کے نام پر مشتبہ ’کیپسول‘ تقسیم کرنے کا معاملہ سامنے آنے سے شدید تشویش اور ناراضگی پائی جارہی ہے اور اس کیپسول کو کھانے سے چند افراد کے بیمار ہونے کی خبر ملی ہے اور انہی میں سے ایک شخص کی شکایت پر ’ایف آئی آر‘ درج کرلی گئی ہے۔
بائیکلہ پولیس نے گوونڈی میں رہنے والے سلمان محمد اسلام سید (۲۶) کی شکایت پر نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے اور متذکرہ کیپسول کے نمونے کو جانچ کیلئے فارنسک لیباریٹری بھیج دیا گیا ہے۔
سلمان کےذریعہ پولیس کو بتائی گئی تفصیلات یہ ہیں کہ جمعہ کو وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ جلوس عاشورہ میں شرکت کیلئے دوپہر تقریباً ساڑھے ۳؍ بجے گوونڈی سے ڈونگری کے نور باغ پہنچے۔ یہاں ہینکاک بریج کے راستے وہ شام کو جلوس میں شریک ہوئے اور رات تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے رحمت آباد قبرستان پہنچے۔ یہاں پہنچ کر انہوں نے’قمہ ‘کیا اور پھر وہیں کچھ وقفہ کیلئے بیٹھ گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ ایک خاتون اپنے ساتھ موجود بچے کو ایک گولی کھانے کو دے رہی ہے جس پر انہوں نے اس سے پوچھا کہ وہ کیسی دوا ہے۔ اس پر اس نے بتایا کہ اس کے کھانے سے’ قمہ‘ سے ہونے والی تکلیف کم ہوجاتی ہے، اس نے یہ بھی بتایا کہ جلوس میں کسی نامعلوم شخص نے اسے یہ دوا دی تھی۔ اس پر سلمان نے ان سے ایک دوا مانگ کر کھالی اور پھر اس نے تقریباً ۲؍ گھنٹے مجلس میں شرکت کی اور پھر اپنے دوست کے ہمراہ خود اسکوٹر چلاتے ہوئے گوونڈی گیا جہاں مہاڈا چوکی پر پہنچے تو اسے پہلی قے ہوئی۔ اس کے بعد گھر پہنچنے کے بعد بھی سلمان کی طبیعت میں سدھار آنے کے بجائے حالت بگڑتی چلی گئی۔
اس دوران انہیں امام باڑہ میں رہنے والے شناسا افراد سے معلوم ہوا کہ کسی نے صحت کو نقصان پہنچانے والی کیپسول تقسیم کی ہے جس کی وجہ سے لوگ بیمار ہورہے ہیں۔ اس پر اس کے اہلِ خانہ اسے شب ۲؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر ڈونگری میں واقع حبیب اسپتال لے گئے۔
پولیس نے حبیب اسپتال میں ہی سلمان کا بیان درج کرکے ایف آئی آر درج کی ہے۔
اسی طرح وکھرولی کے رہنے والے علی عباس کی طبیعت بھی بگڑ گئی تھی جس کی وجہ سے وہ جلوس میں شرکت بھی نہیں کرسکے اور انہیں بھی حبیب اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ علی عباس کی بہن کے مطابق طبیعت خراب ہونے پر اہلِ خانہ انہیں لے کر گھر چلے گئے تھے اور پھر انہوں نے فیملی ڈاکٹر سے دوا لے لی تھی۔ تاہم سوشل میڈیا سے انہیں کیپسول کے تعلق سے پتہ چلا تب علی عباس نے بتایا کہ اس نے بھی ۲؍ کیپسول کھائی تھی۔ یہ کیپسول ان کے اہلِ خانہ کو بھی کسی نے چاکلیٹ اور اینرجی کی دوا بول کر دی تھی لیکن ان لوگوں نے وہ نہیں کھائی۔ بہر حال اس کا علم ہونے پر علی کو بھی حبیب اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔