• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ ایران جنگ کو طویل اور نہ ختم ہونے والا تنازع نہیں بننے دیں گے: جے ڈی وینس

Updated: November 17, 2026, 4:00 PM IST | New York

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو کسی بھی صورت طویل اور نہ ختم ہونے والا تنازع نہیں بننے دیں گے۔ امریکی انتظامیہ کا مقصد اس فوجی کارروائی کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کے بجائے اپنے طے شدہ اہداف حاصل کرکے تنازع کو ختم کرنا ہے۔

J D Vance.Photo:INN
جے ڈے وینس۔ تصویر:پی ٹی آئی

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو کسی بھی صورت طویل اور نہ ختم ہونے والا تنازع نہیں بننے دیں گے۔ امریکی انتظامیہ کا مقصد اس فوجی کارروائی کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کے بجائے اپنے طے شدہ اہداف حاصل کرکے تنازع کو ختم کرنا ہے۔ جے ڈی وینس نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں واضح کیا کہ صدر ٹرمپ امریکہ کو مشرق وسطیٰ میں ایک اور طویل جنگ میں پھنسانا نہیں چاہتے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی برسوں تک جاری نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض حلقے ایسے ہیں جو چاہتے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ میں مسلسل ملوث رہے، لیکن ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ماضی کی طرح طویل اور غیر ضروری بیرون ملک جنگوں میں ملک کو نہیں الجھائے گی۔
جے ڈی وینس نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کے خیال میں صدر ٹرمپ ایران کے معاملے پر جو بھی حتمی فیصلہ کریں گے، اس کے باوجود کچھ لوگ مزید فوجی کارروائیوں اور جنگ کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔ تاہم صدر ٹرمپ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اس تنازع کو ۱۰؍یا ۱۵ ؍سال تک جاری رہنے والی فوجی مصروفیت میں تبدیل نہیں کرے گا اور نہ ہی اسے دو سال تک کھینچنے کا کوئی ارادہ ہے۔وینس نے کہا کہ امریکہ نے اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مزید طویل جنگوں میں حصہ نہیں لے گا اور انتظامیہ اس وعدے پر قائم ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ ایران کے معاملے کو مناسب نتائج کے ساتھ ختم کرکے امریکی مفادات کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ٹرمپ اس تنازع سے امریکہ کے لیے بہتر نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے:نرملا سیتا رمن نے مینوفیکچرنگ سیکٹر کے ساتھ تیسری پری بجٹ مشاورت کی

انٹرویو کے دوران امریکی نائب صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا ایران جنگ کے معاملے پر ان کے اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں؟ اس پر وینس نے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور صدر ٹرمپ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے اندر مختلف امور پر بحث اور تبادلہ خیال ہونا معمول کی بات ہے، لیکن جب صدر کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو کابینہ اور انتظامیہ کے دیگر سینئر ارکان کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد میں ان کا ساتھ دیں۔وینس نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ اور انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان ایران پالیسی کے حوالے سے کوئی بنیادی اختلاف نہیں ہے۔ ان کے مطابق صدر ہی حتمی فیصلے کرتے ہیں اور پوری انتظامیہ ان فیصلوں کو نافذ کرنے کے لیے متحد ہے۔
جے ڈی وینس نے ایران جنگ کے سیاسی اور معاشی اثرات کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں امریکہ میں پٹرول اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا سیاسی طور پر بھی اثر پڑا ہے۔ ان کے مطابق توانائی کی بلند قیمتیں صرف مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا نتیجہ نہیں بلکہ امریکہ میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں طویل عرصے سے مناسب سرمایہ کاری نہ ہونے کا بھی اس میں کردار ہے۔انہوں نے امریکی توانائی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تیل صاف کرنے کے نئے کارخانوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے داخلی پیداوار اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
جے ڈی وینس کے اس بیان کے دوران مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں اضافے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ اپنی بحری فوجی ٹیم کے ساتھ خطے میں پہنچ گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی امریکہ نے علاقے میں اپنے بحری اور فوجی وسائل تعینات کر رکھے ہیں۔ اس پیش رفت کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ایک طرف امریکی انتظامیہ جنگ کو طویل نہ ہونے دینے کا اعلان کررہی ہے تو دوسری جانب خطے میں فوجی تعیناتی اور ممکنہ کارروائیوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت سے نہیں، تعاون سے طے ہونا چاہیے: مودی

وینس نے اپنے بیان میں ماضی کی امریکی جنگوں، خصوصاً عراق اور افغانستان میں طویل فوجی مداخلتوں کے تجربات کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو ایسی صورتحال سے بچنا چاہیے جس میں فوجی کارروائیوں کا کوئی واضح اختتام نظر نہ آئے۔ ان کے مطابق امریکی عوام اب مزید ایسی جنگیں نہیں چاہتے جن میں ملک کے وسائل اور انسانی جانیں طویل عرصے تک صرف ہوتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ امریکہ کو غیر ضروری طویل فوجی تنازعات سے دور رکھنے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔ تاہم ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کا حتمی نتیجہ کیا نکلے گا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی یا فوجی سطح پر آگے کیا پیش رفت ہوگی، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔جے ڈی وینس کے اس بیان کو ایسے وقت میں اہم قرار دیا جارہا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع کے مستقبل، اس کے معاشی اثرات اور مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK