آج حلف برداری، بی جےپی لیڈر نے’خوف کے عہد کے خاتمہ‘ کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: May 09, 2026, 10:25 AM IST | Kolkata
آج حلف برداری، بی جےپی لیڈر نے’خوف کے عہد کے خاتمہ‘ کا اعلان کیا۔
ممتا بنرجی کو بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں ۱۵؍ ہزار ووٹوں سے ہرانے والے اُن کے سابق معاون شوبھندوادھیکاری مغربی بنگال میں بی جےپی کے پہلے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ انہیں جمعہ کو بنگال بی جےپی کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ حلف برداری سنیچر کو کولکاتا کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں ہوگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت کےساتھ بی جےپی بنگال میں اپنی پہلی حکومت کی حلف برداری کو تاریخی بنانے کی کوشش کریگی۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق کولکاتا میں وزیر داخلہ امیت شاہ اور سینئر لیڈروں کی موجودگی میں منعقد ہونےوالی بنگال قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ادھیکاری کا نام اتفاق رائے سے منظور کرلیاگیا۔ اپنے انتخاب کے بعد شوبھندو ادھیکاری نے ’’خوف کے عہد کے خاتمے‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت اجتماعی قیادت کے اصول پر کام کرے گی اورمرکزی حکومت کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ انتخابی منشور میں کیاگیا ہروعدہ پورا کرے گی۔ اراکین اسمبلی کی تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے دوران شوبھندو نے اعلان کیا کہ ’’خوف ختم ہوگیا اور جیسا کہ وزیراعظم مودی جی نے کہا ہے بھروسہ قائم ہوگا۔ ‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ممتا بنرجی حکومت میں ہونےوالی بدعنوانیوں اور خواتین کے خلاف جرائم کی جانچ کا اعلان بھی کیا۔
ریاست میں بی جےپی اپنی پہلی حکومت میں ۲؍نائب وزرائے اعلیٰ کی تقرری پر غور کررہی ہے جن میں ایک کسی خاتون لیڈر کو بنایا جا سکتا ہے۔ اگنی مترا پال، جو آسنسول دکشن اسمبلی حلقے سے کامیاب ہوئی ہیں مضبوط دعوے دار کے طور پر ابھری ہیں جبکہ پارٹی کی سینئر لیڈر روپا گنگولی کا نام بھی گشت کررہا ہے۔
شوبھندوادھیکاری کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے کےبعد امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا ہےکہ بی جےپی سرکار میں بنگال میں دراندازی اور مویشیوں کی اسمگلنگ ’’ناممکن‘‘ ہوجا ئے گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ بنگال کی یہ جیت ہمارے نظریات کی توثیق یا ہماری تنظیم کی توسیع کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ کامیابی قومی سلامتی میں موجود سب سے بڑے خلاء کو پُر کرنے کیلئے ہے۔ اب مغربی بنگال میں دراندازی اور مویشیوں کی اسمگلنگ ناممکن ہو جائے گی۔ ‘‘