Updated: August 11, 2026, 4:02 PM IST
| Toronto
پولینڈ کی ایگا سواتیک نے پیر کی شب ٹورنٹو میں ڈبلیو ٹی اے نیشنل بینک اوپن کے کوارٹر فائنل میں نمبر ۱۵؍ سیڈ ڈیانا شنیڈر کو۲۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ نمبر سات سیڈ سواتیک نے۶۴؍ منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں شنیڈر کو صرف تین گیمز جیتنے کا موقع دیا۔
پولینڈ کی ایگا سواتیک نے پیر کی شب ٹورنٹو میں ڈبلیو ٹی اے نیشنل بینک اوپن کے کوارٹر فائنل میں نمبر ۱۵؍ سیڈ ڈیانا شنیڈر کو۲۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ نمبر سات سیڈ سواتیک نے۶۴؍ منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں شنیڈر کو صرف تین گیمز جیتنے کا موقع دیا۔ سواتیک نے میچ کے بعد کہا کہ وہ کورٹ پر خود کو پُراعتماد محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی پریکٹس اور تیاری پر بھروسہ ہے اور وہ ہر روز اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے، معمول برقرار رکھنے اور پوری توجہ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ سواتیک نے ڈبلیو ٹی اے ٹور پر شنیڈر کے خلاف اپنا ریکارڈ ۰۔۲؍کرلیا اور ۲۳؍ویں مرتبہ ڈبلیو ٹی اے۱۰۰۰؍ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ۲۰۰۹ء میں موجودہ فارمیٹ کے آغاز کے بعد سواتیک (۹ء۴۸؍فیصد) کے مقابلے میں صرف سرینا ولیمز ( ۱ء۵۳؍فیصد) زیادہ مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔ ڈبلیو ٹی اے۱۰۰۰؍ کے سیمی فائنل میں سواتیک سے زیادہ مرتبہ پہنچنے والی صرف تین کھلاڑی ہیں-سیمونا ہالیپ (۲۹)، سیرینا ولیمز (۲۶) اور وکٹوریا آزارینکا (۲۴)۔ سواتیک ۲۳؍ سیمی فائنل کے ساتھ اگنیسکا راڈوانسکا کے برابر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ایرانی صدرمسعود پزشکیان نے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے اہم ملاقات کی
سواتیک نے ابتدائی گیم میں شنیڈر کی سروس توڑی اور اپنی سروس پر بھی مضبوط کھیل پیش کیا۔ اس کے بعد ۲۔۵؍کی برتری حاصل کرکے ایک بار پھر بریک کیا، جبکہ شنیڈر فورہینڈ پر متعدد غلطیوں کے باعث دباؤ میں آگئیں۔ ان کی آخری غلطی کے ساتھ ہی سواتیک نے پہلا سیٹ اپنے نام کرلیا۔
یہ بھی پڑھئے:میرے جسم میں ال پچینو، شاہ رخ خان اور مائیکل جیکسن ڈانس کرتے ہیں: روی کشن
دوسرے سیٹ میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں رہی۔ شنیڈر نے چند اچھے مواقع ضرور بنائے، لیکن سواتیک نے ۱۔۲؍ کی برتری کے بعد ان کی سروس توڑ دی اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انہوں نے مسلسل آخری چھ گیمز جیت کر ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت میں میچ ختم کردیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سواتیک نے کہا’’آج میں نے صرف اپنے منصوبے پر عمل کیا۔ میں واقعی پوری طرح توجہ مرکوز کیے ہوئے تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ اب میں پہلے سے بہتر انداز میں توجہ مرکوز کرپارہی ہوں۔ اپنے ریکیٹ پر گیند کو اچھی طرح محسوس کرنے کی وجہ سے میرے لیے اپنے منصوبے پر عمل کرنا بھی آسان ہوگیا ہے۔ یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ ہے، جہاں زیادہ شور شرابا نہیں ہوتا اور آپ واقعی اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں۔ مجھے کورٹ پر کھیلنے میں بہت لطف آ رہا ہے۔‘‘