Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹینکر خدمات بند، پانی کی قلت سے لوگ پریشان

Updated: June 09, 2026, 1:04 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

واٹرٹینکر اسوسی ایشن اور متعلقہ محکمے میں بات چیت ناکام ۔ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، تجارتی اداروں، ہوٹلوں ،نجی اسپتالوںاورتعمیراتی پروجیکٹوں کا کام متاثر۔

Water Tankers Are Seen Parked On The Roadside At Marine Lines.Photo:PTI
مرین لائنس پر سڑک کے کنارے واٹرٹینکر کھڑے نظر آرہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی
 ممبئی واٹر ٹینکر اسوسی ایشن (ایم ڈبلیوٹی اے) کی جانب سے اتوار کی رات سے شہر بھر میں ٹینکر خدمات معطل کر دینے سے پیر سے پانی کی قلت شروع ہوگئی ہے ۔ ایم ڈبلیو ٹی اے نے یہ اقدام ایسے وقت میں کیا ہے جب شدید گرمی میں جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ کم ہونے سے بی ایم سی نے ۱۰؍فیصد پانی کی کٹوتی نافذ کی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو ویسے بھی پانی کم مل رہا ہے۔ واٹرٹینکر خدمات کے منسوخ ہونے سے ہزاروں ہاؤسنگ سوسائٹیاں، تجارتی اداروں، ہوٹلوں ،نجی اسپتالوں ، سرکاری تعمیراتی پروجیکٹوں اور تفریحی مقامات پر پانی کی قلت ہوگئی ہے ۔ 
واٹر ٹینکراسوسی ایشن کے مطابق ٹینکروں کے ذریعے پورے ممبئی میں روزانہ ۵۵۰؍ ملین لیٹر (ایم ایل ڈی) پانی سپلائی کیا جاتاہے ۔ اس معطلی سے رہائشی کمپلیکس، ہوٹلوں، ریستوراں، ملٹی پلیکس اور کاروباری اداروں کے متاثر ہونے کا امکان ہے ۔لوور پریل میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے بتایا کہ ’’ہر ہفتے ہمیں ۵۰۰؍لیٹر کا ایک ٹینکر مطلوب ہوتا ہے ۔ ٹینکر کا پانی برتنوں کے دھونےکیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ٹینکر سروس   بند ہونے سے اگرچہ کچن کی خدمات فوری طور پر متاثر نہیں ہوں گی لیکن ہڑتال جاری رہنے کی صورت میں ہمیں احتیاط سےپانی استعمال کرنا پڑے گا ۔‘‘
اندھیری کی ایک سوسائٹی کے مکین دھول شاہ کے مطابق ’’پانی کے کم دبائو سے ہمارے علاقے کی متعدد ہائوسنگ سوسائٹیاں گزشتہ ایک مہینے سے ٹینکروں کے پانی پر منحصر ہیں ۔ پانی کے بحران نے گھروں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ شدید گرمی میں پانی کا استعمال کم کرنا مشکل ہے۔ مثلاً اگر باغات اور پودوں کو پانی نہ دیا جائے تو وہ مرجھا جائیں گے ۔‘‘
جنوبی ممبئی کی ایک سوسائٹی نے تمام فلیٹ مالکان کو پانی کا احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ یہاں ہر ۳؍ سے ۴؍دنوں پر ۲؍سے ۴؍ٹینکر پانی منگوایا جاتا ہے ۔ واٹر ٹینکر اسوسی ایشن کی ہڑتال سے اگر ہمیں یہ پانی نہیں ملے گا تو طرز زندگی میں تبدیلیاں لانی ہوںگی۔ ‘‘
بائیکلہ میں واٹر ٹینکر کا کاروبا ر کرنے والے افضل قریشی نے انقلا ب کو بتایا کہ ’’سینٹرل گرائونڈ واٹر اتھاریٹی ( سی جی ڈبلیو اے) کے سخت قوانین سے ہم پریشان ہیں جبکہ شہر ی انتظامیہ کی کارروائی سے ہمارے لئے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہے ۔ اسی وجہ سے ہماری اسوسی ایشن نے ٹینکر سروس منسوخ کرنے کافیصلہ کیاہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ٹینکر  بند ہونے سے صارفین کو سخت  پریشانی ہو رہی ہے ۔ میں سیفی اور جسلوک اسپتال کے علاوہ ریلوے اور یلوگیٹ پر جاری کوسٹل روڈ پروجیکٹ کیلئے پانی سپلائی کرتا ہوں ۔ پیر کی صبح سے ٹینکر کیلئے فون آرہاہے لیکن ہم انہیں پانی سپلائی نہیں کرسکتے ہیں۔‘‘
 
 
واضح رہے کہ یہ نیامسئلہ نہیںہے۔ سی جی ڈبلیو اے کے سخت قوانین کی وجہ سے ممبئی واٹرٹینکر اسوسی ایشن (ایم ڈبلیوٹی اے )نے اپنی خدمات معطل کی ہے ۔ سی جی ڈبلیو اے نے ایک سرکاری قرارداد جاری کی تھی جس میں کھلے کنوؤں اور بور ویل کیلئے رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے، ٹینکر مالکان کو بی ایم سی سے این او سی حاصل کرنے کی کارروائی پوری کرنی ہے اور ۲۰۰؍مربع میٹر کے پلاٹ میں کاروبار کرنا ہے ۔ اس طرح کے سخت قوانین پرعمل کرنا ممبئی جیسے شہر میں عملی طور پر ناممکن ہے۔
 
 
ایم ڈبلیو ٹی اے کے ترجمان انکور شرما کے مطابق ’’ مذکورہ اصولوں کو زبردستی نافذ کرنے میں بی ایم سی انصاف نہیں کر رہی ہے ۔سی جی ڈبلیو اےکےسرکیولر میں واضح طور تحریر ہےکہ یہ اصول پینے کے قابل پانی کے ذرائع پر نافذ ہوتے ہیں اور ہم صرف ایسا پانی   سپلائی کرتے ہیں جو پینے کے قابل نہیں ہوتا ہے۔ تجویز کردہ اصول پر عمل کرنا ناممکن ہے ۔ ہم گزشتہ ۱۰؍ برس سے اس کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مسئلہ برقرار ہے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ ٹینکر خدمات   بند ہونے سے پیر کی صبح سےہمیں ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور دیگر اداروں کی طرف سے متعدد کالز موصول ہو رہے ہیں لیکن جب تک حکومت ہمارے مسائل حل نہیں کرتی ،ہم انہیں پانی فراہم نہیں کر سکتے ۔‘‘دریں اثناء پیر کو مضافاتی ضلع کلکٹر آفس میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ  افسران  اور ایم ڈبلیو ٹی اے کے وفد کے درمیان ہونے والی گفتگو ناکام   ہونے پر ایم ڈبلیوٹی اے نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ وفد نے۱۰، ۱۲؍مطالبات پورے کرنے کیلئے حکومت سے تحریری جواب طلب کیا تھا لیکن تحریری جواب   نہ ملنے کی صورت میں اسوسی ایشن نے واٹر ٹینکر کی خدمات بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK