Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیلیفورنیا: مارک زکربرگ کی اہلیہ پریسلا چن کے ذریعے قائم کردہ اسکول بند کردیا گیا، فنڈنگ کی بندش وجہ

Updated: August 26, 2026, 10:13 AM IST | Sacramento

جب اسکول کے بورڈ کو معلوم پڑا کہ سی زیڈ آئی تعلیمی سال ۲۶-۲۰۲۵ء کے بعد اس کی فنڈنگ جاری نہیں رکھے گا، تو بورڈ نے اپریل ۲۰۲۵ء میں متفقہ طور پر اسکول کو بند کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ چن نے ۲۰۲۳ء تک بورڈ کی چیئرپرسن کے طور پر خدمات انجام دیں اور انہوں نے پہلے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا تھا کہ تعلیمی نتائج ان کی امیدوں کے مطابق نہیں رہے۔

Photo: X
دی پرائمری اسکول۔ تصویر: ایکس

وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کی اہلیہ ڈاکٹر پریسلا چن کے زیرِ اہتمام ۲۰۱۶ء میں ایسٹ پالو آلٹو، کیلیفورنیا میں قائم کیا گیا مفت پرائیویٹ اسکول ’دی پرائمری اسکول‘ (The Primary School) ایک دہائی کے بعد بند کردیا گیا ہے۔ اس اسکول کو ’چن زکربرگ انیشیٹو‘ (سی زیڈ آئی CZI) سے ۱۲۵ ملین ڈالر سے زیادہ کی فنڈنگ ملی تھی، جس کا مقصد دانتوں کے معائنے، فلاحی رہنمائی اور ابتدائی تشخیصی اسکریننگ سمیت ہمہ جہت خدمات کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں کی مدد کرنا تھا۔

جب اسکول کے بورڈ کو معلوم پڑا کہ سی زیڈ آئی تعلیمی سال ۲۶-۲۰۲۵ء کے بعد اس کی فنڈنگ جاری نہیں رکھے گا، تو بورڈ نے اپریل ۲۰۲۵ء میں متفقہ طور پر اسکول کو بند کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ بورڈ کے صدر ژاں کلاڈ بریزرڈ نے کہا کہ بورڈ سی زیڈ آئی کی رضامندی کے بغیر اسے بند کرنے کے حق میں ووٹ نہیں دیتا۔ سی زیڈ آئی کے ایک ترجمان نے کہا کہ حتمی فیصلہ اسکول کے بورڈ کے پاس تھا، جبکہ تنظیم کی توجہ لاگت کے بجائے تعلیمی نتائج پر مرکوز تھی، جو سی زیڈ آئی کے سائنسی تحقیق کی جانب وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نیدرلینڈز کا غزہ سے متعلق خدشات کے باعث ’یوروویژن ۲۰۲۷ء‘ میں شرکت سے انکار

تعلیمی لحاظ سے، اسکول ریاستی معیارات پر پورا نہ اتر سکا۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق موسمِ بہار ۲۰۲۵ء میں اسکول کے تیسری اور اس سے اوپر کی جماعت کے ۲۶ فیصد طلبہ نے خواندگی کے ریاستی معیارات سے بہتر کارکردگی دکھائی، جبکہ ریاست بھر میں یہ اوسط ۴۷ فیصد تھا۔ تاہم، آٹھویں جماعت کے طلبہ نے اپنی جماعت کی سطح کے مقابلے ۵۰ فیصد سے زیادہ مہارت دکھائی اور ۸۵ فیصد طلبہ نے سالانہ طبی معائنے مکمل کئے، جبکہ کاؤنٹی میں میڈیکیڈ کے تحت رجسٹرڈ بچوں میں یہ شرح ۵۵ فیصد تھی۔

دونوں کیمپسز میں تقریباً ۵۴۰ بچے زیرِ تعلیم تھے۔ کچھ والدین نے اسکول کو ”نعمت“ قرار دیا، وہیں دوسروں کا کہنا تھا کہ انہیں اسکول کے بند ہونے کا علم خبروں کے ذریعے ہوا۔ ان طلبہ کو ’ریونز ووڈ سٹی ایلیمنٹری اسکول ڈسٹرکٹ‘ میں شامل کیا جائے گا، جو انہیں ایڈجسٹ کرنے کیلئے ایک کیمپس کی تزئین و آرائش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کانگو : ایبولا کے متاثرین ساڑھے۵۰۰؍ سے متجاوز، پوپ لیو کا عالمی اقدامات پر زور

سی زیڈ آئی نے اسکول کے بقایا لیز کو پورا کرنے اور مقامی تنظیموں کی مدد کرنے کیلئے ۵۰ ملین ڈالر کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کے تعلیمی بچت اکاؤنٹس کیلئے ۶ء۳ ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ چن نے ۲۰۲۳ء تک بورڈ کی چیئرپرسن کے طور پر خدمات انجام دیں اور انہوں نے پہلے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا تھا کہ تعلیمی نتائج ان کی امیدوں کے مطابق نہیں رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK