ممبئی دربار، کپڑا بازار سے درگاہ روڈ کی ٹریفک چوکی روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت۱۰؍ دنوں تک بند رہے گی۔لوگ ایل جے روڈ اور کیڈل روڈ کا استعمال کر سکتے ہیں - عرس میں شریک ہونے والوں اور ٹھیلا لگانے والوں سے ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے نظام کو آسان بنانے میں تعاون کرنے کیلئے اپیل کی
ماہم درگاہ۔ تصویر:آئی این این
ہرسال کی طرح امسال بھی حضرت مخدوم شاہ مہائمی ؒ کا عرس منانے کی تیاری مکمل ہوچکی ہے ۔ ماہم پولیس بھی درگاہ پرپہلی چادر چڑھانے کیلئے تیار ہے ساتھ ہی میلہ کی مناسبت سے ہونےوالی بھیڑبھاڑ پر قابو پانے اور نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے جہاں ماہم پولیس نے اقدامات کرنے کا دعویٰ کیا ہے وہیں ٹریفک پولیس نے بھی ماہم درگاہ روڈ اور اطراف کی سڑکوں اور آس پاس لگنے والے اسٹالوں اور ٹریفک کے مسئلہ پر قابو پانے اور آسانی سے گاڑیوں کی آمد ورفت کو یقینی بنانے کیلئے اس علاقے میں ٹریفک نظام میں نہ صرف تبدیلی کی ہے بلکہ چند راستوں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا ہے ۔
درگاہ روڈ ، بالمیا لین اور اس کے اطراف کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر عام طور پر عرس کے موقع پر ٹھیلہ گاڑیاں اور بازار لگنے کے علاوہ زائرین کی بھیڑ کے سبب باندرہ کی جانب سے دادر اور ماٹونگا جانے والی اور وہاں سے باندرہ کی طرف آنے والی گاڑیوں کو ٹریفک کے سبب شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
مخدوم شاہ مہائمی ؒ کا عرس جمعرات ۴؍ دسمبر (آج) سے ۱۴؍ دسمبر تک جاری رہے گا۔ اسے پر امن بنانے اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس نے حفاظتی نقطہ نظر سے ماہم درگاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں گشت بڑھانے کے ساتھ ساتھ اضافی فورس بھی تعینات کردی ہے تاکہ بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر جرائم پیشہ افرادزائرین کی قیمتی چیزیں نہ چرا سکیں ۔
ہر سال مخدوم شاہ مہائمیؒ کے ۱۰؍ روزہ عرس کے دوران زیارت اور میلہ میں شرکت کیلئے آنے والے عقیدت مندوں اور صندل کا جلوس نکالنے والوں کےسبب درگاہ روڈ ،بالمیا لین ، کپڑا بازار اور کیڈل رو ڈ پر گاڑیوں کا تانتا لگارہتا ہے اور اس ٹریفک جام سے نہ صرف عقیدتمندوں کو بلکہ گاڑیوں چلانے والو ںکو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ٹریفک کے مسئلہ کو قابو میں کرنے اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو معمول کے مطابق جاری و ساری رکھنے کے مقصد سے ٹریفک پولیس نے درگاہ روڈ ، بالمیا لین ، ممبئی دربار ، کپڑا بازار سے ماہم ٹریفک چوکی تک گاڑیوں کی آمد و رفت کو بند کر دیا ہے ۔وہیں دادر سے آنے والی گاڑیوں کو ایل جے روڈ اور باندرہ کی طرف جانے کے لئے کپڑا بازار سے قبل دائیں جانب والے راستہ پر ٹریفک کو موڑ دیا گیا ہے ۔
یہی نہیں ٹریفک پولیس کے بقول گاڑی والے ایل جے روڈ اور باندرہ کی طرف جانے کے لئے یا وہاں سے دادر کی طرف سفر کرنے والے کیڈل روڈ کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ٹریفک پولیس اور ماہم پولیس نے ٹریفک نظام اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن انتظامات کرنے کے کا دعویٰ کیا ہے ساتھ ہی عرس میں شریک ہونے والے عقیدتمندوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ سڑک پر بھیڑ نہ کریں اور نظم و نسق کو بہتر بنانے میں پولیس کی مدد کریں ۔