Updated: May 19, 2026, 10:26 PM IST
| Bangkok
تھائی لینڈ نے غیر ملکی جرائم کے خلاف کارروائی کے دوران۹۰؍ سے زائد ممالک کے لیے ویزا فری قیام میں کمی کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، تھائی لینڈ نے حالیہ دنوں میں منشیات کے جرائم، جنسی اسمگلنگ، اور غیر ملکیوں کی جانب سے ہوٹلوں، اسکولوں اور سیاحتی خدمات جیسے کاروبار بغیر مناسب لائسنس یا ورک پرمٹ کے چلانے سے منسلک کئی ہائی پروفائل معاملات درج کیے ہیں۔
تھائی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق، قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر تھائی لینڈ آن ارائیول ویزا کے قوانین سخت کرنے جا رہا ہے، تاہم تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ اس اقدام سے موجودہ۶۰؍ روزہ ویزا فری سہولت ختم ہونے کی توقع ہے جو۹۳؍ ممالک (بشمول اسرائیل) کے سیاحوں کو حاصل تھی۔ پہلے تجاویز میں اسے کم کرکے۳۰؍ دن کرنے کی بات کہی گئی تھی۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ اسرائیلی سیاحوں، خاص طور پر فوج کے بعد ایشیا کے بیک پیکرز کے لیے ایک اہم منزل ہے، اور اس پالیسی تبدیلی سے ملک میں سیاحت مکمل طور پر تبدیل ہو سکتی ہے۔یہ اقدام مارچ۲۰۲۵ء میں تھائی لینڈ کی جانب سے ویزا فری قیام کو۳۰؍ دن سے بڑھا کر۶۰؍ دن کرنے کے صرف ایک سال بعد آیا ہے، جو کروناوبا کے بعد سیاحت بحال کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ تاہم، لچکدار نظام کے ساتھ ہی کچھ غیر ملکی سیاح کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غیر موجودگی کا مطلب خاموشی نہیں، میں بہت جلد بنگلہ دیش لوٹوں گی: شیخ حسینہ
بعد ازاں سرکاری ترجمان راچاڈا دھنادریک نے اے ایف پی کو بتایا کہ’’ سیاح معیشت کو فروغ دینے جیسے فوائد تو لاتے ہیں، لیکن موجودہ اسکیم نے کچھ لوگوں کو اس کا غلط استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔‘‘واضح رہے کہ سیاحت تھائی لینڈ کی جی ڈی پی کا۱۰؍ فیصد سے زیادہ حصہ بناتی ہے اور یہ ملک کی اہم ترین صنعتوں میں شامل ہے۔ موجودہ اسکیم کے تحت امریکہ، اسرائیل، شینگن ایریا اور کئی جنوبی امریکی ممالک سمیت۹۳؍ ممالک کے مسافر۶۰؍ دن تک بغیر ویزا کے تھائی لینڈ آ سکتے ہیں۔تاہم حکومتی کوششوں کے باوجود سیاحوں کی تعداد ابھی تک کرونا وبا سے پہلے کی سطح پر نہیں پہنچی۔ دریں اثناء تھائی سیاحت وزارت کے مطابق، اس سال کی پہلی سہ ماہی میں غیر ملکی آمد میں۲۰۲۵ء کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً۳؍ اعشاریہ ۴؍ فیصد کمی آئی۔ اسی دوران مشرق وسطیٰ سے آنے والوں میں تقریباً ایک تہائی کمی درج کی گئی۔ جبکہ حکام کو توقع ہے کہ سیاحت آہستہ آہستہ بحال ہوگی اور۲۰۲۶ء میں تقریباً۳؍ کروڑ ۳۵؍ لاکھ غیر ملکی سیاح متوقع ہیں، جو پچھلے سال۳؍ کروڑ ۳۰؍ لاکھ کے مقابلے معمولی اضافہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لاہور میں تقسیم سے قبل کے تاریخی ناموں کی بحالی، پرانی شناخت واپس لانے کا فیصلہ
نظرثانی شدہ نظام کے تحت، ویزا فری داخلے کی مدت ملک کی بنیاد پر طے کی جائے گی۔ زیادہ تر غیر ملکی شہریوں کو۳۰؍ دن تک قیام کی اجازت ہوگی، جبکہ بعض ممالک کے سیاح کو صرف۱۵؍ دن تک محدود رکھا جا سکتا ہے۔ تاہم سیاح ایک بار امیگریشن آفس جا کر ویزا کی تجدید کر سکیں گے۔طویل قیام کے خواہشمند مسافر تھائی لینڈ کے ڈیسٹینیشن تھائی لینڈ ویزا استعمال کر سکتے ہیں، جو۵؍ سالہ ملٹی انٹری اسکیم ہے جو ڈیجیٹل خانہ بدوشوں، دور دراز سے کام کرنے والوں، اور مارائی تھائی ٹریننگ یا کھانا پکانے کے کورسز جیسی سرگرمیوں کے لیے آتی ہے۔ یہ ویزا فی اندراج۱۸۰؍ دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے، لیکن اس کے لیے بیرون ملک ملازمت کا ثبوت اور کم از کم۵؍ لاکھ باتھ کی بچت درکار ہے۔