Inquilab Logo

تھانے :پیاز کی برآمدپرپابندی کے خلاف خواتین کا مظاہرہ

Updated: September 19, 2020, 9:40 AM IST | Iqbal Ansari | Thane

مرکزی حکومت کی جانب سے پیاز کی برآمد پرپابندی کے فیصلے کے خلاف جمعہ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی خواتین ونگ کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا اور مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

Female Protesters - Photo: Inquilab
خاتون مظاہرین۔تصویر: انقلاب

مرکزی حکومت کی جانب سے پیاز کی برآمد پرپابندی کے فیصلے کے خلاف جمعہ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی خواتین ونگ کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا اور مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ تھانے سرکاری ریسٹ ہاؤس کے قریب گلے میں پیاز کا ہا ر پہن کر ۵؍ خاتون مظاہرین پر مشتمل ایک وفد نے تھانے ضلع کلکٹرکو میمورنڈم دیا اور حکومت سے اس فیصلے کوفوراً واپس لینے کا مطالبہ کیا۔  مظاہرین میں شامل این سی پی خواتین ونگ (شہر) کی صدر سجاتا تائی گھاگ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسانوں نے سخت محنت کرنے کے بعد پیاز کی فصل تیا رکی ہے۔ کورونا سے کسان پہلے ہی پریشان ہیں اور انہیں امید تھی کہ پیاز فروخت کرکے وہ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کریں گے ۔ پیاز کی پیداوار کیلئے انہوں نے سخت محنت بھی کی لیکن بی جے پی حکومت نے بہار کے الیکشن کے مد نظر پیاز کی برآمد بند کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۳؍ ماہ قبل یعنی ۴؍ جون کو مرکزی حکومت نے پیاز ، آلو اور دال وغیرہ کو انتہائی لازمی اشیاء کی فہرست سے نکال کر اپنی ستائش کی تھی لیکن اب وہ پیاز کی برآمد کو بند کر کے کسانو ں کو پریشان کرنا چاہتی ہے۔ اس غلط فیصلے کے خلاف ہمارے لیڈران شرد پوار، اجیت دادا پوار، جتیندر اوہاڑ ، آنند پرانجپے اورریاستی صدر (خواتین ونگ)  روپالی تائی ساکڑکر کی سرپرستی میں یہ احتجاج کیا گیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے سبب محض ۵؍ خواتین نے آج یہ مظاہرہ کیا ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم مودی نے اب تک جتنے بھی فیصلہ کئے ہیں وہ غلط ثابت ہوئے ہیں ۔ چاہے وہ نوٹ بندی ہو یا بغیر کسی منصوبہ بندی کے لاک ڈاؤن ہو۔
 مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈس بھی لئے ہوئے تھے جن پر مراٹھی میں یہ نعرے لکھے ہوئے تھے’ کسانوں کی لوٹ ہی مودی سرکار کی بھوک ،شیتکری ٹکیل تر شیتی پکیل اور دیو دیتے آنی کیندر سرکار نیتے ۔‘
  اس احتجاج میں خواتین ونگ کی ایگزیکٹیو صدر سریکھا تائی پاٹل ، پھل بانو پاٹل،مادھوری سونارے اور دیگر خواتین شامل تھیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK