Inquilab Logo

امریکی کمپنی’ وی ورک‘ دیوالیہ ہوگئی !

Updated: November 08, 2023, 12:48 PM IST | Agency | New Delhi

اس ’کو-ورکنگ‘ کمپنی نے تحفظ کیلئے درخواست دی ہے ۔قرض کم کرنے اور بیلنس شیٹ درست کرنے کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔ ہندوستان میں کاروبار متاثر نہ ہونے کا دعویٰ۔

WeWork is one of the world`s leading co-working companies. Photo: INN
’وی ورک‘ دنیا کی سرکردہ کو-ورکنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ تصویر:آئی این این

امریکی کمپنی ’وی ورک‘جو کبھی وال اسٹریٹ کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک تھی، نے اپنے دیوالیہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے تحفظ کے لئے درخواست دی ہے۔واضح رہےکہ یہ ایک ’کو-ورکنگ ‘کمپنی ہے جو مختلف کمپنیوں کے ملازمین کو کام کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔’وی ورک‘ دنیا کی سرکردہ کو-ورکنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
 ایک وقت ایسا بھی آیاتھا کہ اس کمپنی کی مارکیٹ ویلیویئشن۵۰؍ بلین ڈالر تک پہنچنےوالی تھی۔ کمپنی نے دیوالیہ   کے تحفظ کے ضابطہ۱۱؍ کے تحت یہ درخواست دی ہے۔اس کے ساتھ ہی کمپنی نے اپنے قرض کو کم کرنے اور اپنی بیلنس شیٹ کو درست کرنے کیلئے ایک جامع تنظیم نو کا عمل شروع کر دیا ہے۔
 نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں درج ’وی ورک‘  نے کہا ہے کہ امریکہ اور کینیڈا سے باہر اس کے مراکز اس عمل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سافٹ بینک کی حمایت یافتہ  ’وی ورک‘  کی ایک مرتبہ مارکیٹ  ویلیو ۴۷؍ ارب ڈالر تھی۔ کمپنی کو رواں سال کی پہلی ششماہی میں۶۹ء۶؍کروڑ ڈالر کا خالص نقصان ہوا ہے۔
ایک طویل وقت کیلئے خطرہ تھا
’وی ورک‘  کے سی ای او ڈیوڈ ٹولی نے ایک بیان میں کہاکہ’’اب وقت ہے کہ مستقبل کیلئے تیاری کریں اور جارحانہ طریقے سے پرانے پٹوں کی  لیز کے مسائل کو حل کریں اور اپنی بیلنس شیٹ کو درست کریں۔‘‘واضح رہےکہ ’وی ورک‘ پردیوالیہ ہونے کا خطرہ کافی عرصے سے منڈلا رہا تھا۔ اگست میں نیویارک میں قائم کمپنی نے اپنے کاروبار میں رہنے کی صلاحیت کے بارے میں شبہات کا اظہار کیا تھا۔ ’وی ورک انڈیا‘ کی ملکیت  بنگلور میں واقع رئیل اسٹیٹ کمپنی ایمبیسی گروپ  کے پاس ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے ہندوستان میں کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ہندوستان میں۵۰؍ سے زیادہ مراکز
 ’وی ورک انڈیا‘ کے پورے ملک میں ۵۰؍ سے زیادہ مراکز ہیں۔ ایمبیسی گروپ ’وی ورک انڈیا‘ میں۷۳؍ فیصد حصص رکھتا ہے۔ باقی ۲۷؍ فیصد حصص ’وی ورک گلوبل‘ کے پاس ہے۔ ’وی ورک گلوبل‘ نےجون۲۰۲۱ء  ہندوستان میں ۱۰۰؍ ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کی تھی۔’وی ورک‘ نے دیوالیہ کیلئے  درخواست میں کہا ہے کہ وہ کچھ مخصوص مقامات پر لیز کو منسوخ کرنا چاہتا ہے جو اب اس کیلئے آپریشنل ویلیو نہیں رکھتے۔ کمپنی نے پیر کو کہا کہ اس حوالے سے پیشگی نوٹس تمام متاثرہ فریقوں کو بھیج دی گئی  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK