Inquilab Logo

پلنگ کو بانس سے، لاش کو پلنگ سے باندھ کر ندی پار کروائی گئی

Updated: October 10, 2023, 10:03 AM IST | Ali Imran | Gadchiroli

گڈچرولی کے قبائلی علاقوں کا منہ بولتا ویڈیو وائرل، ندی پر پل نہ ہونے کی وجہ سے پانی میں سے میت لے جائی گئی۔

People of the village crossing the river with the corpse. Photo: Social Media
میت لے کر ندی پار کرتے ہوئے گائوں کے لوگ۔ تصویر: سوشل میڈیا

ایک طرف ملک میں آزادی کاامرت مہوتسو اور چاند پر کمندیں ڈالنے کا جشن منایا جا رہا ہے تو دوسری طرف  کئی دیہات آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس کی تازہ مثال گڈھ چرولی سے وائر ل ہونے والا ایک ویڈیو ہے جس میں چند افراد اپنے ایک عزیز کی میت کو پلنگ سے باندھ کر کندھے پر اٹھائے ندی پار کر رہے ہیں۔ 
اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لمبے بانس سے ایک پلنگ کو باندھا گیا ہے اور لاش  کو اس پلنگ پر رکھ کر باندھا گیا ہے۔ چار لوگ بانس کو آگے پیچھے سے  اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔  یاد رہے کہ اس ندی پر کوئی پل نہیں ہے اور ایمبولینس کا گاؤں تک جانا ناممکن ہے۔ بتادیں کہ بھامرا گڑھ تعلقہ قبائلی اکثریتی اور نکسل متاثرہ علاقہ  ہے۔ تعلقے کے لاہیری  علاقے میں  پرائمری ہیلتھ سنٹر  ہے جہاں نہ صرف لاہیری علاقے سے بلکہ پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ سے بھی مریض آتے ہیں۔ تاہم لاہیری سے تین سے چار کلومیٹر دور گنڈینور ندی پر کوئی پل نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے قبائلیوں کو بارش کے دوران اس ندی سے جان لیوا پانی میں سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
گنڈینور ندی کی دوسری طرف کوواکوڈی، دامن مارکا، فودیواڈا، بیناگنڈہ، پونگاسور، پرمل بھٹی، گنڈینور وغیرہ گاؤں واقع ہیں۔ ایک روز قبل گنڈینور کے کٹیا کاریا پونگاٹی(۵۰) نامی شخص کو گاؤں والوں نے پرائمری ہیلتھ سنٹر، لاہیری میں علاج کیلئے داخل کروایا تھا۔ تاہم، حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے اسے فوری طور پر لاہیڑی سے دیہی اسپتال، بھامراگڑھ منتقل کیا گیا۔ وہاں علاج کے دوران کٹیا پونگاٹی کی  موت ہو گئی۔ رات کے وقت لاش کو گاؤں لے جانا ممکن نہ تھا، لہٰذا  گاؤں والے ٹریکٹر کی مدد سے گنڈینور نالے تک پہنچے۔ بارش کی وجہ سے ندی میں پانی بہت تھا۔ چنانچہ گاؤں والے کٹیا پونگاٹی کی لاش کو چارپائی پر باندھ کر ندی پار لے گئے اور گنڈینور پہنچے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر ایک بار پھر انتظامیہ کی لاپروائی زیر بحث ہے اور یہاں پل تعمیر کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK