Inquilab Logo

بی جے پی حکومت نے دُنیا بھر میں ملک کی شبیہ مجروح کردی ہے

Updated: May 01, 2021, 10:49 AM IST | Lucknow

اکھلیش یادو کی سخت تنقید، کہا کہ’’ غیر ملکی میڈیا آئینہ دکھا رہا ہے اوربیرونی حکومتیںپروازوں پر پابندی لگارہی ہیں، تب بھی ہوش نہیں آرہا ہے ‘‘

samajwadi party chief Akhilesh Yadav.Picture:Midday
جوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو تصویر مڈڈے

جوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے   مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے ملک کی دنیا بھر میں شبیہ مجروح ہوئی ہے اور غیر ملکی میڈیا ہمیں آئینہ دکھا رہا ہے جبکہ بیرون ممالک کی حکومتیں ہندوستان سے پروازوں پر پابندی عائد کررہی ہیں اور اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ایڈوائزری جاری کررہی ہیںمگر بی جے پی لیڈروںکا تکبر اور ہٹ دھرمی پھر بھی برقرارہے ۔ بی جے پی  اپنی ناکامی اور غلطی کا اعتراف کرنے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کے بجائے انہیں بدنام کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ تو  تیس مار خان بن کر اب بھی جھوٹے وعدے کرتے چلے جارہے ہیں جبکہ زمینی حقائق روز سب کے سامنے آرہے ہیں۔
 سابق وزیر اعلیٰ اور ایس پی سربراہ اکھلیش یادو  کے مطابق کورونا کو مات دینے کےلئے سیاسی پارٹیوںاور عوام کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں کے لوگوں کے تعاون کی ضرورت ہے مگر کریڈٹ لینے کے چکر میں یہ کسی سے تعاون نہیں لیں گے۔انہوں نے وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لئے بغیر سخت حملے کئے اور کہا کہ ہر مورچہ پر ناکامی کے باوجود یہ ڈھٹائی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ آج اسپتالوں میں بھی لوگ محفوظ نہیں۔ان کی زندگی دائو پرہے، دوائیں مل رہی ہیں نہ آکسیجن۔بیڈ کی مارا ماری ہےپھر بھی لوگوں کی سانسوں سے کھلواڑ جاری ہے۔اسپتالوں میں، گیٹ پر اور سڑکوں تک  پرلوگ دم توڑ رہے ہیں۔مرنے کے بعد بھی آخری رسومات کے لئے در در بھٹکنا پڑرہا ہے اور گھنٹوں قطاروں میں باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں شمشان بھی ایک کاروبار بن گیا ہےجو شرمناک ہے۔ 
 پنچایت الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ اگر یہ حکومت حساس ہوتی تو ۷۰۰؍سے زائد اساتذہ کو جان نہیں گنوانی پڑتی۔ان کی موت کی  ذمہ دار یوگی حکومت ہے۔یہی نہیں، اب بھی سبق نہیں سیکھ رہی ہےاورہزاروں کورونا پازیٹیو اساتذہ و دیگر ملازمین کو ووٹ شماری کی ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے۔ انہیں ڈیڑھ سال کا وقت ملا تھا لیکن انہوں نے صرف شعبدہ بازی میں اسے گنوادیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK