Inquilab Logo

بی جے پی نے پیسہ، طاقت اور اقتدار کا غلط استعمال کیا

Updated: June 28, 2021, 1:25 PM IST | Agency/Inquilab News Network | Lucknow

ضلع پنچایت صدر الیکشن میں یو پی کے ۲۰؍ اضلاع میں بی جے پی امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یاد و کا تبصرہ یوگی حکومت پر جمہوریت کے قتل کا الزام۔پریا گ راج میں ایس پی کا مظاہرہ ، وزیراعلیٰ یو گی آدتیہ ناتھ کا علامتی پتلا جلا یاگیا ، ۲۵؍ سے زائد کارکن زیر حراست

Police are trying to stop SP workers in Prayag Raj..Picture:INN
پریاگ راج میںپولیس ایس پی کارکنوں کو روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ ۔تصویر :پی ٹی آئی

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کاکہنا ہے : ’’ بی جے پی نے پیسہ ، طاقت اور اقتدار کا غلط استعمال کیا  ہے۔ ‘‘  ایس پی سربراہ نے   بی جے پی کے تقریبا ً  ۲۰؍ضلع پنچایت صدر کے بلا مقابلہ منتخب ہونےیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ۔  یوپی ضلع پنچایت صدر کے الیکشن میںاب تک بی جے پی کا پلڑا بھاری ہے، حالانکہ ابھی الیکشن نہیں ہوئے ہیں ۔صرف پرچہ داخل کیا گیا ہے۔  الیکشن سےپہلے ہی ۲۰؍ اضلاع میں اس کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں  ۔ ایسے میں سماجوادی پارٹی نے اس پر  اعتراض کیا ہے۔  پریاگ راج اور دیگر مقامات پر مظاہرہ کیا گیا ہے۔  
   اتوار کو پریاگ راج  میں سماجوادی پارٹی  کے کارکنوں پرحملے اور دھمکانے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلا نذرآتش کیا جس کے بعد پولیس نے تقریباً۲۵؍ کارکنو ں کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی لیڈر سندیپ یادو کی قیادت میں اتوارکو پارٹی کارکن اور اہم لیڈر سبھاش چوک پر جمع ہوئے اور ضلع پنچایت صدر کے پرچہ داخلہ کے دوران امیدواروں کو پیٹنے اوردھمکا کر  پرچہ داخل کرنے سے روکنے کا الزام عائد کیا۔ ایس پی کارکنوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے علامتی  پتلے   کو آگ کے حوالے کردیا۔ اس دوران ان کی پولیس سے چھینا جھپٹی بھی ہوئی۔ پولیس نے احتجاج کر نےو الے تقریباً ۲۵؍ کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔ا س موقع سندیپ یادو نےا نتباہ دیا ہے کہ آئندہ صوبے میں  جنگل راج کیخلاف پارٹی کے کارکن جمع ہوں گے اور بڑے پیمانے پر پوری طاقت سے مظاہرہ کریں گے۔ 
  اس موقع  پر انہوں نے بتایا کہ سنیچر کو گورکھپور سمیت ۲۰؍  اضلاع میں  بی جے پی  کے کارکنان کے ذریعہ پرچہ  داخل کرنے آئے سماجوادی پارٹی کے کارکنوں اورضلع پنچایت ممبران پر حملہ کیا گیا اورانہیں ڈرا کر پرچہ داخل کرنے سے روکا گیا ، اس طرح ان اضلاع میں بی جے پی کے امیدوار کوضلع پنچایت صدر قرار دیا گیا ہے جس سے ناراض ہوکر پریاگ راج میں پارٹی کارکنوں نے مظاہرہ کیا ۔
  اسی دوران سماجو وادی پارٹی  کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر جمہوریت کا قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ پنچایت صدور کی نامزدگی کو غیرجمہوری طریقہ سے روکے جانے سے انتخابات کی غیرجانبداری اور اس کا  تقدس پامال ہوا ہے۔ 
 یادو نے اتوار کو کہا کہ  وارانسی اور گورکھپور میں ضلع پنچایت اراکین کے انتخابات میں بی جے پی کو بری طرح شکست ملی تھی۔ اس حالت میں ان کے صدور کا بلا مقابلہ منتخب ہونا ایک کرشمہ سے کم نہیں ہے۔ پیسے ،اقتداراور طاقت کے اس غیراخلاقی کھیل سے بی جے پی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عوامی تائید کا احترام نہیں کرنا چاہتی ہے، اس کا ارادہ اس کو کچلنے کا  ہے۔
 انہوں نے کہاکہ اصل میں بی جے پی نے گزشتہ ساڑھے ۴؍ برس میں عوام کو ہر قدم پر دھوکہ دیا ہے۔ عوامی استعمال کی ہر چیز بی جے پی کی حکومت میں مہنگی ہوئی ہے۔ امن وقانون کی صورتحال تباہ ہوئی ہے۔ کورونا انفیکشن میں ہزاروں جانیں گئیں ۔  علاج  اور دوا کی کمی سے لوگ تڑپتے رہے۔ کسان اپنے مطالبات پر تحریک چلا رہے ہیں اور بی جے پی حکومت ان کے مطالبات پر غور کرنے کے بجائے انہیں بے عزت کررہی ہے۔ نواجوانوں کے پاس ملازمت اور روزگار نہیں ہے۔ ریاست میں ترقیاتی پروجیکٹ ٹھپ ہیں۔بی جے پی سب سے انتقام لینے میں مصروف ہے۔ جمہوریت کو نظرانداز کرنا بی جے پی کو بہت مہنگا پڑے گا۔ عوام۲۰۲۲ءمیں مکمل حساب لیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK