Inquilab Logo

ممبئی کی تاریخی جامع مسجد کے حوض کی صفائی مکمل

Updated: June 21, 2021, 11:49 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Crawford market

آکسیجن پلانٹ اور تزئین کاری جاری ۔ حوض کے چشموں سے نکلنے والے پانی کے نمونوں کی جانچ کی گئی ۔حوض کا‌ڈیجیٹل سروے بھی کیا گیا۔ روزانہ کئے جانے والے کاموں کی تفصیلات قلمبند کی گئیں تاکہ مستقبل میں اس سے مدد لی جاسکے۔۶؍ لاکھ روپے کا صرفہ آیا

 The first picture of the pool of the mosque was taken during the cleaning and the second picture was taken after the cleaning.Picture:INN
جامع مسجد کے حوض کی پہلی تصویر صفائی کے دوران اور دوسری تصویر صفائی کے بعد کی ہے۔ تصویر: شاداب خان

:ممبئی کی تاریخی قدیم وسیع وعریض جامع مسجد کے حوض کی صفائی کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ پانی کو ہمیشہ صاف وشفاف رکھنے کیلئے اب  آکسیجن پلانٹ اورتزئین کاری جاری ہے۔حوض میں‌ مختلف جگہ پھوٹنے والے چشموں کے پانی کے نمونے لے کر لیباریٹری میں‌ اس کی جانچ کروائی گئی تو بہت خوشگوار نتائج برآمد ہوئے اور معلوم ہوا کہ یہ پانی عمدہ قسم کا ہے۔
 ریکارڈنگ اور ڈیجیٹل سروے سے مدد ملے گی
  حیرت کی بات ہے کہ ۲۲۰؍سال پرانی اس تاریخی جامع مسجد کی  بنیادیں حوض پر قائم ہیں لیکن پانی پر ہونے کے باوجود بنیادوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔۲۲؍ سال کے بعد حوض کی مکمل صفائی کا کام۲۷؍مئی کو شروع کیا گیا تھا۔  چنانچہ حوض کا‌ ڈیجیٹل سروے کروایا گیا ، کئے جانے والے کاموں کی۲۴؍ گھنٹے ریکارڈنگ کی گئی اور روزانہ کئے جانے والے کاموں کی تفصیلات کو قلمبند کیا گیا تاکہ مستقبل میں جب اس طرح کی ضرورت محسوس کی جائے تو ڈیجیٹل سروے اور قلمبند کی گئیں تفصیلات سے مدد لی جاسکے نیز یہ اندازہ ہوسکے کہ اس دوران کیا کیا کام کئے گئے تھے۔ چشموں سے نکلنے والے پانی سے اب تک تقریباً۴؍ فٹ تک حوض بھر ہوچکا ہے۔ حوض کی صفائی کا‌پورا کام جامع مسجد ٹرسٹ کے رکن ابراہیم بوبیرے کو سونپا گیا تھا اور وہ مختلف ایجنسیوں سے یہ کام کروارہے ہیں۔ حوض میں موجود مچھلیوں کو بحفاظت نکالنے اور دیکھ ریکھ کی ذمہ داری میڈ اوور فشر کمپنی کو دی گئی ۔ ابتداء میں حوض کی صفائی کے کام پر ۱۰؍ تا۱۲؍ لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا لیکن پانی کی نکاسی اور دیگر کاموں کیلئے رکن اسمبلی امین پٹیل اور کارپوریٹر جاوید جنیجا کےخصوصی تعاون کے ساتھ مچھلی پکڑنے والی کمپنی کی مسجد کیلئے خصوصی رعایت  کے سبب خرچ کافی کم بلکہ آدھا ہوگیا۔ 
’’چشموں کو بند کردیا گیا ہوگا‘‘
  حوض کی صفائی کے دوران انجینئروں  اور آرکیٹیکٹ نے مسجد کی دیواروں سے نکلنے والے پانی کے تعلق سے یہ امکان ظاہر کیاتھا کہ شاید پہلے کی گئی صفائی کے دوران حوض کی نچلی سطح میں جو چشمے پھوٹے تھے،  ان میں سے کچھ کو بند کر دیا گیا ہوگا جس کی وجہ سے پانی نے راستہ بدل لیا  ہوگا ۔ اسی کے پیش نظر دیواروں میں جہاں جہاں سے پانی نکل رہا تھا،  اس کو بند کرکے حوض کی نچلی سطح میں کچھ جگہوں کو توڑا گیا تاکہ دیوار کے بجائے زمین سے پانی نکلے اور دیواروں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ 
ہفتہ دس دن میں بیوٹیفکیشن کا کام مکمل ہونے کی امید
  پانی کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے آکسیجن پلانٹ کی تنصیب اور بیوٹیفکیشن (تزئین )کا کام ایک ہفتے سے۱۰؍ دن میں مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ حوض میں موجود مختلف اقسام کی مچھلیوں کو جنہیں صفائی کے دوران نکال کر متبادل تالاب میں رکھا گیا تھا، انہیں بحفاظت حوض میں ڈال دیا گیا ہے۔یہ تفصیلات ممبئی جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب خطیب نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK