Inquilab Logo

کورونا کی وبا میں شدت، بیرونِ ملک سے آمد پر ۷؍ دن کا قرنطینہ لازمی

Updated: January 08, 2022, 11:20 AM IST | Agency | New Delhi

؍ ۲۴؍ گھنٹوں میں کووڈ کے ایک لاکھ ۱۷؍ ہزار نئے معاملوں نے انتظامیہ کو فکر مند کردیا، مرکز متحرک، ریاستوں کو آکسیجن کا انتظام درست رکھنے کی ہدایت

 The Center has directed the states to be vigilant in providing oxygen.Picture:INN
مرکز نے ریاستوں کو آکسیجن کے انتظامات میں چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ تصویر: آئی این این

  ملک میں کورونا کی وبا  میں آرہی تیزی اور حالات کو بے قابو ہوتا ہوا دیکھ کر حکومت نے احتیاطی اقدامات مزید سخت کردیئے ہیں۔ اس کے تحت اب بیرون ملک سے آنے والے تمام افراد کیلئے ہندوستان پہنچنے پر ۷؍ دنوں کا قرنطینہ لازمی کردیاگیاہے۔اس بیچ جمعہ کو ۲۴؍ گھنٹوں میں ملک میں ایک لاکھ ۱۷؍ ہزار نئے معاملات آئے ہیں۔ ۷؍ ماہ میں یہ پہلا موقع ہے جب ایک دن میں کورونا کے اتنے معاملات سامنے آئے ہیں۔ 
؍۲۴؍ گھنٹوں میں  ۲۸؍ فیصد کا اضافہ
 جمعرات کو  ملک بھر سے کورونا کے۹۰؍ ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے تھے لیکن۲۴؍ گھنٹوں کے دوران معاملوں میں۲۸ء۸؍ فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ہندوستان میں۷؍ مہینے کے بعد نئے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز ہوئی ہے۔ اس سے قبل۶؍ جون کو ایک لاکھ سے زیاہ کورونا کے کیسز درج کئے گئے تھے۔ ملک میں اب تک کورونا کے۳؍ کروڑ ۵۲؍ لاکھ ۲۶؍ ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
مہاراشٹر میں ۳۶؍ ہزار کیس، سرفہرست
 گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں۳۶؍ہزار ۲۶۵ ،مغربی بنگال میں۱۵؍ ہزار  ۴۲۱،  ، دہلی میں۱۷؍ہزار، تمل ناڈو میں ۷؍ ہزار  اور کرناٹک میں۵؍ ہزار  معاملے درج کئے گئے ہیں۔ ہندوستان میں مجموعی معاملات  میں سے ۶۷ء۲۹؍ نئے معاملے مذکورہ ۵؍ ریاستوں  میں ہیں۔ ملک میں کورونا کے کل معاملوں میں سے  ۳۰ء۹۷؍ فیصد معاملے مہاراشٹر سے وابستہ ہیں۔ ہندوستان میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۳۰۲؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ملک بھر میں اب تک۴ء۸۳؍ لاکھ لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ ہندوستان میں شفایابی کی شرح۹۷ء۵۷؍ فیصد ہے۔ گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میں ملک بھر کے ۳۰؍ ہزار ۸۳۶؍ مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی۔ اب تک مجموعی طور پر۳؍کروڑ ۴۳؍لاکھ  ۷۱؍ ہزار  افراد کورونا سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
 ریاستوں کو آکسیجن کا نظام درست رکھنے کا حکم 
  مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا ہے کہ ریاستوں کو مرکزی فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے جنگی بنیادوں پر آکسیجن پلانٹ نصب کرنے چاہئے اور انہیں فعال حالت میں رکھنا اولین ذمہ داری ہونی چاہئے۔بھوشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ جمعہ کو ایک آن لائن جائزہ میٹنگ میں کہا کہ کووڈ کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے پیش نظر آکسیجن پلانٹس کو فعال حالت میں ہونا چاہیے ۔ متاثرین کو آکسیجن فراہم کرنے کے انتظامات بھی درست ہونے چاہیے ۔ جن اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس لگائے جانے ہیں، وہاں جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور متعلقہ آلات اور تربیت یافتہ اہلکار تیار کئے جانے چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو اس ذمہ داری کو ترجیحی بنیادوں نبھانا چاہئے۔
 جائزہ میٹنگ میں   مرکزی سیکریٹری  نے ریاستوں میں کورونا وبا ء کی صورتحال اور مؤثر انتظامات کے لیے وینٹی لیٹرز، آکسیجن پلانٹس، آکسیجن کنسنٹریٹر اور آکسیجن سلنڈر سمیت آکسیجن آلات کی تیاری کا بھی جائزہ لیا۔
 بیرون ملک سے آنے والوں کو ۷؍ دن کا قرنطینہ
  حکومت کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسیز سے نمٹنے کیلئے مسلسل گائیڈ لائنس جاری کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایک اور بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا کے بڑھتے کیسیز کے پیش نظر حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کیلئے ۷؍دنوں کے ہوم آئسولیشن کو لازمی قرار دے دیا ہے ۔ یعنی اگر کوئی بین الاقوامی مسافر ہندوستان آتا ہے تو سب سے پہلے اس کو۷؍دنوں تک ہوم آئسولیشن میں رہنا ہوگا ۔
 اطلاعات  کے مطابق۷؍دنوں تک ہوم آئسولیشن میں رہنے کے بعد آٹھویں دن ان کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا ۔ حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنس میں کہا گیا ہے کہ نیا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر ۱۱؍ جنوری سے اگلے حکم تک نافذ  رہے گا ۔ دراصل کورونا کے جو معاملات سامنے آرہے ہیں ، ان میں سے زیادہ تر ایسے ہیں جو حال ہی میں بیرون ملک سفر کرکے واپس لوٹے ہیں ۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کورونا کے معاملات کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے۔ جاری حکم کے مطابق ہندوستان کا سفر کرنے کا ارادہ بنانے والے سبھی لوگوں کو پہلے آن لائن ایئر سوویدھا پورٹل پر سیلف ڈکلیریشن فارم میں پوری اور حقائق پر مبنی معلومات دینی ہوں گی  جبکہ سفر شروع کرنے سے ۷۲؍گھنٹوں کے اندر ایک کورونا منفی آر ٹی پی سی آر رپورٹ بھی اپ لوڈ کرنی ہوگی ۔ اس کے علاوہ ہندوستان آنے پر جن لوگوں کو ٹیسٹ کی ضرورت ہے، انہیں پورٹل پر ٹیسٹ کی آن لائن پری بکنگ بھی کرنی ہوگی ۔ ہائی رسک کے ممالک   کے  مسافروں کی رپورٹ مثبت آتی ہے ، تو سخت آئیسولیشن پروٹوکال پر عمل کرنا پڑے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK