Inquilab Logo

خستہ حال باندرہ اسکائی واک کوبی ایم سی نےمنہدم کردیا

Updated: April 28, 2022, 1:42 AM IST | Mumbai

اس پل کے دیگر حصے کو توڑنے کا کام بھی شروع ۔کلانگرجنکشن تک کا حصہ ایم ایم آر ڈی اے منہدم کرے گا ۔ یہ شہر کا سب سے پہلا اسکائی واک تھاجسے ۳؍ سال قبل بند کردیاگیا تھا

Part of the Skywalk can be seen lying on the road after the demolition.
انہدام کے بعد اسکائی واک کا ایک حصہ سڑک پر پڑا دیکھا جاسکتا ہے ۔ (تصویر:سمیرمارکنڈے)

یہاں مشرقی جانب  کے اسکائی واک کو خستہ حال قرار دے کر ۳؍سال  قبل بند کردیاگیا تھا  اور اب تک  اس کی تعمیر کا کام شروع نہیں ہوا تھا ۔ آخرکار بی ایم سی نے اسےمنہدم کرنے کا کام شروع کردیا ہے اور باندرہ اسٹیشن سے باندرہ کورٹ تک کے حصے کو منہدم کردیا ہے اور اس کی تعمیر کاکام بھی شروع کردیا ہے جبکہ یہ بھی واضح  ہوچکا ہے کہ ایم ایم آر ڈی اے باندرہ اسٹیشن سے کلانگر جنکشن کے تک کے حصے کو تعمیر کرنے کی ذمہ داری ادا کرے گا۔
 اس بارے میں ممبئی مضافات کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے منگل کو ٹویٹ کیا کہ ’’ میں نے ایم ایم آر ڈی اے کے کمشنر سرینیواس سے گفتگو کی ہے اور کلانگرجنکشن سے باندرہ اسٹیشن تک کےاسکائی واک کے حصے کی بحالی تیزی سے کرنے کی درخواست کی ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے  اس کی کارروائی میں جلد پہل کرے گا۔‘‘
 میٹروپولیٹن کمشنر ایس وی آر سرینیواس نے اس بارے میں اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ اس پر اندرونی کام شروع ہوگا اور ہم بی ایم سی سے بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔‘‘ میونسپل افسرنے کہا کہ  ابھی تک اس تعلق سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے اور وہ ایم ایم آر ڈی اے سے تعاون کریں گے۔
 واضح رہے کہ  باندرہ مشرق کا یہ پل شہر کا سب سے پہلا اسکائی واک تھا جسے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) نے ۲۰۰۸ء میںتعمیر کیا تھا۔ تاہم سی ایس ایم ٹی کے ہمالیہ بریج سانحہ کےبعد اس اسکائی واک کابھی  اسٹرکچرل آڈٹ کیاگیا تھا جس کے بعد  اسے ۲۰۱۹ء میں بند کردیا گیاتھا۔
 ۳؍ سال کے بعد بالآخر اس اسکائی واک کی دوبارہ تعمیر کا کام شروع ہوا اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ۲؍ ہفتے قبل اسکائی واک کے ایک حصے کی تعمیر کا کام شروع کردیا۔ یہ حصہ اننت کانیکر مارگ پر مسافروں کو مصروف ترین اسٹیشن روڈ کی بھیڑبھاڑ سے بچانے میں مددگار ہوگا۔
 ایک میونسپل افسر نے بتایا کہ ’’پورے اسکائی واک کی تعمیر پر ۱۵؍ کروڑ روپے کا تخمینہ ہے اس لئے ہم نے اس حصے کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جسے زیادہ تعداد میں مسافر استعمال کرتے ہیں۔  ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’نئے ڈھانچے کی زندگی کم از کم ۴۰؍ سال   ہوگی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ اسکائی واک کا دوسرا حصہ ہائی وے تک جاتا ہے اور  ایم ایم آر ڈی اے  نے اسے ایک فلائی اوور کی تعمیر کیلئے منہدم کیا ہے۔ اس لئے اس کی دوبارہ تعمیر کچھ مشکل ہے۔‘‘ واضح رہے کہ  اسکائی واک کا خستہ حال دوسرا حصہ ابھی تک زمین پر پڑا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK