Inquilab Logo

دستاویزی فلم کا خمیازہ؟ بی بی سی کے دفاتر پر انکم ٹیکس کی کارروائی

Updated: February 15, 2023, 10:08 AM IST | new Delhi

ممبئی اور دہلی میں واقع دفاتر کو نشانہ بنایا گیالیکن کارروائی کو چھاپہ قرار دینے کے بجائے صرف ’سروے ‘ کہا گیا ،اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید ، بی بی سی نے کہا کہ ہم ہرطرح سے تعاون کررہے ہیں

دہلی میں بی بی سی کے دفتر کے باہر میڈیا کے نمائندوں کا ہجوم موجود تھا جو پل پل کی خبر نشر کررہے تھے۔(پی ٹی آئی )
دہلی میں بی بی سی کے دفتر کے باہر میڈیا کے نمائندوں کا ہجوم موجود تھا جو پل پل کی خبر نشر کررہے تھے۔(پی ٹی آئی )

وہی ہوا جس کی توقع تھی ، دنیا کے معتبر میڈیا ادارے بی بی سی (برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن)کو گجرات فسادات کے تعلق سے دستاویزی فلم بنانے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔دہلی اور ممبئی میں واقع اس کے دفاتر پر منگل کی صبح  محکمہ انکم ٹیکس  بڑی کارروائی کی ۔ لیکن محکمے نے اسے چھاپہ قرار دینے کے بجائے صرف ’سروے ‘ قرار دیا اور کہا کہ فی الحال کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم    دفاتر میں موجود تھی ۔ یہ کارروائی صبح۱۱؍ بجے شروع کی گئی ۔ محکمے کی ٹیموں نے ممبئی کے بی کے سی اور کھار علاقوں میں واقع بی بی سی کے دفاتر اور دہلی میں واقع دفتر پر ایک ساتھ چھاپہ مارا۔  اس دوران  ملازمین کے فون دفتر میں جمع کرا لئے گئے جبکہ دفاتر میں کسی کے بھی آنے جانے پر روک لگا دی گئی۔ ایک رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملازمین کو بعد میں گھر بھیج دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنے کام کرسکیںبہر حال اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ بین الاقوامی ٹیکس چوری سے متعلق ہے اور محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم بی بی سی کے دستاویزات کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔
 ایجنسی ذرائع نے متنازع ڈاکیومنٹری اور حکومت کی پابندی کے بعد مارے گئے چھاپہ کو سروے قرار دیتے ہوئے  کہا کہ انکم ٹیکس کی چوری اور بے ضابطگی برتے جانے کے شبہ کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ اس سروے کے ذریعہ ادارے کے ذریعہ برتی جانے والی بے ضابطگی اور انکم ٹیکس کی چوری کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ محکمے نے یہ واضح کیا کہ بی بی سی کو اس معاملے میں پہلے بھی کئی نوٹس دئیے جاچکے ہیں لیکن انہوں نے تعاون نہیں کیا جس کے بعد یہ کارروائی کی جارہی ہے ۔  اس کے تحت محکمہ نے متعدد دستاویز ضبط کرلئے ہیں جبکہ کچھ کمپیوٹرس اور لیپ ٹاپ بھی ضبط ہوئے ہیں۔ ملازمین کے موبائل فونز کے تعلق سے محکمے نے کہا کہ وہ ملازمین کو لوٹادئیے گئے ہیں لیکن اس سے قبل  تمام موبائل فونز کی ’کلوننگ‘ کرلی گئی ہے تاکہ تمام باتوں کی باریکی سے جانچ کی جاسکے اور ٹیکس چوری کے سلسلے میں تفتیش آگے بڑھائی جاسکے۔ دہلی میں واقع بی بی سی آفس کے علاوہ  ممبئی کے بی کے سی اور  سانتا کروز علاقوں میں واقع نیوز ایجنسی کے دفتر پر کی جانے والی کارروائی کے دوران وہاں ایجنسی نے  اکاؤنٹس اور فائنانس ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ چند افراد سے بینک اکاؤنٹ اور دیگر دستاویزات کی تفصیلات حاصل کیں اور پھر اس کی نقل لے کر انہیں دستاویزات لوٹا دیئے  ۔ اس کے علاوہ ایجنسی کے افسران نے دفتر میں موجود کمپیوٹر ، ڈیسک ٹاپ اور ہارڈ ڈیسک کا بھی جائزہ لیا۔ ساتھ ہی انکم ٹیکس افسران نے یہ وضاحت کی کہ کمپنی کے کسی بھی پرموٹر یا ڈائریکٹر کی رہائش گاہ پر سروے نہیں کیا گیا ہے۔

 

BBC Office Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK