Inquilab Logo

بنابورڈ امتحان کے ایس ایس سی کا پہلا رزلٹ، تقریباً تمام طلبہ کامیاب

Updated: July 16, 2021, 11:51 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مجموعی طور پر ریاست بھر میں ۹۹ء۹۵؍ فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ۔ کوکن بورڈ میں صدفیصد طلبہ پاس۔ بقیہ ۸؍ بورڈ میں کامیابی کا تناسب تقریباً ایک جیسا۔ اس بار بھی کامیابی کے معاملے میں لڑکیاں لڑکیوں سے آگے۔ حالانکہ مجموعی طور پر ایک فیصد سے بھی کم کا فرق۔ ریپیٹرس کا رزلٹ بھی ۹۰؍ فیصد سے زائد۔کوئی ری چیکنگ یا ری ویلویشن کی سہولت نہیں

Across the state, only 0.5 percent of students have failed.Picture:Agency
ریاست بھر میں مجموعی طور پر صرف ۰ء۰۵؍فیصد طلبہ فیل ہوئے ہیں تصویر: ایجنسی

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آ ف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے ایس ایس سی(دسویں) کے  نتائج  جمعہ کی دوپہر ایک بجے  آن لائن جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ اس مرتبہ ریاستی بورڈ کا رزلٹ اب تک کا سب سے زیادہ بلکہ تقریباً ۱۰۰؍ فیصد رہاہے۔ پاس ہونے والے طلبہ کا تناسب    ۹۹ء۹۵؍ فیصد ر ہے۔  واضح رہے کہ کورونا کے سبب امسال ایس ایس سی  کا بورڈ امتحان  منعقد نہیں کیا گیا تھا بلکہ نویں  اور دسویں جماعت کی مشترکہ کارکردگی پر طلبہ کو انہی کے اسکول سے مارکس دیئے گئے ہیں۔   ریاستی ایجوکشن بورڈ کے ذرائع کے مطابق بورڈ کو ایس ایس سی امتحانات کیلئے ۹؍ ڈیویژن سے کل ۱۵؍ لاکھ ۷۵؍  ہزار ۸۰۶؍ درخواست موصول ہوئی تھیں ان میں سے ۱۵؍ لاکھ ۷۵؍ ہزار ۷۵۲؍ کے مارکس متعلقہ اسکولوں سے موصول ہوئے۔ ا ن میں سے ۱۵؍ لاکھ ۷۴؍ ہزار ۹۹۴؍ طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر  ۹۵ء۹۵؍ فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس مرتبہ ۸۲؍ ہزار ۸۰۲؍ ریپیٹرس نے بھی امتحان میں شرکت کی درخواست دی تھی   جن میں سے ۸۲؍ ہزار ۳۷۵؍ طلبہ نے تعلیمی  سرگرمیوں میں حصہ لیا اور ۷۴؍ ہزار ۶۱۸؍ طلبہ کامیاب ہوئے اس طرح ریپیٹرس کا  رزلٹ بھی ۹۰ء۲۵؍ فیصد رہا۔
مارکس کس طرح دیئے گئے 
 کورونا سے طلبہ کو محفو رکھنے کیلئے ۱۲؍ مئی ۲۰۲۱ء کو ریاستی حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ ( ایس ایس سی) کا بورڈ امتحان منسوخ کیا جائے ۔ پھر  ۲۸؍مئی کو اسکولی سطح پر اسے منعقد کرنے کا  اعلان کیا گیا  ۔ ایس ایس سی کے امتحان کے مارکس اس  طرح دیئے گئے ہیں: نویں جماعت کے کارکردگی سے ۵۰؍ فیصد نمبرات  ، ۳۰؍ فیصد دسویں جماعت کے سالانہ سرگرمیوں سے اور ۲۰؍ فیصد مارکس پریکٹیکل یا ہوم ورک یا اسائنمنٹ سے  دیئے گئے ہیں۔
  بورڈ امتحان کی طرح اسکول کی سطح پر تیا رکئے گئے اس رزلٹ میں بھی بیسٹ آف ۵؍  فارمولہ پر ہی عمل کیا گیا اور ان پانچ مضامین پر فائنل رزلٹ تیار کیا گیا ہے جن میں طلبہ کو زیادہ نمبر ملے ہیں۔امسال چونکہ بورڈ امتحان منعقد نہیں کیاگیا ہے اس لئے  ری چیکنگ یا  ری ویلویشن کی سہولت بھی نہیں دی گئی ہے۔ 
ریاست کے ۹؍ ڈیویژن کے نتائج 
 ریاستی ایجوکیشن بورڈ سے حاصل کردہ اطلاع کے مطابق ریاست کے ۹؍ ڈیویژن کا مجموعی رزلٹ ۹۹ء۹۵؍ فیصد رہا اور کوکن صد فیصد رزلٹ کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ امراؤتی ۹۹ء۹۸؍ فیصد رزلٹ کے ساتھ دوسرے مقام پر اور ممبئی سمیت ۵؍ ڈیویژن کا رزلٹ ۹۹ء۹۶؍ فیصد رہا اور وہ تیسرے مقام پر رہے۔ جبکہ سب سے کم ۹۹ء۸۴؍  فیصد ناگپور ڈویژن  کا رہا ۔
امسال بھی طالبات طلبا سے آگے
 امسال بھی لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد ۹۹ء۹۶؍ فیصد  آیا  جبکہ لڑکوں کا رزلٹ ۹۹ء۹۴؍ فیصد رہا ۔ اس طر ح امسال بھی اپنی برتری کو قائم رکھتے ہوئے طالبات  نے ۰ء۰۲؍ فیصد بہتر رزلٹ لایا۔
کلاس امپرومنٹ اسکیم کے طلبہ کیلئے اطلاع
 ایجوکیشن بورڈ کے مطابق  اپنے رزلٹ بہتر کرنے کیلئے دوبارہ امتحان میں شرکت والی ’ کلاس امپرومنٹ اسکیم‘ کے تحت جن طلبہ نے فارم  پُر کئے تھے ان کے نتائج ظاہر نہیں کئے گئے ہیں  ۔ یہ امتحان ایسے طلبہ کیلئے تھا۔ البتہ  زیادہ سے زیادہ ۲؍ مرتبہ بورڈ  امتحان دینے کا ان کا اختیار محفوظ رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK