• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیا سال، نئی سوچ؛ منفرد عزائم ہی بنا ئینگےآپ کو منفرد!

Updated: January 02, 2026, 6:18 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

اپنے آپ کو وقت کے ساتھ بدلنا اور بدلتے رہنا دانشمندی ہے، اس لئے عزائم طے کرکے ان پر عمل کریں، سال کے آخر تک آپ خود کا بہتر اور’’اَپ گریڈیڈ‘‘ ورژن تیار پائیں گے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ہر نیا سال محض کیلنڈر بدلنے کا نام نہیں ہوتا بلکہ یہ خود احتسابی، سمت کے تعین اور نئے عزائم طے کرنے کا بھی موقع ہوتا ہے، خصوصاً طلبہ کیلئے جو کل کی دنیا کی مضبوط بنیاد ہیں۔ نیا سال ایک سوال بن کر آتا ہے: ہم کس طرح کے انسان بننا چاہتے ہیں ؟ ہم ایک ایسے دور میں ہیں جہاں معلومات کی فراوانی مگر دانائی کی کمی ہے، رابطے آسان ہیں مگر تعلقات مشکل، اور مواقع بے شمار ہیں مگر درست سمت واضح نہیں ہے۔ ایسے ماحول میں طلبہ اگر صرف نمبروں، ڈگریوں اور قلیل مدتی کامیابیوں تک محدود رہیں تو وہ شاید آگے تو بڑھ جائیں مگر مضبوط نہ بن سکیں۔ اسی احساس کے تحت ذیل میں ۲۰؍ عزائم درج ہیں۔ یہ عزائم ایک ایسے طالب علم کا خاکہ پیش کرتے ہیں جو سوچنے والا، سیکھنے والا، سوال کرنے والا اور ذمہ دار شہری ہو۔ ایک ایسا طالب علم جو مختلف علوم کو ٹکراؤ نہیں ان میں توازن دیکھتا ہو، جو اختلاف میں بھی شائستگی جانتا ہو، اور جو کامیابی کے ساتھ اخلاق کو بھی لازم سمجھے۔ اگر نئے سال میں طلبہ ان عزائم کو محض پڑھنے کے بجائے انہیں اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان پر عمل کر لیں تو یہ سال ان کی زندگی ہی نہیں، معاشرے کو بھی بدل سکتا ہے۔ 
آج کا طالب علم ایک ایسے دور میں جی رہا ہے جہاں مقابلہ زبردست اور ارتکاز نہیں ہے۔ سوشل میڈیا، آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور تیز رفتار دنیا کے درمیان طلبہ اکثر یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ اپنی شخصیت منفرد اور بہتر کیسے بنائیں گے۔ اپنے آپ سے سوال کیجئے؛ کیا آپ صرف الگورتھم کے مطابق سوچیں گے؟ کیا آپ صرف وہی سیکھیں گے جو ٹرینڈ میں ہے؟ یا اپنے لئے ایک گہری اور مضبوط سمت خود متعین کریں گے؟ یہ عزائم طلبہ کو غور و فکر پر مجبور کرتے ہیں کہ وہ صرف امتحان کی تیاری نہ کریں بلکہ عملی زندگی کی بھی تیاری کریں۔ زبانیں سیکھیں۔ ٹیکنالوجی استعمال کریں مگر اپنی سوچ اس کے حوالے نہ کریں۔ خواب دیکھیں اور انہیں پانے کی کوشش کریں۔ یہ عزائم طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے اعتماد میں اضافہ کریں گے۔ یہ اس بات کی نشاندہی کریں گے کہ مہارت، اخلاق، ذہنی مضبوطی اور انسانیت، یہ سب ایک انسان کو مکمل بناتے ہیں۔ آپ کیلئے یہ یاد دہانی ہے کہ دنیا بدلنے سے پہلے خود کو سنوارنا ضروری ہے۔ اور اگر آپ نے اپنے اندر یہ تبدیلیاں پیدا کر لیں تو آپ کا شمار زمانے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کرچلنے والوں میں ہوگا۔ 
I will learn multiple languages
میں مختلف زبانیں سیکھوں گا/سیکھوں گی
موجودہ دور میں یہ اہم ہے کہ مختلف زبانیں سیکھی جائیں۔ اس سے کمیونکیشن اسکلز میں نکھار آئے گا اور آپ مختلف زبانوں کے ماہر سے رابطہ رکھ سکیں گے۔ 
I will read thinkers, not just influencers
انفلوئنسرز کے بجائے مفکرین کا مطالعہ
سطحی مواد کے بجائے ان کتابوں اور خیالات کا مطالعہ ضروری ہے جو انسان، معاشرہ اور تاریخ کو سمجھنے میں معاونت کریں۔ دیرپا فہم حاصل کر یں۔ 
I will train my mind like an athlete
ذہن کی تربیت ایک کھلاڑی کی طرح 
جس طرح ایک کھلاڑی جسمانی طاقت کیلئے کڑی مشق کرتا ہے، ٹھیک اسی طرح صبر، توجہ اور نظم و ضبط کے ذریعے آپ اپنے ذہن کو مضبوط بنایئے۔ 
I will stop shrinking my identity to fit rooms
اپنی شناخت کو قبول کرنا
کسی بھی جگہ خود کو کم تر ثابت کرنے یا چھپانے کے بجائے، اپنی قابلیت، اخلاق اور محنت کے ذریعے اپنی پہچان بنائیں۔ اصل قبولیت خودداری سے آتی ہے۔ 
I will build global competence over grades
نمبروں سے زیادہ عالمی صلاحیتوں پر کام
اپنی تعلیم کو سرحدوں تک محدود نہ کریں۔ زبانیں، ثقافتی فہم، عالمی مسائل اور جدید مہارتیں سیکھیں تاکہ دنیا کے کسی بھی حصے میں خود کو مؤثر ثابت کر سکیں۔ 
 I will master a skill that can feed me anywhere
ایک ایسی مہارت جو کہیں بھی خود کفیل بنا سکے
ایک ایسی اسکل ضرور سیکھئے جو جغرافیہ، حالات یا ڈگری کی محتاج نہ ہو۔ اس سے آپ کو دنیا کے کسی بھی حصے میں روزگار ملے گا اور آپ کا اعتماد بڑھے گا۔ 
I will document my growth, not perfection
ترقی کا ریکارڈ، نمائش نہیں 
اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کو خاموشی سے لکھیں، ان سے سیکھیں اور آگے بڑھیں۔ سوشل میڈیا کی توثیق کے بجائے ذاتی بہتری کو ترجیح دیں۔ 
I will stop outsourcing my thinking
اپنی سوچ کو الگورتھم کے حوالے نہ کرنا
ٹیکنالوجی اور اے آئی کو سہولت کے طور پر استعمال کریں، اس پر ۱۰۰؍ فیصد انحصار نہ کریں۔ خود سوچنے، سوال کرنے اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت زندہ رکھیں۔ 
I will be comfortable being the beginner
شروع سے سیکھنے میں کبھی نہیں گھبرانا
ہر ماہر شخص نے ابتداء سیکھنے سے کی تھی۔ آپ بھی انا کے بجائے سیکھنے کو ترجیح دیں۔ نئے شعبے میں قدم رکھتے وقت جھجک نہیں بلکہ تجسس ہونا چاہئے۔ 
I won`t measure myself by others` timelines
اپنا موازنہ دوسروں سے نہ کرنا
اپنا موازنہ دوسروں سے نہ کرنا سب سے اہم ہے۔ اپنی رفتار، حالات اور سفر کو قبول کریں۔ یہ سمجھیں کہ دیر سے کھلنے والے پھول بھی خوشبو بکھیرتے ہیں۔ 
I will learn how to speak publicly with calm
اعتماد کے ساتھ بات چیت/ تقریر
کسی بھی موضوع پر اظہار خیال سے نہ گھبرائیں۔ عوامی گفتگو، اظہار اور دلیل کے فن پر کام کریں تاکہ آپ کی بات اور آواز میں وزن ہو اور اسے سنا جا ئے۔ 
I will aim to leave rooms better than I found them
جہاں بھی جاؤ، اس جگہ کو تھوڑا بہتر بناؤ 
آپ جہاں بھی جائیں، وہاں اپنے رویے، اخلاق اور عمل سے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ اپنی موجودگی کو بوجھ نہیں بلکہ قابل قدر بنائیں۔ 
I will learn to embrace discomfort
مشکلوں سے سیکھنا
بے چینی، بے اطمینانی یا مشکل حالات سے بھاگنے کے بجائے انہیں سمجھیں اور ان کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان کا مقابلہ کریں۔ ان کا حل نکالیں۔ 
I will build a personal code of ethics
اپنے اخلاق کی بہتری
کریئر اور کامیابی ضروری ہیں مگر ان کے پیچھے بھاگتے ہوئے اپنے اصول قربان نہ کریں۔ یہ طے کریں کہ کن چیزوں پر سمجھوتہ ہوگا اور کن پر نہیں۔ 
I`ll learn to listen deeply, not just to respond
سننے کا فن، صرف جواب دینے کیلئے سننا نہیں 
صرف اپنی بات کہنے کے بجائے دوسروں کی بات توجہ سے سنیں۔ سامنے والے کو سنیں بھی تو بہتر مشورہ دینے کیلئے، صرف جواب دینے کیلئے نہیں۔ 
I will study injustice without becoming bitter
ناانصافی کا مطالعہ، بغیر کڑواہٹ کے
ہر چیز مساوی یا متوازن نہیں ہے۔ ناانصافی کئی جگہوں پر ہے مگر انہیں دیکھ کر اپنے اندر کڑواہٹ نہ آنے دیں بلکہ اسے کم کرنے کی کوشش کریں۔ 
I will stop confusing information with wisdom
معلومات اور دانائی میں فرق
یہ سمجھیں کہ ہر دستیاب معلومات لازماً دانائی نہیں ہوتی۔ سوشل میڈیا پر موجود مواد میں سے کیا سچ ہے، کیا مفید ہے اور کیا محض شور، ان میں فرق کرنا سیکھیں۔ 
I will study history to understand the present
حال کو سمجھنے کیلئے تاریخ کا مطالعہ
ماضی کا مطالعہ کریں۔ تاریخ کو فہم، سبق اور حکمت کے طور پر پڑھیں۔ یہ سیکھیں کہ انسان نے کیسے ترقی کی۔ کیا غلط کیا اور کیا صحیح، اور اب آپ کیا کرسکتے ہیں۔ 
I will treat time assacred capital
وقت کو مقدس سرمایہ سمجھیں 
وقت کو امانت سمجھیں۔ ہر لمحے کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے آپ کو باور کرائیں کہ وقت کا ضیاع دراصل زندگی کا ضیاع ہے۔ 
I will create more than I consume
صرف استعمال کرنے والا نہیں، تخلیق کرنے والا
محض مواد دیکھنے، پڑھنے اور سننے تک محدود نہ رہیں بلکہ خیالات، حل اور بہتری پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ تخلیق کار بنیں۔ اس سے انسان بااختیار بنتا ہے۔ 
یہ عزائم آپ کی شخصیت میں ہمہ جہت نکھار پیدا کریں گے۔ ان سے آپ کو ان محاذ پر فائدہ ہوگا۔ (۱) شناخت بنا سکیں گے (۲) سوچ مثبت اور بہتر ہوگی، ہر وقت سیکھ سکیں گے اور فکری نظم و ضبط آئے گا (۳) عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنیں گے (۴) ذہنی اور جسمانی نشوونما ہوگی، اور خود مختار بنیں گے (۵) اخلاقی طور پر مضبوط ہوں گے اور مستقبل کے لیڈر بنیں گے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK