Inquilab Logo

حکومت نے خریف کی فصل کی ایم ایس پی میں اضافہ کیا

Updated: June 08, 2023, 11:43 AM IST | New Delhi

وزیراعظم کی صدار ت میں ہونے والی کابینی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے پریس کانفرنس میں تفصیلات فراہم کیں

Piyush Goyal providing information regarding the decisions taken in the Cabinet meeting.
کابینی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کےمتعلق پیوش گوئل معلومات فراہم کرتے ہوئے۔

وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو کابینہ کی اہم میٹنگ  منعقد ہوئی ۔ جس میں خریف کی فصلوں کی ایم ایس پی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی حکومت نے بی ایس این ایل کے احیاء کے لئے ۸۹؍ہزار ۴۷؍کروڑ روپے کے پیکیج کو منظوری دی ہے ۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کابینی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کی اور اس میں میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کی معلومات فراہم کی ۔ 
کس فصل کی کتنی ایم ایس پی بڑھی؟
 تفصیلات کے مطابق  حکومت نے بدھ کو سال ۲۴۔۲۰۲۳ء کےلئے  خریف فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت کا اعلان کیا، جس کے تحت دھان کی عام اور دھان گریڈ اے کی قیمتوں میں۱۴۳؍ روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مونگ کی قیمت میں۸۰۳؍ روپے فی کوئنٹل، ارہر کی قیمت میں۴۰۰؍  روپے اور اُرد کی قیمت میں۳۵۰؍ روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مونگ پھلی کی قیمت میں۵۲۷؍ روپے فی کوئنٹل اور مکئی کی قیمت میں۱۲۸؍ روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کی میٹنگ میں وزارت زراعت نے خریف کی فصلوں کی کم از کم امدادی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔۲۳۔۲۰۲۲ء میں عام دھان کی کم از کم امدادی قیمت۲۰۴۰؍ روپے فی کوئنٹل تھی جسے بڑھا کر۲۱۸۳؍ روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے۔  دھان گریڈ اے کی کم از کم امدادی قیمت ۲۰۶۰؍   روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر۲۲۰۳ ؍ روپے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے۔ گزشتہ سال مکئی کی قیمت۱۹۶۲؍ روپے فی کوئنٹل تھی جسے بڑھاکر ۲۰۹۰؍ روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے۔
 ایک پریس کانفرنس میں کابینہ کے فیصلے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے خوراک کی فراہمی اور صارفین کے امور کے وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ ۲۳۔۲۰۲۲ء میں مونگ کی کم از کم امدادی قیمت۷۷۵۵؍ روپے فی کوئنٹل تھی، جسے بڑھا کر۸۵۵۸؍روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے۔ ارہر دال کی قیمت گزشتہ سال۶۶۰۰؍ روپے فی کوئنٹل تھی جسے بڑھا کر۷؍ہزار روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے۔ اُرد کی قیمت۶۶۰۰؍ روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر۶۹۵۰؍ روپے فی کوئنٹل اور مونگ پھلی کی کم از کم امدادی قیمت۵۸۵۰؍ روپے فی کوئنٹل سے بڑھا کر۶۳۷۷؍ روپے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے۔
بی ایس این ایل کو۴؍جی اور ۵؍جی  اسپیکٹرم ملے گا
 ٹیلی کام کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے احیاء کی سمت میں بدھ کو  ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے حکومت نےفور جی /فائیو جی اسپیکٹرم مختص کرنے کیلئے۸۹۰۴۷؍ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا۔کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ حکومت حصص کی سرمایہ کاری کے ذریعہ بی ایس این ایل کو یہ اسپیکٹرم الاٹ کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی بی ایس این ایل کا مجاز سرمایہ۱ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے سے بڑھا کر۲ء۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے ہو جائے گا۔ یہ بحالی پیکیج بی ایس این ایل کو ایک مستحکم ٹیلی کام سروس فراہم کنندہ کے طور پر ابھرنے میں مدد دے گا۔
ہوڈا سٹی سنٹر سے سائبر سٹی تک میٹرو لائن کی توسیع کو منظوری
  مرکزی کابینہ نے گروگرام میں ہوڈا سٹی سنٹر سے سائبر سٹی تک میٹرو لائن کی توسیع کو منظوری دے دی ہے جس پر۵۴۵۲؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی ہے۔ یہ لائن۲۸ء۵؍ کلومیٹر لمبی ہوگی اور اس میں۲۷؍ اسٹیشن ہوں گے اور بسئی ڈپو کے ذریعے دوارکا ایکسپریس وے کو بھی جوڑے گی۔ اسٹینڈرڈ گیج کی یہ لائن پوری طرح ایلویٹڈ ہوگی اوربسئی گاؤں کے قریب اسے ڈپو سے جوڑا جائے گا۔یہ پروجیکٹ منظوری کے بعد چار سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا اور اسے ایک خصوصی انڈر ٹیکنگ `ہریانہ ماس ریپڈ ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں مرکزی حکومت اور ہریانہ کی۵۰-۵۰؍ حصہ داری ہوگی۔ اس لائن کے ذریعے نئے گروگرام کو پرانے گروگرام سے جوڑا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK