Inquilab Logo

ناندیڑ میں ریاست کے پہلے اُردوگھر کا شاندار افتتاح

Updated: July 15, 2021, 6:26 AM IST | nanded

وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا ، شہنشاہ جذبات دلیپ کمار سے موسوم ، اس تقریب میں کابینی وزیر اشوک چوان،وشو جیت کدم اور سابق وزیر عارف نسیم خان سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں،نواب ملک نے جلد ہی اردو اکیڈمی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا ، اردو گھر میں متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں

The state first Urdu Ghar was built in Nanded. Nawab Malik, Ashok Chavan, Arif Naseem Khan and others at the inauguration.Picture:Inquilab
ناندیڑ میں تعمیر کیا گیا ریاست کا پہلا اردوگھر ۔افتتاح کے موقع پر نواب ملک ، اشوک چوان ، عارف نسیم خان اوردیگر افراد تصویر انقلاب

یہاں تعمیر کئے گئے  ریاست کے پہلے اردو گھر کا   بدھ کو وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا ۔افتتاحی تقریب میں ریاست کے کابینی وزیر اشوک چوان ، وزیر مملکت برائے اقلیتی امور وشوجیت کدم ،سابق وزیر عارف نسیم خان اور دیگر کئی معزز شخصیات  موجود تھیں ۔ تقریب میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ ناندیڑ کے پہلے اردو گھر کو شہنشائے جذبات دلیپ کمار   سےموسوم کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں سابق وزیر عارف نسیم خان نے اپنی تقریر کے دوران اسٹیج پر موجود وزراء  کےسامنے  یہ تجویز رکھتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار نہ صر ف  بہترین فلم ادا کار تھے بلکہ وہ اردو کے جاننے والے  اور اسے برتنے والے شخص بھی تھے۔ ان کی  اداکاری سے بھی  اردو کو فروغ حاصل ہوا ہے جبکہ ان کی تعلیم بھی اردو میڈیم سے ہی ہوئی تھی ۔اس لئے بین الاقوامی شہرت کی حامل شخصیت دلیپ کمار  سے ناندیڑ کے اردو گھر کو موسوم کیا جاتاہے تو یہ انہیں ایک بہترین خراج عقیدت  ہوگا ۔اس تجویز کی کابینی وزیر اشوک چوان نے بھی اپنی تقریر میں تائید کی  اوراس کے بعد کابینی وزیر نواب ملک نے اپنی صدارتی تقریر میں اس تجویز کو منظوری دینے کا اعلان  کردیا۔  انہوں نے کہا کہ  جلد ہی اس کے متعلق حکم نامہ جاری کردیا جائے گا۔ 
 کابینی وزیر نواب ملک نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاست کی مہا وکاس اگھاڑی سرکار اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جو الگ الگ کمیٹیاں تشکیل نہیں دی جاسکی ہیں اس کا ایک اہم سبب تین پارٹیوں کی مخلوط حکومت بھی ہے کیوں کہ یہ طے کرنے  میں مشکل پیش آرہی ہے کہ کس پارٹی  کے سپرد کونسی کمیٹی کی جائے۔ جیسے ہی یہ طے ہوجائے گا  اردو اکیڈمی  کے لئے بھی کمیٹی تشکیل  دیدی جائے گی ۔
 اشوک چوان نے اپنی تقریر میں اردو گھر قائم کرنے کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اس کو اردو کی ترقی اور اس کے  فروغ کا مرکز بنانا چاہتے ہیں ۔ ساتھ ہی ناندیڑ کے اردو طلبہ کے لئے اس کے ذریعہ تعلیمی ماحول  بہتر بنانا چاہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ    غیراردو داں طبقوں میں بھی اردو کو پہنچانا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے اردو گھر کی تشہیر کی بھی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔  اشوک چوان نے اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وزارت برائے اقلیتی امور کے بجٹ میں اضافہ کی ضرورت کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی میں اس معاملے میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کروںگا اور وزارت کے بجٹ کو تین سو کروڑ سے بڑھا کر ایک ہزار کروڑ روپے کرنے کا مطالبہ کروں گا تاکہ اس بجٹ کے ذریعہ ریاست میں اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے میں سہولت ہو  اور کہیں بھی فنڈ کی کمی آڑے نہ آئے ۔ اروو گھر کی افتتاحی تقریب میں کثیر تعداد میں  اردو کے متوالے شریک ہوئے۔ انہوں نے اس پہل کیلئے امید ظاہر کی کہ اس سے اردو زبان و ادب اور تہذیب کو فروغ ملے گا اور اس زبان کو اس کا جائز مل سکے گا۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی طورپر دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے دلیپ کمار کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔
  واضح رہے کہ ناندیڑ میں تعمیر کئے گئے ریاست کے اس پہلے اردو گھر میں ایک لائبریری بنائی گئی ہے جس میں پہلے مرحلے میں اردو کی ۷؍ سو کتابیں مہیا  کرائی گئی ہیں جبکہ مزید کتابیں منگوائی جارہی ہیں تاکہ یہاں کے ذخیرہ میں اضافہ ہو ۔  اسی طرح اس لائبریری سیکشن میں آن لائن ڈیجیٹل لائبریری قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیاہے ۔کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مدد سے طلبہ آن لائن کتابوں کا مطالعہ کرسکیں گے ۔اردوگھر میں تین کلاس روم بھی بنائے گئے جن میں طلبہ کو اردو کی تعلیم دی جائے گی۔مسابقتی امتحانات کی تیاریوں کے لئے بھی کلاسیس شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے ۔اسی طرح اردو کے مشاعرے ، ادبی سمینار ،کانفرنس ، غزلوں کی محفلیں اور ڈرامے وغیرہ کلچرل پروگراموں کے تحت یہاں منعقد کئے جاسکیں گے۔ یہاں  بیرون شہر سے آنے والے ادیبوں کے ٹھہرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے جبکہ اردو کے فروغ کے لئے منعقد کی جانے والی کلاسیز میں زیادہ سے زیادہ غیر اردو طلبہ کو داخل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

urdu ghar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK