Inquilab Logo

ہائی کورٹ نے کرافورڈ مارکیٹ اور اطراف میں ہاکرس کو بھی کاروبارکی اجازت دی

Updated: May 24, 2021, 12:28 PM IST | Mumbai

قدیم مارکیٹ کی ازسرنوتعمیر کی وجہ سے دکانداروں کو کہیں اور منتقل ہونے کا بی ایم سی نے نوٹس دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیاتھا

Crawford Market. Picture:INN
کرافورڈ مارکیٹ ۔تصویر :آئی این این

کرافورڈ مارکیٹ میں جاری تعمیراتی کام کے سبب بی ایم سی نے ایک ہفتہ کے درمیان ۱۳۷؍ دکانداروں کو عارضی طور پر کہیں اور منتقل ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ بی ایم سی کے اس فیصلہ کے خلاف دکانداروں نے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔ تاجروں کو اس وقت راحت ملی جب عدالت نے نہ صرف کرافورڈ مارکیٹ میں کاروبار کرنے کی اجازت دے دی بلکہ پولیس اور بی ایم سی کو مارکیٹ کے اطراف لگائے گئے جنگلے کو بھی ہٹانے کا حکم دیا ہے  نیز ٹھیلے والوں کو بھی کاروبار کی اجازت دینے کا حکم دیا ہے۔
 کرافورڈ مارکیٹ میں لائسنس یافتہ دکانداروں  نے بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍ رکنی بنچ کے جسٹس ایس جے کاتھا والا اور جسٹس ایس پی تاؤڑے سے کہا کہ بی ایم سی نے مارکیٹ کی از سر نو تعمیر کے نام پر ہمیں کہیں اور منتقل کرنے کا نوٹس دیتے ہوئے  دکانیں بند کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ یہی نہیں ایک ہفتے کے درمیان ہمیں کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی جگہ سے بھی آگاہ نہیں کیا ہے ۔یہ  بھی نہیں بتایا ہے کہ ہمیں کتنی بڑی دکان فراہم کی جائے گی،  وہ کب اور کیسے ہوگا۔  ہمارے لئے نہ تو اتنے کم وقت میں کسی اور جگہ منتقل ہونا ممکن ہے اور نہ ہی اپنی موجودہ دکان سے چھوٹی دکانوں میں اپنا سامان لے جانا اور رکھنا ممکن ہوگا ۔
  دکانداروں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ بی ایم سی نے ایک ہفتے میں کسی اور جگہ منتقل کرنےکا نوٹس دینے کے علاوہ دکانوں کی بجلی سپلائی بھی منقطع کر دی ہے ۔ بی ایم سی نے کہا کہ مارکیٹ کی از سر نو تعمیر کے لئے لائسنس یافتہ  دکانداروں اور ٹھیلے والوں کو وہاں سے ہٹایا جانا ضروری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں کسی اور جگہ منتقل کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں بی ایم سی دکانداروں کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے پر مسلسل غور کررہی ہے  نیز مسئلہ کا مناسب حل تلاش کیا جارہا ہے۔
 ہائی کورٹ نے فریقین کی باتیں سننے کے بعد بی ایم سی کو نہ صرف منقطع کی گئی بجلی  بحال کرنے کا حکم دیا بلکہ لائسنس یافتہ دکانداروں کو کرافورڈ مارکیٹ میں کاروبار کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ ہی ٹھیلے والوں کو بھی اس کے اطراف کاروبار کی اجازت دیتے ہوئے پولیس اوربی ایم سی کو مارکیٹ کے اطراف لگائے گئے بیریکیڈ(جنگلے) ہٹانے کابھی حکم دیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK