Inquilab Logo

اتراکھنڈ سرنگ مشن کے ہیرو وکیل حسن کا مکان بغیر کسی نوٹس کے منہدم کردیا گیا

Updated: March 01, 2024, 9:03 AM IST | New Delhi

ڈی ڈی اے کی جانب سےکارروائی ، وکیل حسن نے کہا کہ’’ میرا گھر ہی واحد ایسی چیز تھی جو میں نے انعام کی شکل میں مانگی تھی لیکن اسے منہدم کر دیا گیا

Lawyer Hasan`s (inset) house was turned into a pile of rubble
وکیل حسن (انسیٹ) کا مکان ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا

جب اتراکھنڈ  کے اترکاشی کے سلکیارا ٹنل میں ۴۱؍ مزدور پھنسے ہوئے تھے اور کئی دنوں کی مشقت کے بعد بھی انھیں باہر نہیں نکالا جا سکا تھا، تو ایسے وقت میں ۱۲؍ ریٹ ہول مائنرس نے انتہائی سمجھداری اور محنت کے ساتھ ان کی جان بچائی تھی۔ ان بارہ ریٹ ہول  مائنرس میں سے ایک وکیل حسن بھی تھے۔ مزدوروں کی جان بچانے کے معاملے میں انہیں بھی  ہیرو کا درجہ ملا تھا لیکن اب اسی ہیرو کے گھر پر دہلی کی ڈی ڈی اے نے بلڈوزر چلا دیا ہے۔ وکیل حسن نے ڈی ڈی اے پر الزام عائد کیا کہ اس نے کھجوری خاص میں واقع شری رام کالونی میں موجود ان کے گھر کو منہدم کر دیا۔ ایک ویڈیو میں وکیل حسن نے اتھاریٹی پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ بغیر کسی  نوٹس کے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ مکان  منہدم  کئے جانے کے بعد وکیل حسن نے شدید رنج و غم اور  غصہ کا اظہار کیا ہے۔  
 وکیل حسن نے کہا کہ میرا گھر ہی واحد ایسی چیز تھی جو میں نے بطور انعام مانگی تھی لیکن ڈی ڈی اے نے بغیر کسی نوٹس کے اسے منہدم کر دیا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ حکومت نے مجھے یقین دہانی کرائی تھی کہ اس گھر کو نہیں چھوا جائے گا لیکن  انہوں نے میرے رہنے کی جگہ ہی چھین لی۔
  ویڈیو میں وکیل حسن کے ساتھ بیٹھے بارہ ریٹ ہول مائنرس میں سے ایک منّا قریشی نے کہا کہ افسران ہمیں پولیس اسٹیشن لے آئے اور وہ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کر رہے ہیں جیسے ہم مجرم ہیں۔  انہوں نے پولیس پر وکیل کے نابالغ بچوں کو تھانے میں لا کر پیٹنے کا بھی الزام لگایا۔وکیل حسن اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم نے سلکیارا ٹنل میں پھنسے ۴۱؍لوگوں کو بچایا اور بدلے میں ہمیں یہ صلہ ملا۔ میں نے افسران اور حکومت سے گزارش کی تھی کہ یہ گھر ہمیں دے دیا جائے، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

س معاملے میں ڈی ڈی اے کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے۔ دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے صفائی پیش کی کہ یہ مہم اس زمین پر چلائی گئی جو ’منصوبہ بند ترقیاتی اراضی‘ کا حصہ تھی۔ پولیس نے کہا کہ مہم کے دوران ناجائز طور سے تعمیر کی گئیں کئی تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔ ڈی ڈی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ ۲۸؍ فروری کو کھجوری خاص گاؤں میں اپنی حصول کردہ اراضی سے تجاوزات ہٹانے کے  لئے ایک مہم چلائی گئی تھی، یہ زمین منصوبہ بند ترقیاتی اراضی کا حصہ تھی۔اس معاملے میں تنازع بڑھتا ہوا دیکھ کر ڈی ڈی اے وکیل حسن کو عارضی مکان میں منتقل کرنے کی پیشکش بھی کی تھی لیکن وکیل حسن نے  اس سے انکار کردیا اور کہا کہ ۲۰۱۲ء میں ہی انہوں نے اپنے مکان کی تعمیر کی تھی اور انتظامیہ کی جانب سے یقین دلایا گیا تھا کہ اسے ہاتھ نہیں لگایا جائے گا لیکن اسے بغیر کسی نوٹس کے توڑ دیا گیا۔ وکیل حسن نے ڈی ڈی اے کی پیشکش سے انکار کرنے کی وجہ بتائی کہ وہ لوگ صرف زبانی یقین دہانی کروارہے تھے، تحریری طور پر کچھ نہیں تھا ۔اس کے بعد وکیل حسن اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے مکان کی ملبے پر ہی کھانے کھاتے ہوئے دیکھے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK