Inquilab Logo

کرناٹک: وزیر نے خاتون کو سر ِعام طمانچہ رسید کردیا

Updated: October 24, 2022, 10:51 AM IST | Agency | Bengaluru

معافی مانگی، صفائی دی کہ مارا نہیں بلکہ بیوہ خاتون کو سامنے سے ہٹارہے تھے

Wazirvi Somna slapping the woman.Picture:INN
وزیر وی سومنا خاتون کو تھپڑ مارتے ہوئے۔ ۔ تصویر:آئی این این

کرناٹک میں  ہاؤسنگ اور انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے وزیر وی سومنا نےسنیچر کو  چامراج نگر ضلع کے ہنگالا گاؤں میں ایک پروگرام کے دوران ایک بیوہ خاتون کوسرعام تھپڑ مار دیا۔ وہ وہاں زمین کے مالکانہ حقوق کے دستاویز یعنی ٹائٹل  تقسیم کرنےگئے تھے۔ اس موقع پر اپنے مسئلے کے حل کیلئے پہنچنے والی ایک بیوہ خاتون کو وزیر وی سومنا  نے اسٹیج پر ہی تھپڑ مار دیا۔ان کی اس حرکت  سے  خاتون  بادی النظر میں اس قدر خوفزدہ ہوگئی کہ  اس نے فوراً وزیر کے پیر چھو لئے اور آشیرواد مانگنے لگی۔  پروگرام میں ان بے گھر افراد کو زمین کے مالکانہ حقوق   کے دستاویز سونپے جارہے تھے جو سرکاری زمین پر رہ رہے تھے۔ کیمپمّا نامی مذکورہ  خاتون  بار بار اسٹیج پر چڑھ کر اپنے لئے بھی پلاٹ مانگ رہی تھی جس پر وزیر برہم ہوگئے اورانہوں نے اسے طمانچہ رسید کر دیا۔ بہرحال وزیر نے خاتون کو تھپڑ مارنے کی تردید کی۔ان کے مطابق وہ اس خاتون کو اپنے ہاتھ سے کنارے کی طرف کررہے تھے۔  ان کے مطابق ’’میں اپنے ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے انہیں  سامنے سے ہٹانے کی کوشش کررہاتھا۔ا س کے علاوہ میری کوئی منشا نہیں تھی۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’میں خواتین کی بہت عزت کرتا ہوں۔میں بھی غربت سے ہی آیا ہوں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اتوار کو کیمپمّا کو پلاٹ  کے کاغذات دے دیئے گئے ہیں۔    خاتون کو تھپڑ مارنے کا ویڈیو وائرل ہوجانے کے بعد ریاستی وزیر  نے حالانکہ معافی مانگ لی ہے مگر وہ اس بات پر قائم ہیں کہ انہوں نے خاتون کو مارا نہیں ہے۔ ان کے مطابق’’یہ کوئی واقعہ ہی نہیں ہے۔ میں  ۴۰؍ سال سے سیاست میں  ہوں۔ یہ پروگرام سماج کے انتہائی غریب طبقہ کیلئے تھا۔ میں نے حالانکہ کسی کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی ہے پھر بھی اگر کسی کوتکلیف ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔‘‘ اپوزیشن لیڈروں نے ریاستی وزیر کی اس حرکت کو اقتدار کے نشے کا نتیجہ قراردیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سدا رمیا نے اسے اُن کی تہذیب سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’خاتون  حکومت کے سامنے اپنی پریشانی بیان کررہی تھی مگر اسے تلخ کلامی سے جواب ملا۔ جولوگ اقتدار میں ہیں انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

karnataka Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK