کرناٹک حکومت کی ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے ۱۳؍ مارچ کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے معائنے کے بعد ملی حتمی منظوری کے بعد ہی اس میدان پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے میچ کھیلے جا سکیں گے۔
EPAPER
Updated: March 12, 2026, 3:08 PM IST | Bengaluru
کرناٹک حکومت کی ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے ۱۳؍ مارچ کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے معائنے کے بعد ملی حتمی منظوری کے بعد ہی اس میدان پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے میچ کھیلے جا سکیں گے۔
کرناٹک حکومت کی ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے ۱۳؍ مارچ کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے معائنے کے بعد ملی حتمی منظوری کے بعد ہی اس میدان پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے میچ کھیلے جا سکیں گے۔ اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں آئی پی ایل سمیت تمام میچوں کے انعقاد کے لیے جو منظوری دی گئی تھی، وہ مشروط تھی۔ تاہم، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) کو یقین ہے کہ آئی پی ایل میچوں کی میزبانی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔
کے ایس سی اے چناسوامی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کر رہا ہے، جس میں کئی نئے انٹری گیٹس کی تنصیب اور موجودہ گیٹس کو چوڑا کرنا شامل ہے۔ اس کام میں ارد گرد کے ڈھانچے کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جیسے کہ نئے واک ویز کی تعمیر، پرانے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کمپلیکس کے قریب ایک ہولڈنگ ایریا بنانا اور ہنگامی خدمات کے لیے براہ راست داخلے اور اخراج کے راستے تیار کرنا شامل ہے۔
جسٹس ڈی کنہا کمیٹی کی سفارشات کے مطابق، کے ایس سی اے کے پاس ۱۵؍ مارچ تک ان شارٹ ٹرم اصلاحات سے متعلق تمام کام مکمل کرنے کا وقت ہے۔ یہ کمیٹی اس بھگڈر کے بعد تشکیل دی گئی تھی جس میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی جیت کے جشن کے دوران ۱۱؍ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ کمیٹی کے قیام کے بعد اس نے اسٹیڈیم کی حفاظت اور ڈھانچے کا مکمل معائنہ کیا تھا۔
اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام دسمبر کے وسط میں کے ایس سی اے کے انتخابات کے بعد شروع ہوا، جس میں ہندوستان کے سابق تیز گیند باز وینکٹیش پرساد صدر منتخب ہوئے تھے۔ پرساد کی ٹیم اپ گریڈیشن سے متعلق کئی ضابطہ جاتی معاملات پر سرکاری افسران کے ساتھ رابطے میں رہی ہے۔ کے ایس سی اے نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ سیکوریٹی آڈٹ سے وابستہ تمام زیر التوا معاملے اب حل کر لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ جولائی میں ریاست کے بجلی کے ریگولیٹری ادارے نے اسٹیڈیم کی بجلی سپلائی منقطع کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:آبنائے ہرمز سے ہندوستان کا ٹینکرگزرے گا، جے شنکر اور عراقچی کی گفتگو کے بعد فیصلہ
رواں ماہ کے شروع میں کے ایس سی اے نے یہ بھی بتایا تھا کہ کئی ہفتوں کی بات چیت کے بعد آر سی بی اپنے ہوم گراؤنڈ پر واپس آئے گی۔ ہجوم کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے فرنچائز اور کے ایس سی اے، بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن کے ساتھ بھی اعلیٰ سطح کی بات چیت کر رہے ہیں۔ آر سی بی ٹکٹوں کے کیو آر کوڈ اسکیننگ کے ساتھ ڈیجیٹل انٹری بھی نافذ کرے گی، تاکہ میچ سے پہلے آن لائن ٹکٹ کو فزیکل ٹکٹ میں تبدیل کرنے کے لیے باکس آفس کے گرد ہجوم جمع نہ ہو۔
یہ بھی پڑھئے:مجھے گندگی میں رہنا پسند نہیں:پرینکا چوپڑہ نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ بتائی
آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کا پہلا میچ آر سی بی اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان ۲۸؍ مارچ کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ۵؍ اپریل کو آر سی بی، چنئی سپر کنگز کی میزبانی کرے گی۔ آئی پی ایل کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ پہلے مرحلے کے شیڈول میں آر سی بی کے ہوم گراؤنڈ پر یہی دو میچ شامل ہیں۔ آر سی بی اس سال اپنے ہوم گراؤنڈ پر کل پانچ میچ کھیلے گی، جبکہ دیگر دو ہوم میچ رائے پور کے شہید ویر نارائن اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔