• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جموں اور کشمیر کا پہلی بار رنجی چیمپئن بننا طے

Updated: February 27, 2026, 7:34 PM IST | Hubbali

جموں اور کشمیر نے کرناٹک کو فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں بلے بازی کی اور رنجی ٹرافی فائنل کے چوتھے دن جمعہ کے روز کھیل کے اختتام تک ۴؍ وکٹوں پر ۱۸۶؍ رن بنا لیے ہیں۔ اس طرح جموں اور کشمیر نے اپنی مجموعی برتری کو ۴۷۷؍ رن تک پہنچا کر پہلی بار خطاب پر قبضہ کرنا یقینی بنا لیا ہے۔

Jammu And Kashmir`s Team. Photo:PTI
جموں اور کشمیر کی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

جموں اور کشمیر نے کرناٹک کو فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں بلے بازی کی اور رنجی ٹرافی فائنل کے چوتھے دن جمعہ کے روز کھیل کے اختتام تک ۴؍ وکٹوں پر ۱۸۶؍ رن بنا لیے ہیں۔ اس طرح جموں اور کشمیر نے اپنی مجموعی برتری کو ۴۷۷؍ رن تک پہنچا کر پہلی بار خطاب پر قبضہ کرنا یقینی بنا لیا ہے۔
جموں  اور کشمیر نے کرناٹک کو پہلی اننگز میں ۲۹۳؍ رن پر سمیٹنے کے بعد انہیں دوبارہ بلے بازی کی دعوت دینے کے بجائے خود کھیلنے کو ترجیح دی۔ دوسری اننگز میں سلامی بلے باز کامران اقبال نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۹۴؍ رن بنائے۔ عبد الصمد نے ۳۲، کپتان پارس ڈوگرا نے۱۶؍ اور ساحل لوتھرا نے ناٹ آؤٹ ۱۶؍ رن بنائے۔ کرناٹک کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل آج کرناٹک نے کل کے اسکور ۵؍ وکٹ پر ۲۲۰؍رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ساحل لوتھرا نے کرتک کرشنا (۳۶) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے چھٹی کامیابی حاصل کی۔ ودیا دھر پاٹل (۱۱) سنیل کمار کا شکار بنے۔ ۹۱؍ویں اوور میں عاقب نبی نے ایک اینڈ پر جم کر رن بنانے والے سنچری میکر مینک اگروال کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ مینک اگروال نے ۲۶۶؍ گیندوں پر ۲۱؍ چوکوں کی مدد سے ۱۶۰؍ رن کی اننگز کھیلی۔
عاقب نبی نے شیکھر شیٹی (صفر) کو بھی آؤٹ کیا، جبکہ ۹۴؍ویں اوور میں یودھویر سنگھ چرک نے پرسدھ کرشنا (۴؍رن) کو آؤٹ کر کے کرناٹک کی پہلی اننگز کا ۲۹۳؍ رن پر سمیٹ دیا۔ 
جموں  اور کشمیر کے لیے عاقب نبی نے پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ یودھویر سنگھ چرک اور سنیل کمار کو دو دو وکٹیں ملیں، جبکہ ساحل لوتھرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھئے:ابھے ورما اور شنایا کپور کی اگلی فلم کا عنوان ’’جیکب کارڈوسو‘‘ ہے

گنگولی نے عاقب نبی کی جم کر تعریف کی
 ہندوستان کے سابق کپتان سوربھ گنگولی نے رنجی ٹرافی میں جموں  اور کشمیر کی مہم اور تیز گیند باز عاقب نبی کی جم کر تعریف کی ہے، اور قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے اس نوجوان کھلاڑی کی بھرپور حمایت کی ہے۔
گنگولی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر بی سی سی آئی اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھاکہ ’’جموں  اور کشمیر نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ محنت اور ارادہ کیا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ مشکل حالات انسان کو مضبوط بناتے ہیں۔ عاقب نبی قومی ٹیم کی طرف بڑھ رہے ہیں... ان کا سفر گرمیوں میں انگلینڈ کے دورے سے شروع ہونا چاہیے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:مثبت سوچ نے ایک اور کامیاب رنجی سیزن کھیلنے میں مدد کی:عاقب نبی

عاقب نبی موجودہ رنجی ٹرافی ۲۶۔۲۰۲۵ء کے سب سے شاندار کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ وہ۱۰؍میچوں میں ۵۶ء۱۲؍کی زبردست اوسط سے۶۰؍ وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز بن گئے ہیں، جس میں سات بار اننگز میں پانچ وکٹیں لینا بھی شامل ہے۔ ہبلی میں کرناٹک کے خلاف فائنل میں نبی نے ایک اور اہم اسپیل کیا اور پہلی اننگز میں ۵۴؍ رن دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK