Inquilab Logo

اسٹیشنوں پرلگائی گئی لفٹ مسافروں کیلئے پریشانی کا باعث

Updated: December 22, 2022, 10:17 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

باندرہ اسٹیشن پر۲۵؍مسافر دیر تک لفٹ میںپھنسے رہے،جی آرپی کی کانسٹبل کی مستعدی اوراسٹیشن منیجر کی مدد سے ان کو نکالا گیا، اس سے قبل اندھیری میں بھی ۲۰؍مسافر پھنسے تھے،گنجائش سے زیادہ مسافروں کو وجہ قرار دیا گیا، ریلوے انتظامیہ نےتمام لفٹ کی مرمت اوراس کی ٹھیک ڈھنگ سے دیکھ ریکھ کا حکم دیا

The elevator at Bandra station in which 25 people were trapped
باندرہ اسٹیشن پر واقع لفٹ جس میں ۲۵؍افراد پھنس گئے تھے(تصویر:انقلاب)

مختلف اسٹیشنوں پرمسافروں کی سہولت کیلئےلگائی گئی لفٹ درحقیقت مسافروں کیلئےپریشانی کا باعث بن رہی ہے۔۲؍ دن قبل باندرہ اسٹیشن پر۲۵؍ مسافر دیر تک لفٹ میں پھنسے رہے۔لفٹ بند ہوجانے کےسبب پھنسنے والے مسافروں کادم گھٹنے لگا ۔حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے باندرہ ریلوے اسٹیشن پرڈیوٹی پر مامور جی آرپی  کانسٹبل شاہین پٹھان حرکت میں آئیں اورانہوںنے الیکٹریشین اوراسٹیشن منیجر کی مدد سے مسافروں کو باہر نکلوایا۔ شاہین پٹھان کی مستعدی کی تعریف ریلوے پولیس کی جانب سے بھی وہاٹس ایپ پر بھی کی گئی ہے۔ 
 اس سے قبل اندھیری میںبھی ۱۵؍ تا ۲۰؍ مسافرپھنس گئے تھےاورتقریباً نصف گھنٹے بعد لفٹ کھول کر ان کو نکالا گیا تھا ۔اس دوران ایک خاتون کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔
 لفٹ میںبار بار پیدا ہونے والی خرابی کو دیکھتےہوئےویسٹرن ریلوے انتظامیہ نےتمام لفٹ کی مرمت اوراس کی ٹھیک ڈھنگ سے دیکھ ریکھ کاحکم دیا ہے تاکہ کوئی مسافر اس میں نہ پھنسے اور اس طرح کی شکایت آئندہ نہ ملے۔
مرمت اوردیکھ ریکھ پرخاص توجہ دی جائے 
 ویسٹرن ریلو ے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکورنےنمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’ اس طرح کی صورتحال سےبچنے کیلئے مینٹی ننس شعبے کے ذمہ داروں کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ  ویسٹرن ریلوے میں جن اسٹیشنوں پرلفٹ لگائی گئی ہے، وہاں خصوصی نگرانی رکھیں اوریہ یقینی بنائیں کہ اس طرح کےحالات دوبارہ پیش نہ آئیں۔‘‘
 انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’چونکہ یہ ایک طرح کی مشین ہےاوردیکھ ریکھ کےباوجو دخرابی پیدا ہوجاتی ہےلیکن یہ صحیح ہے کہ اس سے بڑا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے اورمسافروں کی جان کےساتھ بھی کھلواڑ ہوسکتا ہے اس لئے سختی سےکہا گیا ہے کہ مینٹی ننس ڈپارٹمنٹ اس جانب خاص توجہ دے ۔‘‘
ریلوے نے گنجائش سے زیادہ مسافروں کاحوالہ دیا  
 چیف پی آر اوٹھاکورنےیہ بھی کہا کہ ’’ مسافر بھی یہ بات ذہن میںرکھیںکہ گنجائش کے اعتبار سے ہی لفٹ میںسوار ہوں کیونکہ گنجائش سے زیادہ بوجھ ہونےسے مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ اس لئے مسافر اپنی  ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس جانب توجہ دیں۔‘‘انکے مطابق باندرہ میں  لفٹ میںمسافروںکے پھنسنےکی وجہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کی موجودگی بتائی گئی ہے۔ 
سینئرانسپکٹرنے کانسٹبل شاہین پٹھان کی ستائش کی 
 باندرہ ریلوے اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر کمبھار نے اپنی ماتحت کانسٹبل شاہین پٹھان کے کام کی تعریف کی اورکہا کہ’’ اس سےپولیس کا وقار بلند ہوتا ہے اوران کے کام کےتئیں لوگو ںمیںاعتماد بڑھتا ہے ۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ ریلوے پولیس کی بنیادی ذمہ داری مسافرو ںکی جان و مال کی حفاظت ، ان کی نگرانی ،مشکل حالات میں مدد اور ریلوے املاک کاتحفظ ہے۔ ہم سب اپنی اس ذمہ داری کو بہتر طریقے نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK