Inquilab Logo

باندرہ گورنمنٹ کالونی کےمکینوں کی ’نو ہوم، نو ووٹ ‘مہم

Updated: May 02, 2024, 9:14 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مالکانہ حقوق اور ری ڈیولپمنٹ نہ کئے جانے سے تقریباً ۱۰؍ ہزار ووٹروں نے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا

Residents can be seen at a meeting organized by 4 associations of Government Colony.
گورنمنٹ کالونی کی ۴؍ اسوسی ایشنوں کی جانب سے منعقدہ میٹنگ میں مکینوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔(تصویر: انقلاب)

یہاں کی گورنمنٹ کالونی کےمکینوںکو ان کے مکانات کے مالکانہ حقوق اور عمارتوں کا ری ڈیولپمنٹ نہ کئے جانے سے یہاں کےتقریباً ۱۰؍ ہزار ووٹروں نے ۲۰؍ مئی کو ہونے والی پولنگ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں کی ۴؍ ریسیڈنٹ اسوسی ایشنو ں کے اراکین نے اس تعلق سے ایک میٹنگ منعقد کرکے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے، وہ ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے اور ’ نو ہوم،  نو ووٹ ‘ مہم چلائیں گے۔واضح رہے کہ یہاں کا ری ڈیولپمنٹ کرنے کا اعلان ۱۰؍ سال قبل کیا گیا تھا لیکن تکنیکی دشواریوں کا عذر پیش کر کے یہ کام آج تک شروع نہیں کیا گیا ہے  جس کی وجہ سے یہاں کے مکین سخت ناراض ہیں ۔
 گورنمنٹ کالونی کے متعدد گھروں کی حالت خستہ ہونے سے مکین گھروں کی مرمت یا انہیں منتقل کرنے کا مطالبہ کئی برسوں سے کر رہے ہیں لیکن  ریاستی حکومت کسی طرح کا فیصلہ نہیں کر رہی ہے جس سے ان میں حکومت کےتئیں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ۹۰؍ ایکڑ اراضی پر مشتمل کالونی کے ری ڈیولپمنٹ کا منصوبہ ریاستی حکومت نے ۱۰؍سال قبل پاس کیا تھا  ۔  اس میں ۳۰؍ایکڑ پر پھیلے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کے ایک کمپلیکس، ۱۰؍ ایکڑ  سے زیادہ جگہ پر جھوپڑپٹیوں کی بازآبادکاری اور نجی رہائشی مکانات تعمیر کرنےکا منصوبہ تھا لیکن یہ منصوبہ صرف کاغذتک محدود ہے۔  
 گورنمنٹ کوارٹرس ریسیڈنٹ اسوسی ایشن کے راجیش جادھو نے بتایا کہ ’’ہم اپنے مکانات کیلئے   ۱۹۹۹ء سے کوشش کر رہے ہیں لیکن کوئی بھی آئی اے ایس آفیسر ہماری فائل کلیئر کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہا ہے۔ ۶؍ وزرائے اعلیٰ مکینوں سےمطالبات پورا کرنے کی یقین دہانی کراچکےہیں لیکن کسی نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ اب تک ۱۲؍ مقامی اراکین اسمبلی سےہماری بات چیت ہوچکی ہے ۔کچھ نے قانون ساز اسمبلی میں ہمارامسئلہ اُٹھایا بھی تھا ، لیکن کسی سے کچھ نہیں ہوسکا۔ اس لئے ہم نے  ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔‘‘

bandra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK