Inquilab Logo

؍ ۶سال کا طویل انتظار ختم ،ہینکاک بریج کھول دیاگیا

Updated: August 03, 2022, 9:51 AM IST | saadat khan | Mumbai

ہائی کورٹ کی ہدایت پرپیر کو ہینکاک بریج عوام اور موٹرگاڑیوں کی آمدورفت کیلئے شروع کر دیاگیا، ڈونگری اور مجگاؤں میں رہنے والوں میں خوشی کی لہر

The Hancock Bridge connecting Dongri and Majgai was opened for traffic.
ڈونگری اورمجگائوں کو جوڑنےوالے ہینکاک بریج کو آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا۔

:ڈونگری اورمجگائوںکو جوڑنےوالے ہینکاک بریج کی مرمت کا کام ۲۰۱۶ءمیں شروع کیا گیا تھا ۔متعدد دشواریوںاور بریج کی تعمیر میں ہونےوالی تاخیر کےسبب ۶؍سال بعد بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت پربالآخرپیر کو ہینکاک بریج عوام اور موٹرگاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے شروع کر دیاگیاہے۔اس سے مذکورہ علاقوں کے عوام میں خوشی کی لہر ہے۔مرمت کیلئے بریج کے بند ہونے سے عوام کونورباغ اور مجگائوں کے درمیان کا ۲؍ منٹ کاسفر ۴۵؍منٹ میں طے کرنا پڑ رہاتھا۔  بریج کا کچھ کام اب بھی باقی ہے  اس کےباوجود ہائی کورٹ کی ہدایت پر بی ایم سی نے بریج کھول دیاہے۔
  واضح رہےکہ ہینکاک بریج کوپہلے جون اور پھر ۱۵؍ جولائی کو شروع کئےجانےکا اعلان کیا گیا تھا مگر  مجگاؤں کی’والیس فارچونا سوسائٹی (  wallace fortuna) والوںنے سوسائٹی سے براہ راست ہینکاک بریج پر جانے کیلئےراستہ بنانے سےمتعلق بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کی تھی جس کی وجہ سے بریج کو شروع نہیں کیاگیاتھامگر یکم اگست کو کور ٹ کی طرف سے ۴۸؍ گھنٹوں میں بریج شروع کرنےکی ہدایت دیئے جانے سے پیر کو ہینکاک بریج عوام کیلئے کھول دیاگیا۔ 
 ہینکاک بریج شروع کئے جانے سے بالخصوص نور باغ اور ڈونگری کی طرف سے مجگائوں آنے جانے والوں کو بڑی راحت ملی ہے کیونکہ بریج کےبندہونے سے ان علاقوںکے عوام کو جے جے اسپتال ہوکر جانا پڑ رہا تھا۔ اس لئے بریج کے شروع ہونے سے ان علاقوں کے لوگوںمیں خوشی کا ماحو ل ہے۔ 
  مجگائوں سے محمدعلی روڈ پر واقع کموجعفرہائی اسکول جانےوالی ایک طالبہ کی والدہ نے بتایاکہ’’۶؍سال سے بریج بند تھا جس کی وجہ سے ہمیں مجگائوں سے جے جے اسپتال ہوتے ہوئے محمد علی روڈ بس یا ٹیکسی سے جانا پڑ رہا تھا۔اس سے وقت اور پیسہ دونوں برباد ہورہاتھا لیکن اب بریج کھل جانے سے شہریوں کو سہولیت ہوگی اور   اس کےساتھ ہی  مجگائوں کی طرف سے جے جے اسپتال جانےوالے مریضوںکو بھی آسانی ہوگی۔‘‘
  علاقےکے متعدد مکین اور سماجی کارکنوں میں بی ایم سی کے تئیں   ناراضگی بھی  پائی جارہی ہے کیونکہ  بریج کا کچھ کام اب بھی  باقی ہے ۔مثلاً بریج کو پینٹ نہیں کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ۴؍ کے بجائے صرف ۲؍لین ہی شروع کئے جانے سے بریج تنگ ہوگیاہے۔   
 آر ٹی آئی رضاکار کملاکر شینوائے نےکہاکہ ’’ہینکاک بریج شروع کئے جانےکا خیرمقدم ہےلیکن صرف ۲؍ لین شروع کئے جانے سےلوگ مطمئن نہیں ہیں کیونکہ اصل پلان ۴؍ لین کے بریج کا تھالیکن ۴؍   لین کے بریج کی تعمیر کیلئے کچھ بلڈنگوں کو راستے سے ہٹانے کی ضرورت ہے ۔ ان بلڈنگوںکو بی ایم سی نے ابھی تک ہٹا یانہیں ہے ۔ اس لئے ۴؍لین کے بریج کا کام نہیں ہوسکاہے۔ اگر۴؍لین کابریج نہیں بنایا گیاتو ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ اس لئے بی ایم سی سے اپیل ہےکہ وہ ان بلڈنگوںکو خالی کرائے جن کی وجہ  سے ۴؍لین کے بریج کا کام نہیں ہوسکاہے۔ ان بلڈنگوں کےمکینوںکی بازآباد کاری کرکے بریج بنانےکی جگہ مہیا کرائی جائے یہی ہمارا مطالبہ ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK