Inquilab Logo

ملک کے پہلے انسان بردار خلائی مشن ’گگن یان‘ کے خلابازوں کے نام ظاہر

Updated: February 28, 2024, 9:37 AM IST | Agency | Thiruvananthapuram

وزیر اعظم مودی نے کیرالا میں وکرم سارا بھائی سینٹر میں مشن کا جائزہ لینے کے بعد چاروں خلابازوں کے ناموں کا اعلان کیا اور انہیں’خلا باز پنکھ ‘ سے بھی نوازا۔

Prime Minister Modi meeting the four astronauts. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی چاروں خلابازوں سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر اعظم مودی نے ملک کے پہلے انسانی خلائی پرواز پروگرام ’گگن یان مشن‘ کی پیش رفت کا منگل کو جائزہ لیا اور چار نامزد خلا بازوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ مودی نے یہاں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز کا دورہ کیا اور تقریباً ۱۸۰۰؍ کروڑ روپے کے خلائی بنیادی ڈھانچے کے تین اہم منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نامزد چار خلابازوں کو ’خلاباز پنکھ (ونگس)‘عطا کئے۔ گگن یان مشن کیلئے جن ۴؍ خلابازوں کو منتخب کیا گیا ہے ان میں گروپ کیپٹن پرشانتھ بالاکرشنن نائر، گروپ کیپٹن اجیت کرشنن، گروپ کیپٹن انگد پرتاپ اور وِنگ کمانڈر شوبھانشو شکلا شامل ہیں۔ ان سبھی کی   تربیت روس میں ہوئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے گگن یان کے چار مسافروں کے تعارف کو ایک تاریخی موقع قرار دیا اور کہا یہ صرف چار نام یا افراد نہیں ہیں، بلکہ ۱۴۰؍کروڑ ہندوستانیوں کی اُمنگوں کو خلاء میں لے جانے والی چار’شکتیاں‘ ہیں۔۴۰؍سال بعد کوئی ہندوستانی خلا میں جا رہا ہے۔ تاہم، اب وقت اور الٹی گنتی کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی ہمارا ہے۔ انہوں نے نامزد خلابازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام ہندوستان کی کامیابی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور وہ آج کے ہندوستان کے اعتماد، ہمت، بہادری اور نظم و ضبط کی علامت ہیں۔ انہوں نے تربیت کے تئیں ان کی لگن اور جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہندوستان کی امرت نسل کے نمائندے ہیں جو کبھی ہمت نہیں ہارتے اور تمام مشکلات کو چیلنج کرنے کے لئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ مشن کیلئے ان سبھی کو مبارکباد اور امید ہے کہ یہ کامیاب رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK