Inquilab Logo

دوسرے دن بھی سرحد پر ہند-پاک فوجیوں نے ایکدوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کیں

Updated: August 16, 2021, 12:50 PM IST | Agency | Srinagar

انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقدہ تقریبات میںدونوں افواج نے ایک دوسرےکیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا

Indian and Pakistani troops on the border in Poonch sector. .Picture:INN
پونچھ سیکٹر میں سرحد پرہندوستان اور پاکستان کے فوجی ایک ساتھ تصویر :آئی این این

 سرحدوں پر تعینات ہندوستان اور پاکستان کی افواج کا ایک دوسرے کو مٹھائیاں اور مبارکبادیاں پیش کرنے کا سلسلہ اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو  ہندوستان کے یوم آزادی  کے موقع پر پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول کے متعدد سیکٹروں پر فوج کو مٹھائیاں  پیش کیں اور مبارکباد دی۔ فوج کے ذرائع نے بتایا کہ `پاکستانی فوج نے ہمیں ایل او سی کے متعدد کراسنگ پوائنٹ بشمول پونچھ اور مینڈھر پر مدعو کیا اور ہمیں مبارکباد پیش کی ۔ ان کا مزید کہنا تھا `یہ تقریبات انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئیں جن کے دوران ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے ایک دن قبل ۱۴؍ اگست کو ہندوستانی  فوج نے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوجیوں کو ان کے یوم آزادی کے موقع پر مٹھائیاں پیش کی تھیں۔اس سلسلے میں ایک تقریب ایل او سی کے ٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ پر منعقد ہوئی تھی جس کے متعلق فوج نے ایک مختصر بیان بھی جاری کیا تھا۔بیان میں کہا گیا تھاکہ ہندوستان نے ہمیشہ ایسے اقدام کر کے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خوشگوار اور مضبوط بنانے کی کوششیں کی ہیں تاکہ خطے میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کے علاوہ پنجاب اور گجرات کی سرحدوں پر بھی ہندوستان اور پاکستانی فوج نے اس موقع پر مٹھائیوں اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان رواں برس۲۵؍ فروری کو جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق ہوا جس کے بعد سے سرحدوں پر خاموشی چھائی ہوئی ہے اور آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگ بھی اپنی زندگی سکون سے گزر بسر کر رہے ہیں۔طرفین کے درمیان ۲۰۰۳ء  میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن یہ معاہدہ صرف کاغذوں تک ہی محدود تھا اور جموں و کشمیر کی سرحدوں پر گولہ باری کا تبادلہ ایک معمول بن گیا تھا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی افواج کا متعدد سرحدی مقامات بالخصوص ایل او سی پر ایک دوسرے کو مٹھائیوں اور نیک خواہشات کا پیش کرنا ایک اچھی پیش رفت ہے جو۲۵؍ فروری کے فیصلے کی دین ہے۔دریں اثنا لوگوں نے سرحدوں پر بھارت – پاک فوجیوں کے درمیان پیدا ہونے والے بہتر تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ٹیٹوال کے رہنے والے ایک شہری نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ `اچھی بات یہ ہے کہ نفرتوں میں کمی دیکھنے کو ملی ہے اور جنگ بندی کے سبب ہمیں سکون میسرہوا ہے۔ہندوستان اور پاکستان ایک ملک  تھے۔ ہم مستقبل میں تعلقات میں مزید بہتری کے خواہاں ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK