Inquilab Logo

وزیراعظم کا کئی حوالوں سے کانگریس پر نشانہ ،سچن پائلٹ کو حاشیہ پر کرنے کا الزام

Updated: November 23, 2023, 9:16 AM IST | Jaipur

ساگواڑہ میںمودی کی ریلی ،راجیش پائلٹ سے متعلق کہا کہ انہوں نے صرف ایک بار کانگریس کے خلاف آواز اٹھائی تھی لیکن اس کی سزا پارٹی آج تک سچن پائلٹ کو دے رہی ہے

Local BJP leaders of Sagwara welcoming Prime Minister Modi on stage.(PTI)
ساگواڑہ کے مقامی بی جےپی لیڈران اسٹیج پر وزیر اعظم مودی کا استقبال کرتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

راجستھان میں۲۵؍ نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کی پولنگ سے۳؍ دن قبل  وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور کانگریس کو کئی حوالوں سے نشانہ بنایا اور حکومت کی ضمانتوں  پر بھی تنقید کی ۔ انہوں نے راجستھان کے ساگواڑہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے وعدوں کی لال ڈائری کے مقابلے مودی کی ضمانتیں سب سے بھاری ہیں۔ کانگریس اپنے وعدوں کی لال ڈائری کے ساتھ کہیں بھی گھومتی رہے ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔واضح رہےکہ لال ڈائری  کے حوالے سے وزیر اعظم مودی ریاستی حکومت پر بدعنوانیوں کے الزامات لگا رہے ہیں اور اسے کانگریس حکومت کے مبینہ گھوٹالوں کا کچا چٹھا قراردے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ توقعات جہاں ختم ہوتی ہیں، مودی کی گارنٹی وہیں سے شروع ہوتی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی کے ذریعہ اٹھائے گئے او بی سی کے مسئلہ پر بھی جوابی حملہ کیا۔ راہل گاندھی کے حملے کا جواب دیتے ہوئے مودی نے ’دلت کارڈ‘ کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جے پور میں میں جوانتخابی پوسٹر لگائے ہیںان میں   پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی تصویر تک نہیں لگائی ہے۔ کیونکہ وہ دلت لیڈر ہیں۔ اس دوران انہوں نے آنجہانی راجیش پائلٹ کے حوالے سے بھی کانگریس کو نشانہ بنایا اوران کے بیٹے سچن پائلٹ کو مسلسل حاشیہ پر کرنے کا الزام لگایا ۔
 کانگریس کا صفایا کرنے کی اپیل 
 وزیراعظم مودی نے بدھ کو اپنی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ساگواڑہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے راجستھان کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ پچھلی بار کانگریس نے جرم کیا اور آپ کی آنکھوں میں دھول جھونکی۔ لیکن اس بار ایسا نہیں ہونے دینا چاہیے۔ اس بار راجستھان سے کانگریس کا صفایا کریں۔کیونکہ اس بار کانگریس ایک نئے نام کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ کمل کے نشان کے علاوہ کسی کو دوسرے کو ووٹ دیں گے تو وہ ووٹ کانگریس کے کھاتے میں جائے گا۔ اس لیے ووٹ ڈالتے وقت کمل کے نشان پر ہی ووٹ دیں۔
 وزیر اعظم مودی نے او بی سی کے تعلق سے راہل گاندھی  کے بی جے پی پر حملوں کا  جواب دیتے ہوئے کانگریس کو دلت مخالف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ شو کے دوران جب میں کل جے پور گیا تو کانگریس کے ہورڈنگس اور پوسٹروں میں قومی صدر ملکارجن کھرگے کی تصویر نہیں تھی۔کھرگے ایک دلت لیڈر ہیں۔اس لیے کانگریس نےان کی تصویر نہیں لگائی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صرف ایک خاندان کی پارٹی ہے۔
 کانگریس حکومت نہیں بنائے گی
 ساگواڑہ میں مودی نے گہلوت حکومت پرسخت حملہ کیا۔ انہوں نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ’’ میں ماؤجی مہاراج کی مقدس سرزمین سے کہتا ہوں کہ اب راجستھان میں اشوک گہلوت کی حکومت کبھی نہیں بنے گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ واگڑ خطہ نے کانگریس کے دور حکومت میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔
 کانگریس کی وجہ سے راجستھان ترقی نہیں کر رہا ہے
 وزیراعظم مودی نے کانگریس پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان کی ترقی نہ ہونے کی وجہ کانگریس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی دہلی میں بیٹھے ہیں لیکن راجستھان میں کانگریس ہے۔ تو مودی کیا کریں گے؟ اس لیے راجستھان میں بھی بی جے پی کی حکومت بنائیں، تاکہ راجستھان ترقی کر سکے۔گجرات کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ گجرات کو لے لیں۔ وہاں کتنی ترقی ہوئی؟ آپ کو معلوم ہو جائے گا۔ اگر راجستھان میں بھی بی جے پی کی حکومت آتی ہے تو مرکز کی اسکیموں کو پوری طرح نافذ کیا جائے گا۔
 وزیر اعظم مودی نے کانگریس پرسب کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس سردار پٹیل کی توہین کرتی ہے۔ہم نے اسٹیچو آف یونٹی بنایالیکن آج تک کانگریس کا کوئی لیڈر  اسے دیکھنے نہیں گیا ، اسی طرح کانگریس بابا صاحب امبیڈکر کی بھی توہین کرتی ہے۔
راجیش پائلٹ کی سزا کانگریس  ان کے بیٹے کو دے رہی ہے 
 اس موقع پروزیر اعظم مودی نے کہا کہ آپ کانگریس کی تاریخ سے واقف ہیں۔جو بھی پارٹی کے غلط کاموںکے خلاف آواز اٹھاتا ہے،وہ اپنی سیاسی حیثیت کھودیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ راجیش پائلٹ نے صرف ایک مرتبہ کانگریس کے خلاف آواز اٹھائی تھی اور وہ بھی اس کی بہتری کیلئے لیکن  پارٹی اس کی سزا سچن پائلٹ کو اب تک دے رہی ہے۔‘‘واضح رہے کہ راجستھان میں کانگریس کی انتخابی مہم شروع ہونے سے قبل وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اورسچن پائلٹ کے درمیان کافی  اختلافات  سامنے آرہے تھے، اسی حوالے سے وزیر اعظم مودی نے یہ بات کہی ۔یہ معاملہ۲۰۲۰ء میں اسوقت  اور بھی بگڑا ہوا تھا  جب سچن پائلٹ  ۱۸؍ اراکین اسمبلی  کے ساتھ راج بھون کے باہر گہلوت کے خلاف دھرنے پر بیٹھ گئے تھے ۔اس بناء پر کانگریس  اعلیٰ کمان نے انہیں راجستھان کانگریس کے  صدر اورنائب وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا ۔ بعد ازاں انہیںاگست ۲۰۲۳ء میںپھر یہ عہدہ دیاگیا تھا ۔یہ بھی واضح رہےکہ راجیش پائلٹ نے سونیا گاندھی کو وزارت عظمیٰ  کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کرنے  کے آئیڈیا کی مخالفت کی تھی۔وزیراعظم مودی نے انہی باتوںکے حوالے سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ کانگریس اعلیٰ کمان اپنے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرتی۔ ۱۱؍ جون ۲۰۰۰ء کو جے پور کے قریب ایک کار حادثہ میں راجیش پائلٹ کی موت ہوگئی تھی ۔مودی نے اس کے علاوہ بھیلواڑہ میں بھی ایک ریلی سے خطاب کیا اور کہا کہ گہلوت اب وزیر اعلیٰ نہیںبن سکیں گے۔

rajasthan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK