ہندوستان کو تفریح اور ٹیکنالوجی کا عالمی مرکز بنانے کی غرض سے اجلاس کا انعقاد جیو ورلڈ سینٹر میں کیا جارہا ہے، اہم شخصیات شرکت کریں گی
EPAPER
Updated: April 30, 2025, 10:21 PM IST | Mumbai
ہندوستان کو تفریح اور ٹیکنالوجی کا عالمی مرکز بنانے کی غرض سے اجلاس کا انعقاد جیو ورلڈ سینٹر میں کیا جارہا ہے، اہم شخصیات شرکت کریں گی
وزیر اعظم نریندر مودی یکم مئی سے مہاراشٹر، کیرالہ اور آندھرا پردیش کے ۲؍روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ اپنے دورے کے پہلے دن، وزیر اعظم ممبئی میں ’ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) کا افتتاح کریں گے۔ یہ سمٹ بی کے سی میں واقع جیو ورلڈ سینٹر میں یکم تا ۴؍ مئی منعقد کی جائے گی۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو بھی افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں سپراسٹار رجنی کانت، موہن لال، ہیما مالنی اور چرنجیوی جیسے سرکردہ اداکاروں کی شرکت کی توقع ہے۔
اگلے دن(۲؍ مئی کو) وہ کیرالہ کا سفر کریں گے اور وِزنجام انٹرنیشنل ڈیپ واٹر ملٹی پرپز سی پورٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ ملک کی پہلی ڈِیپ واٹر کنٹینر ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ ہے جو کہ ہندوستان کے بحری شعبے میں ترقی یافتہ ہندوستان کے متحد ویژن کے حصے کے طور پر کی جانے والی تبدیلی کی پیش رفت کی نمائندگی کرتی ہے۔ وزیر اعظم اس موقع پر عوامی سے خطاب بھی کریں گے۔اس کے بعد مودی امراؤتی میں ۵۸؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح، سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کو وقف کریں گے۔ ملک بھر میں عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور کنیکٹیویٹی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کے مطابق نریندر مودی آندھرا پردیش میں۷؍ نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ یہ پروجیکٹس سڑک کی حفاظت میں مزید اضافہ کریں گے، روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور مذہبی اور سیاحتی مقامات جیسے تروپتی، سری کالا ہستی، مالاکونڈا اور اُدے گیری قلعہ کے ساتھ ہموار رابطہ فراہم کریں گے۔