Inquilab Logo

مروڈ جنجیرہ سے علی باغ اور ممبئی کو ملانے والا’سالائو پل‘ بڑی گاڑیوں کیلئے بند

Updated: April 07, 2023, 2:24 PM IST | Siraj Shaikh | Murud-Janjira

مروڈ سے ممبئی، کلیان ،دھولیہ،بھانڈوپ، بوریولی،پونے اورتھانہ جانے والی ایس ٹی بسوں کے روٹ تبدیل، اس وجہ سےمسافروں کوزیادہ کرایہ بھی ادا کرنا پڑرہا ہے

The pillars of the bridge are being repaired.(Photo, inquilab)
پل کے ستونوں کی مرمت کی جارہی ہے ۔(تصویر،انقلاب)

محکمہ تعمیرات عامہ نے مروڈ جنجیرہ سے علی باغ اور ممبئی کو جوڑنے والا واحد کھاڑی پل کے ایک ستون کی درستگی کا کام شروع کردیا ہے جس کے سبب پل  پر سے بھاری سواریوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔بھاری سواریوں میں ایس ٹی کی بسیں بھی شامل ہیں۔ بسیں بند ہوجانے سے ہزاروں مسافروں کو سفری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مروڈ ایس ٹی ڈپو نے مروڈ سے ممبئی، کلیان دھولیہ، بھانڈوپ، بوریولی،پونا،تھانہ، جانے والی ایس ٹی بسوں کے روٹ تبدیل کردئے ہیں۔بسوں کا روٹ تبدیل ہونے سے مروڈ سے مختلف مقامات کا فاصلہ بڑھ گیا ہے جس سے مسافروں کو زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
 جب بیرسٹر عبدالرحمٰن انتولے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ تھے تو ریودنڈا شہر میں واقع دریائے کنڈلیکا پر ایک بڑا پل تعمیر گیا تھا۔ پل کی وجہ سے کاشد اور مروڈ دونوں کو کافی اہمیت حاصل ہو گئی تھی اور سیاحوں کی بڑی تعداد اس پل کا استعمال کرتی تھی۔ اس پل کی وجہ سے سیاحت میں اضافہ ہوا ہے لیکن پل کی خستہ حالی کے پیش نظر اس کی تعمیر ورمرمت کی ضرورت آپڑی ہے جس کے سبب یہ پل  بھاری سواریوں کے ساتھ ساتھ ایس ٹی بسوں کے لئے بھی بند کر دیا گیاہے ۔
  چونکہ یہ ممبئی کو جوڑنے والا ایک اہم پل ہے اور مسافروں کی ایک بڑی تعداد اس راستے سے زیادہ تر سفر کرتی ہے اس لئے مروڈ ڈپو سے ممبئی، کلیان دھولیہ ،پونے، تھانہ،بھانڈوپ اور سوارگیٹ جانے والی تمام  بسوں کوسالائو اور بھالگائوں اور روہا روٹ سے چلایا جا رہا ہے ۔ بہت سے مسافروں کو ٹکٹ کے لیے زیادہ قیمت ادا کرنی پڑرہی ہے۔ عام مسافروں کیلئے علی باغ ہیڈ کوارٹر جانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس اہم پل کی مرمت کے لیے ایک ماہ لگ سکتا ہے ۔اس مسئلہ کے بعد مختلف تنظیمیں اس روٹ پر منی بسیں چلانے کا مطالبہ کر رہی ہیں اور ساتھ ہی سالائو کھاڑی میں فیری بوٹ خدمات شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف  بھاری سواریاں اور بسیں بند ہوجانے سے یہاں سیاحت کے  بھی وقتی طورپرمتاثر ہو نے کا امکان ہے۔اس ضمن میں پرواسی سنگٹھن کے صدر  بابو سروے نے بتایا کہ  رتناگیری اور رائے گڑھ ضلع کو جوڑنے والا امبیت کا کھاڑی پل بھی ایک بڑے عرصے سے ٹریفک کیلئے بند ہے۔مسافروں اور بطور خاص معمر افراد اور اسکولی طلبہ کی سہولت کیلئے حکومت مہاراشٹر نے بطور متبادل کھاڑی میں مفت فیری بوٹ خدمات شروع کی ہے۔ اسی طرز پر ریودنڈا سالائو کھاڑی میں فیری بوٹ خدمات شروع کر نے کا مطالبہ کیاجارہا ہے ۔
منی بس شروع کر نے کا منصوبہ ہے: مہندر دلوی 
  اس سلسلے میںاس نمائندہ نےجب مقامی ایم ایل اے مہندر دلوی سے رابطہ کیا تو  انہوں نے کہا کہ پل کی بیرنگ بدلنے کا کام جاری ہے۔ اس لئے بھاری سواریوں کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے۔ عام شہریوں کو بغیر کسی دقت کے سفر کرنے کے قابل بنانے کیلئے ایس ٹی کارپوریشن جلد ہی اگلے پانچ چھ دنوں میں چھوٹی چھوٹی بسیں شروع کرے گی۔ ایم ایل اے مہندر دلوی نے کہا ہے کہ میں نے اس بارے میں سینئر حکام سے بات کی ہے اور جلد ہی چھوٹی چھوٹی بسیں شروع کی جائیں گی۔ چھوٹی بسیں شروع ہونے سے بھی عام مسافر طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ۵؍ ٹن سے زائد وزن والی سواریوں کی پل پر سے آمدو رفت بند کردی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK