Inquilab Logo

مانسون میں ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے مہم کا آغاز!

Updated: April 21, 2024, 7:43 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

شہری انتظامیہ کی جانب سے بخار اور ڈینگو جیسی بیماریوں کی بروقت روک تھام کیلئے مچھروں کی افزائش کے مقامات کی تلاشی مہم، دواؤں کا چھڑکاؤ اور پانی کی ٹنکیوں کی صفائی کی جائےگی۔

The Municipal Commissioner held a discussion with the concerned officers in a meeting yesterday. Photo: INN
میونسپل کمشنر نے گزشتہ روز متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا۔ تصویر : آئی این این

شہر ومضافات میں ایک طرف شدید گرمی سے جسم میں پانی کم ہونےسے چکر ، دست اور قے کےمریضوںکی تعداد میں اضافہ ہواہے۔ دوسری جانب بی ایم سی محکمہ صحت نے ابھی سے موسم باراں میں بخار اور ڈینگو جیسی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ اس کےتحت ۲۲؍ہزار ۵۶۸؍  پانی کی ٹینکوں سے مچھروںکو ختم کیا گیااور۶؍ہزار ۴۵؍ ٹینکوں کی جانچ باقی ہے۔ میونسپل کمشنر نےاس ضمن میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنےکاانتباہ دیا ہے۔
 واضح رہےکہ ان دنوں ممبئی سمیت ریاست کےدیگر اضلاع میں سخت گرمی پڑرہی ہے جس کی وجہ سے عوام کی صحت بگڑرہی ہے۔ ڈاکٹروں نے عوام کو دوپہر کے وقت گھر یا دفتر سے نکلتے وقت احتیاط برتنے کا مشورہ دیاہے۔
 دریں اثناء میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نےشہرومضافات میں موسم باراں کے بخار اور ڈینگو جیسی بیماریوں کی بروقت روک تھام کیلئے متعلقہ محکمہ کومستعد رہنےکی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو یہ بھی ہدایت کی ہےکہ وہ میونسپل کارپوریشن کے ساتھ مل کر مچھروں کی افزائش کے مقامات کی مشترکہ تلاشی مہم چلائیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’یہ فرنویس ہی تھے جنہوں نے کہا تھا کہ میں آدتیہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی تگ ودو کرتا ہوں‘‘

ایڈیشنل میونسپل کمشنر (ہیلتھ ) ڈاکٹرسدھاکر شندے کے مطابق شہرومضافات کے کچھ علاقے ڈینگو اور موسم باراں کے بخار کیلئے ہاٹ اسپاٹ بن سکتے ہیں۔ ان علاقوں کے توسط سے محکمانہ سطح پر وہاٹس ایپ گروپس بنائے جائیں اور محکمے کے متعلقہ نظام کو اس میں شامل کیا جائے۔‘‘ 
  بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیوآفیسر دکشہ شاہ کےمطابق ’’گزشتہ سال موسم باراں کے بخار اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے امسال مزید مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہےجس پر عمل کرنےکی کوشش جاری ہے۔‘‘
  پیسٹ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے آفیسر چیتن چوبل نے ایک پریزنٹیشن کےذریعے مچھروں کے خاتمے کیلئے لئےگئے اقدامات کی موجودہ صورتحال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ۶۷؍ مختلف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کل ۲۹؍ ہزار ۱۹؍ پانی کے ٹینک ہیں۔ ان میں سے ۲۲؍ ہزار ۵۶۸؍ پانی کے ٹینکوں میں مچھروں کے خلاف احتیاطی کارروائی کی گئی ہے جبکہ ۶؍ ہزار ۴۵۱؍واٹر ٹینکوں کی جانچ باقی ہے۔ مچھروں کی روک تھام کی مہم مزید تیزی سے چلائی جا رہی ہے۔
 پیسٹ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی کارروائیاں
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے تمام محکمہ جاتی دفاتر کو مچھروں کی روک تھام کیلئے پری مانسون کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پانی کے ٹینکوں کو مچھر کش بنانےاور چھپی ہوئی اشیاء کو باہر نکالنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
احتیاط برتنے کی اپیل
 انڈین سوسائٹی آف کریٹیکل کیئر آف میڈیسین برانچ کے سیکریٹری ڈاکٹر بھرت جگاسی کےمطابق ’’ممبئی میں درجہ حرارت دن بہ دن بڑھ رہا ہے۔ اس لئے دوپہر یا دھوپ میں باہر نکلنے والے شہریوں کو کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہےجس کی وجہ سے گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں اسہال اور قے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔بہت سے لوگ گھر سے نکلتے وقت پینے کا پانی ساتھ نہیں لے جاتے۔ ایسی صورت میں پیاس لگنے پروہ کہیں بھی پانی ، لیموں پانی یا پھلوں کا رس پیتے ہیں۔ شربت اور جوس کیلئے استعمال ہونے والا پانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کواسہال اورقے کی شکایت ہورہی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK