Inquilab Logo

پرویز مشرف کی نماز جنازہ میں اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت نہیں کی

Updated: February 08, 2023, 11:29 AM IST | Islamabad

پی ٹی آئی اورمسلم لیگ( ن) نے  دوسری صف کے لیڈروں کو بھیجا ، پاکستان پیپلز پارٹی کاکوئی لیڈر شریک نہیںہوا ۔کراچی میں نماز جنازہ ادا کی گئی

Strict security arrangements outside the funeral home. (AP/PTI)
جنازہ گاہ کے باہر سخت حفاظتی انتظامات ۔ ( اےپی/ پی ٹی آئی)

منگل کو پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کی نماز جنازہ  میں  بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے لیکن اہم سیاستداں اس میں شامل نہیں ہوئے۔ قبل ازیں پاکستانی سینیٹ میں  پر ویز مشرف کیلئے دعا کرنے  پر ہنگامہ ہوا۔  میڈیارپورٹس کے مطابق منگل کو پرویز مشرف کی نماز جنازہ کراچی میں ملیر کینٹ کے پولو گراؤنڈ میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ  ، جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی، آئی ایس آئی  کے سابق سربراہ جنرل شجاع پاشا اور ظہیر الاسلام  نیز دیگر فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی ۔ اہم  بات یہ ہے کہ پر ویز مشرف کی   نمازجنازہ میں پاکستان کے صد ر عارف علوی ، وزیر اعظم شہباز شریف ، سابق وزرائے اعظم عمران خان   اور شاہدخاقان عباسی نے بھی شرکت نہیں کی۔  ان کے جنازہ میں  سیاسی  لیڈروں میں مسلم لیگ ن کے  لیڈر امیر مقام، پاکستان تحریک انصاف کے  لیڈر فواد چودھری اور  سندھ  کے سابق گورنر عمران اسماعیل  اور دیگر نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے  خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور فروغ نسیم نے بھی شرکت کی۔ یادرہےکہ گزشتہ روز پرویز مشرف کی  لاش کو دبئی سے کراچی لایا گیا تھا جہاں طویل علالت کے بعد ان کا انتقال ہوگیا تھا ۔  یہاں یہ بات ذہن نشین رہےکہ پرویز مشرف کے والدہ دبئی میں جبکہ والد کراچی میں مدفون ہیں۔
  قبل ازیں پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کیلئے دعا مغفرت  سے انکار کر دیا۔  سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر نے ترکی اور شام میں زلزلہ سے ہلاک شدگان کیلئے دعا کر نے کا اعلان کیا۔ اس دوران   پاکستان تحرک انصاف( پی ٹی آئی ) سے تعلق رکھنے والےاپوزیشن لیڈر ڈاکٹر وسیم شہزاد پرویز مشرف کیلئے دعا  کی درخواست کی جس پر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ،’’ ترکی اور شام کیلئے دعا ہوگی مشرف کیلئے دعا نہیں ہوگی ، کیونکہ انفرادی گناہ تو معاف ہو جاتے ہیں لیکن اجتماعی گناہ معاف نہیں ہوتے۔ پرویزمشرف کے اجتماعی گناہ معاف نہیں ہوسکتے انہوں نے قوم کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ وہ قوم کاغاصب ہے، غدار ہے۔  مشرف نے دو دفعہ آئین توڑا ہے۔ عدلیہ پرشب خون مارا ہے۔ ایسےا فراد کو بعد از موت سزائیں سنائی گئی ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK