Inquilab Logo

حکومت کی نیت اور پالیسیوں سے ملک ٹوٹنے کا خدشہ

Updated: December 02, 2022, 11:59 AM IST | Ujjain

بھارت جوڑو یاترا کے متعلق پریس کانفرنس میں جے رام رمیش کی مرکزی حکومت پر سخت تنقید ، کہا کہ بھارت جوڑو یاترا ۴؍دسمبر کو راجستھان میں داخل ہوگی، راہل گاندھی ۲۶؍جنوری سے پہلے سری نگر میں قومی پرچم لہرائیں گے

Congress leader Jairam Ramesh slammed the government in a press conference. File photo
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نےپریس کانفرنس میں حکومت کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا۔فائل فوٹو

 بھارت جوڑو یاترا کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے  مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ’’ حکومت کی نیت اور پالیسیوں کی وجہ سے ملک ٹوٹنے کے دہانے پر ہے اور اسی وجہ سے راہل گاندھی کو بھارت جوڑو یاترا نکالنی پڑی ہے ۔‘‘  اس کے ساتھ ہی انہوں نے جمعرات کے روز یہ بھی بتایا کہ راہل گاندھی ۲۶؍ جنوری سے پہلے سری نگر میں قومی پرچم لہرائیں گے۔
 مدھیہ پردیش کے یاترا کیمپ کے اجین ضلع کے نظر پور میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے  دوران  جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’’مرکزی حکومت کی نیت اور پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان کے ٹوٹنے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ملک میں سماجی پولرائزیشن ہے، سیاسی آمریت ہے۔ ان کی وجہ سے ہندوستان کے ٹوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے اور اسی لیے مسٹر گاندھی یہ یاترا نکال رہے ہیں۔‘‘
 اس دوران انہوں نے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا پر بھی لفظی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کابینی وزیر بننا چاہتے تھے، اس لیے انہوں نے کانگریس چھوڑ دی۔  راہل گاندھی کی یاترا کے تناظر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو  معلومات فراہم کرتے ہوئے جے رام  رمیش نے کہا کہ یہ یاترا۴؍ دسمبر کی شام کو مدھیہ پردیش سے راجستھان جائے گی۔ یہ راجستھان میں ۵؍دسمبر سے شروع ہوگی۔۱۹؍ تاریخ کو الور میں ایک ریلی ہوگی۔ اس کے بعد یاترا ایک یا دو دن ہریانہ میں رہے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یاترا۲۴؍دسمبر کی شام تک دہلی پہنچ جائے گی۔ چار پانچ دن یاترا کا آرام رہے گا۔ یاترا میں شامل ۶۰؍کنٹینرز کو مرمت کی ضرورت ہے جس میں تین سے چار دن لگ جائیں گے۔ اس کے بعد یہ یاترا اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب سے ہوتی ہوئی جموں و کشمیر پہنچے گی۔جے رام  رمیش نے بتایا کہ ۲۶؍جنوری سے پہلے راہل  گاندھی سری نگر میں قومی پرچم لہرائیں گے۔
 قابل ذکرہےکہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ ایک دن کے آرام کے بعد جمعرات کو  اپنے نویں دن اجین ضلع سے مدھیہ پردیش میں اپنی اگلی منزل کے لئے شروع ہوئی۔راہل گاندھی کی یاترا مقامی آر ڈی میڈیکل کالج سے صبح تقریباً چھ بجے شروع ہوئی۔ یاترا کا اگلا پڑاؤ نذر پور گاؤں تھا، جہاں یاترا صبح ۱۰؍ بجے کے قریب پہنچی۔فلم اداکارہ سورا بھاسکر جمعرات کی  صبح اجین سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئیں اور راہل گاندھی کے ساتھ تقریباً ۶؍ کلو میٹر پیدل چلیں۔  آج کے دورے کے حوالے سے سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے ٹویٹ کیا کہ ودیشا ضلع کے مجاہد  آزادی  کے پوتے نوین کوٹھاری اپنے خون سے بنائی گئی پینٹنگ گاندھی کو دینے کیلئے یاترا میں قدم سے قدم  ملاکر  چل رہے ہیں۔راہل  گاندھی کی یاترا ۴؍دسمبر کو ریاست کے آگر-مالوا ضلع کے راستے راجستھان میں داخل ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK