Inquilab Logo

’’سندیش کھالی میں کوئی جنسی تشدد نہیں ہوا‘‘

Updated: May 07, 2024, 12:33 PM IST | Agency | Kolkata

ٹی ایم سی کے اسٹنگ آپریشن کے ذریعہ دعویٰ  پر بی جے پی نےسوال قائم کئے،ادھیکاری نےقانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی۔

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee while commenting on the Sandesh Khali issue termed BJP as anti-Bengal. Photo: INN
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سندیش کھالی معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو بنگال مخالف قرار دیا۔ تصویر : آئی این این

 مغربی بنگال کا سندیش کھالی معاملہ مسلسل کئی ہفتوں  سے موضوع بحث رہا۔ انتخابی ریلیوں  میں  بھی اس پر کافی کچھ کہا گیا۔ اس پر بی جے پی کی جانب سے ٹی ایم سی پر مسلسل سوالات قائم کئے گئے۔ تاہم ٹی ایم سی نے اس ضمن میں اسٹنگ آپریشن کرکے اس پورے معاملے کی ہوا نکال دی ہے۔ ۳۲؍منٹ ۴۳؍سیکنڈ کے دورانیہ کے اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے۔ 
سندیش کھالی پر ٹی ایم سی کا اسٹنگ آپریشن 
 ترنمول کانگریس نے سنیچر کو مبینہ اسٹنگ آپریشن کا ویڈیو جاری کیا۔ جس میں ایک شخص یہ قبول کررہا ہے کہ سندیش کھالی معاملے میں جنسی تشدد سمیت مختلف الزامات منصوبے کے تحت لگائے گئے تھے۔ وہاں  ایسا کچھ بھی نہیں  ہوا تھا۔ اس ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت بی جے پی سندیش کھالی بلاک ۲؍ کے صدر گنگادھر کوئل کے طور پر کی گئی ہے جنہیں   ویڈیو میں  یہ کہتے ہوئے سنا اور دیکھا گیا ہے کہ’’ سندیش کھالی میں  کوئی جنسی تشدد نہیں ہوا اور اس سازش کے پیچھے مغربی بنگال اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شوبھیندو ادھیکاری کا ہاتھ ہے۔ ‘‘ حالانکہ گنگادھر نےاس اسٹنگ آپریشن پر دعویٰ کیا ہے کہ’’ ہائی ٹیکنالوجی کے ذریعہ میری آواز کو ویڈیو میں ڈالا گیا ہے، میں  اس تعلق سے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتا ہوں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ملائیشیا: انور ابراہیم کی مغربی ممالک کی فلسطینیوں کے قتل پر دوغلے پن کی مذمت

ٹی ایم سی نے کیا کہا؟
 اس اسٹنگ آپریشن کے متعلق ٹی ایم سی لیڈر ابھیشیک بنرجی نے سنیچر کو ہی پریس کانفرنس بھی منعقد کی تھی جس میں  انہوں  نے بی جے پی پر سندیش کھالی معاملے کو انجام دینے کا الزا م لگایا ہے۔ بنرجی نے دعویٰ کیا کہ اسٹنگ آپریشن کے ویڈیو نے ٹی ایم سی کے اس رخ کی تصدیق کی ہے کہ معاملات کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ تھا۔ ابھیشیک بنرجی نے کولکاتا میں  منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’میں  نے کبھی نہیں  سوچا تھا کہ ووٹ پانے کے لئے بنگال کی سیاست کا لیول اتنا نیچے گرجائے گا۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں  کہ انتخابات سے پہلے بنگال کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ 
 مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی سنیچر کو بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے پارٹی کو’’بنگال مخالف‘‘قرار دیا اور اس پر ’’ہماری ریاست کو ہر ممکن سطح پر بدنام کرنے کی سازش‘‘کرنے کا الزام لگایا۔ ممتا بنرجی کے تبصرے سندیش کھالی واقعہ پر ترنمول کانگریس کی طرف سے جاری کئے گئے مبینہ اسٹنگ آپریشن ویڈیو کے رد عمل میں آئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں جو کچھ بھی ہوا وہ مبینہ طور پر مغربی بنگال کے اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری کی طرف سے ’’منظم‘‘کیا گیا تھا۔ ممتا نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کے اندر `سڑاند اور گندگی کتنی گہری ہے۔ ممتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم `ایکس پر لکھا، ’’چونکا دینے والا سندیش کھالی اسٹنگ دکھاتا ہے کہ بی جے پی کے اندر کتنی گہری سڑاند ہے۔ ‘‘’بنگال کی ترقی پسند سوچ اور ثقافت سے نفرت میں بنگلا مخالفین نے ہماری ریاست کو ہر ممکن سطح پر بدنام کرنے کی سازش کی۔ ‘‘ممتا نے الزام لگایا کہ ہندوستان کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی دہلی کی کسی حکمران جماعت نے پوری ریاست اور اس کے عوام کو بدنام کرنے کی کوشش نہیں کی اور یہ پیشنگوئی کی کہ ’’تاریخ اس بات کی گواہی دے گی کہ ’’دہلی کی سازشی حکمرانی کے خلاف بنگال غصے میں اٹھے گا‘‘ ان کے ’’بشورجن (وسرجن)‘‘ کو یقینی بنائے گا۔ ‘‘
بی جے پی نے اسٹنگ آپریشن پر سوال قائم کئے
  بی جے پی نے اس اسٹنگ آپریشن کے ویڈیو کو فرضی قرار دیتے ہوئے الزامات سے انکار کیا ہے۔ سویندو ادھیکاری نے اتوار کے دن ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ’’چھیڑچھاڑ کرکے تیار کئے گئے فرضی ویڈیو کو جاری کرنے سے ٹی ایم سی الزامات سے بری نہیں  ہوگی۔ ‘‘ ادھیکاری نے کہا کہ ’’پورا ملک سندیش کھالی کے معاملے کو جانتا ہے۔ وہاں  خواتین نے سیکڑوں شکایات درج کروائی ہیں۔ ‘‘ ادھیکاری نے یہ بھی کہا کہ ’’وہ مبینہ اسٹنگ آپریشن میں  اپنا اور کائل کا نام گھسیٹنے کے معاملے میں ٹی ایم سی کے خلاف ہائیکورٹ جائیں  گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK