Inquilab Logo

امسال بھی بھساول ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کیلئے مفت سحری کا انتظام

Updated: March 24, 2023, 9:56 AM IST | Qureshi Sarjil | jalgaon

گزشتہ۳؍ سال سے’العمران گروپ‘ یہ کار خیرانجام دےرہا ہے ، گروپ کے تین افراد ٹرک ڈرائیور ہیںجنہیںدوران سفر سحری کیلئے مشکلات کودیکھتے ہوئے اس کام کا خیال آیا

Members of Al-Omran Group during their preparations at Bhasawal Railway Station
العمران گروپ کے اراکین بھساول ریلوے ا سٹیشن پر اپنی تیاریوں کےد وران

یلوے جنکشن کیلئے مشہور بھساول ریلوے اسٹیشن پر ریل سے سفر کررہے مسافروں کیلئے اوردور دراز سے اسٹیشن پہنچنے والے افراد کیلئے مقامی نوجوانوں کی جانب سے مفت سحری کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ہر سال کی طرح اس سال بھی پورے مہینے یہ کارخیر’ العمران گروپ‘ کی جانب سے جاری رہے گا ۔ واضح رہے کہ مبارک ماہ رمضان میں  ۲۰۱۹ء سے بھساول ریلوے اسٹیشن پر سحری کا انتظام ہوتا آرہا ہے ۔
 تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز سے ایک تا دو روز قبل سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام اور رابطہ نمبر مسافروں اور عوام تک پہنچایا جاتا ہے ۔دئیے گئے رابطہ کی مدد سے مسافر ٹرین اور بوگی نمبر کی تفصیلات العمران گروپ کے اراکین کوفراہم کرتے ہیں۔جب متعلقہ مسافر کی گاڑی بھساول ریلوے جنکشن پر پہنچتی ہے، اس سے پہلے رضا کار ہاتھوں میں سحری کا پیکٹ لیے ہوئے کھڑے مسافر کی آمد کا انتظار کرتے ہیں اور ٹرین کے پہنچتے ہی بوگی تک پہنچ جاتے ہیں۔چند منٹوں کیلئے رُکنے والی ٹرین میں مسافروںکوبر وقت سحری دستیاب ہو جاتی ہے۔بھساول ریلوے جنکشن کے ایک تا ۸؍پلیٹ فارم پر رضا کار ہاتھوں میں سحری کا پیکٹ لئے آواز لگاکر مسافروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں ۔ سحری  کےپیکٹ میں مسافروں کو ایک سبزی (مکس سبزی ،مٹر پنیر ،پالک پنیر وغیرہ ) ،مانڈہ یا روٹی ، چاول ،کیلا ،کھجور، پانی کی بوتلیں دی جاتی ہیں۔
 اس سلسلے میں  العمران گروپ کے ذمہ دار شریف پنجاری نے انقلاب کو بتایا’’مسافروں کیلئے مفت سحری کے اس انتظام کیلئے کسی سے کوئی مالی مدد نہیں لی جاتی  ۔ہم پانچ  ساتھی ہر سال مفت سحری کے انتظام کا پورا خرچ اٹھاتے ہیں۔‘‘ایک سوال کے جواب میں پنجاری نے بتایا کہ جب انہوں نے ۲۰۱۹ء میں اس پروگرام  کاتجرباتی طور پر آغاز کیا تھا۔ تب کم و بیش ایک تا ڈیڑھ لاکھ روپئے پورے مہینے کیلئے خرچ آیا تھا۔ہر سال یہ بجٹ بڑھتا گیا اور اس سال کم و بیش ۵؍لاکھ روپئے تک کا بجٹ ہے ۔ریلوے اسٹیشن اور اسٹیشن کے احاطے میں مفت سحری کے پیکٹ کی تقسیم کیلئے ۵۰ سے زائد نوجوان رضا کارانہ طور پر اپنی خدمت انجام دیتے ہیں ۔جب انقلاب نے یہ جاننے کی کوشش کی اس کار خیر کا خیال کس طرح آیا،تو شریف پنجاری  نے بتایا کہ پانچ ذمہ داران میں سے وہ اور دیگر دو اس طرح تین افراد پیشہ سے مال بردار ٹرکوں کے ڈرائیور ہیں، جب وہ سفر پر ہوتے تھے انہیں سحری کیلئے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ان دشواریوں کو دیکھتے ہوئے شریف پنجاری کے ساتھ ان کےساتھیوں نے تجرباتی طور پر اس پروگرام کو عمل میں لایا ۔تب سے یہ جاری ہے ، صرف کوروناکے دو برسوں میں یہ کارخیر بند رہا ۔

bhusawal Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK