Inquilab Logo

آئین اور جمہوریت میں یقین رکھنے والوں کو متحد ہونا ہوگا

Updated: May 17, 2023, 10:19 AM IST | saeed Ahmed

بھگت سنگھ جن ادھیکاریاتر ا کے ذریعے لوگوں کو بیدار کرنے کی کوشش۔ملک کے موجودہ حالات میںاپنی ذمہ داری اداکرنے اورمجاہدین آزادی کے خوابوں کوشرمندۂ تعبیر کرنے کا پیغام

Efforts are being made to sensitize people about their rights through Bhagat Singh Jan Adhikar Yatra in Mankhurd and Govandi.
مانخورد اورگوونڈی میںبھگت سنگھ جن ادھیکار یاتراکے ذریعے لوگوں کو ان کے حقوق کےتئیںبیدار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے

ہمیںاُس ہندوستان کوبنانے کی ضرورت ہے جس میںہرایک کواس کے آئینی حقوق ملیں ، تشدد ،نفرت ، اشتعال انگیزی ،بدعنوانی ،بے روزگاری اوراونچ نیچ کی تفریق ختم ہو۔ ہر ہندوستانی فخر سے باعزت زندگی گزارسکے ۔یہی بھگت سنگھ ، راج گرواورسکھ دیو وغیرہ کاخواب تھا۔ ہمیں مل جل کراس خواب کوشرمندۂ تعبیر کرنا ہوگا۔بھگت سنگھ جن ادھیکار یاترا نامی تنظیم کے ذریعے جاری بیداری مہم میں حصہ لینے والے مقررین نے مذکورہ بالا اظہارخیال کیا۔مانخورد ساٹھے نگر میں اور ڈاکٹرذاکرحسین نگر میں پیر اورمنگل کی شام کولوگوں کویاترا سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ۔ یہ بیداری مہم ۲۰؍مئی تک جاری رہے گی ا ور ۲۱؍مئی کوپونے میںریاستی سطح پربڑا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
چند پونجی پتیوں کے ہاتھوں میںدولت نہ سمٹ جائے 
 نوجوان بھارت سبھا نامی تنظیم کے رکن اورجن ادھیکار یاترا میںپیش پیش رہنے والے راہل سابلے نے کہاکہ’’ آج دیش کی جو حالت ہے ، اس لئے مجاہدین آزادی نے اپنی جانوں کا نذرانہ نہیںپیش کیا تھا۔بھگت سنگھ نے اپنی جان کی پروا کئے بغیرجس ہندوستان کا خواب دیکھا تھا ،آج کا ہندوستان اس سے بالکل مختلف ہے۔انہوںنےیہ سوچ کرپھانسی کا پھندہ چوما تھا کہ دیش آزاد ہوگا تو دیش واسی آزادملک کی فضا میںسانس لیں گے اوران کوتمام حقوق حاصل ہوںگے لیکن آج صورتحال بالکل مختلف ہے۔ اسی لئے لوگو ںکوبیدا رکرنے کی غرض سے یاترا کے ذریعے بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’لوگو ں کو یہ بتایا جارہا ہے کہ ان کے حقوق کیا ہیں، آئین کی اہمیت کیا ہے اور آئین نےان کے حقوق کی ضمانت دی ہے۔ اس لئے وہ اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے بیدار ہوں ۔‘‘راہل سابلے نے یہ بھی کہاکہ ’’ آج نوجوان بے روزگارہے، ملک کی دولت چند کارپوریٹ گھرانوں میںسمٹ گئی ہے ، حکومت کی غلط اورناقص پالیسی کے سب غریب اور غریب اورامیر اور امیر ہورہا ہے۔ا س سسٹم کے ذریعے بھی غریبوں کا حق چھینا جارہا ہے۔ ہمیںاس کے خلاف متحد ہوکرلڑائی لڑنی ہوگی۔‘‘
 استری مکتی لیگ نامی تنظیم کی ذمہ دار ڈاکٹر پوجا نے کہاکہ ’’ حالات کو بدلنے کے لئے سماج کے ہرشخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا رول ادا کرے ۔ اسی ذہن کے ساتھ بھگت سنگھ کے نظریات اوران کی قربانی اوران کے خوابوں کا ہندوستان بنانے کے لئے ہم سب کوشاں ہیں۔ گلی ،محلہ ،ناکے پر، جھوپڑپٹیوں میںاورہر اس شخص تک جو آئین اورجمہوریت میںیقین رکھتا ہے ، یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ یہ محسوس کرے کہ آج دیش کی کیا حالت ہوگئی ہے۔کس طرح مجاہدین آزادی کے خوابوں کاہندوستان بکھررہا ہے۔ ‘‘ 
وہ کون سا سسٹم ہے کہ غریب اورغریب اورامیراورامیر ہورہا ہے 
   ببن ٹھوکے نے کہاکہ ’’ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بھگت سنگھ ا وردیگر مجاہدین آزادی کے خوابوں کوشرمندۂ تعبیر کریں ،یہی ان کوسچا خراج عقیدت ہوگا۔ مجاہدین آزادی نے اپنی جانوں کانذرانہ اس لئے پیش کیا تھا کہ ملک آزاد اورملک میںرہنے والےبے خوف ،باعزت اورپیار ومحبت کے ساتھ زندگی گزارسکیں اور ہمارا دیش دنیا میںمثالی دیش کہلائے۔ لیکن آج کے حالات دیکھ کرافسوس ہوتا ہے۔ دیش میںغریبوں کی تعداد روز بڑھ رہی ہے اور امیروں کی دولت ہرگھنٹے بڑھ رہی ہے،آخر یہ کون سا سسٹم ہے جہاں ایک جانب دولت کی ریل پیل ہے اور دوسری جانب غریب روٹی کے لئے ترس رہا ہے۔ اس لئے اس سسٹم کو بدلنے کے لئے ہم سب کو مل جل کرکا م کرنا ہوگا ،تبھی حالات بدلیںگے۔‘‘ 

democracy Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK